Inquilab Logo

بھوجپوری گلوکارہ نیہا سنگھ راٹھور کو’ یوپی میں کا با‘ گانے کیلئے پولیس کا نوٹس

Updated: February 22, 2023, 11:02 PM IST | Lucknow

۳؍ دن میں جواب طلب ،نیہا سنگھ نے حال ہی میں کانپور میں ماں بیٹی کے زندہ جلادئیے جانے کے موضوع پر اپنے مشہور گانے کا سیزن ۲؍ ریلیز کیا ہے

Singer Neha Singh in her latest video
گلوکارہ نیہا سنگھ اپنے تازہ ویڈیو میں

یوپی پولیس نے’ یوپی میں کا با‘ گیت گانے والی مشہور بھوجپوری گلوکارہ نیہا سنگھ راٹھور کوایک نوٹس سونپا ہے۔ اس  نوٹس میں ان پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے مشہور ویڈیو گیت  کے سیزن ۲؍ کے ذریعے سماج میں بدامنی پھیلانے کا کام کیا ہے۔ اس پر نیہا کو ۳؍ دن کے اندر جواب دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔ یاد رہے کہ نیہا سنگھ نےحال ہی میں کانپور میں ماں بیٹی کو زندہ جلادئیے جانے کے  واقعہ کو موضوع  بنا کر گانا گایا  ہے۔ اس نوٹس میں ان سے سات سوالات پوچھے گئے ہیں جن کی وضاحت تین دن میں دینے کو کہا گیا ہے۔اگر جواب تسلی بخش نہیں  پایا گیا تو  آئی پی سی اور سی آر پی سی کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا۔ گلوکارہ  نیہا سنگھ راٹھور نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ اور یوٹیوب چینل پر یہ نوٹس دینے کا ویڈیو شیئر کیا اور یوپی پولیس پر شدید تنقید کی ہے۔ 
 نیوز پورٹل ’آج تک ‘ پر شائع خبر کے مطابق ویڈیو میں نیہا سنگھ   اور پولیس اہلکاروں کے درمیان تلخ گفتگو ہو رہی ہے ۔ پولیس انہیں نوٹس کا مواد پڑھ کر سنارہی ہے۔ جس کے بعدنیہا سنگھ نوٹس قبول کرلیتی ہیں ۔  نوٹس میں ان سے سوال  کئے گئے ہیں کہ ویڈیو میں آپ خود ہیں یا نہیں؟ نیہا سنگھ راٹھور چینل اور ٹویٹر اکاؤنٹ آپ کے ہیں یا نہیں؟ ویڈیو میں استعمال کئے گئے گانے کے الفاظ آپ نے خود لکھے ہیں یا کسی اور نے لکھے ہیں؟ کیا آپ مذکورہ گیت سے پیدا ہونے والے جذبات  اور اس سے معاشرے پر پڑنے والے اثرات سے واقف ہیں یا نہیں؟ نوٹس کے آخر میں لکھا ہے کہ آپ کے گانے کی وجہ سے معاشرے میں انتشار اور تناؤ کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ اس لئے آپ کے لئے مذکورہ ویڈیو کی وضاحت کرنا ضروری ہے۔ نوٹس کے آخر میں اکبر پور( کانپور دیہات) کے انچارج انسپکٹر پرمود کمار شکلا کی مہرلگی ہوئی  ہے۔
    اس نوٹس پر نیہا نے کہا کہ اس گانےکے بعد ’ انہیں‘  بہت ہی تیز مرچی لگی ہے۔میں ایک لوک گلوکارہ ہوں اور عام لوگوں کی بات کرتی ہوں، اگر یوپی میں بی جے پی کی حکومت ہے تو میں ایس پی سے سوال نہیں کروں گی۔ ادھر اس معاملے میں سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے نیہا سنگھ کی حمایت کی ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK