Inquilab Logo

کشمیری پنڈتوں پر سیاست تیز، بی جے پی کی عام آدمی پارٹی پر تنقید، سیاسی روٹی سینکنے کاالزام عائد کیا

Updated: June 07, 2022, 9:41 AM IST | new Delhi

مرکزی وزیرانوراگ ٹھاکر نے دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال پر جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی معاملہ ہو،انہیں صرف سیاست کرنی آتی ہے، ان میں موضوعات اور ملک کے مفاد کو سمجھنے کا شعور نہیں ہے

Kashmiri Pandits protest in Srinagar against targeted killings (Photo: PTI)
ٹارگیٹ کلنگ کے خلاف سری نگر میں کشمیری پنڈتوں کااحتجاج (تصویر: پی ٹی آئی)

 ان دنوں کشمیری پنڈتوں پر سیاست تیز ہوگئی ہے۔ دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال اور مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے کے ذریعہ مرکزی حکومت اور بی جے پی کو آڑے ہاتھوں لینے کے بعد اب بی جے پی نے جوابی حملہ کیا ہے۔ ہر موضوع پر سیاست کرنے اور پولرائزیشن کی سیاست میں یقین رکھنے والی بی جے پی نے عام آدمی پارٹی اور دیگر جماعتوں کو کشمیری پنڈتوں کے موضوع پر سیاست کرنے اور سیاسی روٹی سینکنے کا الزام عائد کیا ۔بی جے پی کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر انوراگ سنگھ ٹھاکر نے کیجریوال کے بیان کی مذمت کی اور الزام عائد کیا کہ  دہلی کے وزیراعلیٰ کشمیر کی دہشت گردی اور علاحد گی پسندی سے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
 انوراگ ٹھاکر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  کیجریوال کو صرف سیاست کرنی آتی ہے، انہیں موضوعات کی  اور ملک کے مفاد کی سمجھ نہیں ہے۔ انتہائی سنجیدہ موضوع بھی ان کیلئے صرف سیاست کرنے کا موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جبکہ پورا ملک ہندوستان کا لازمی حصہ جموںکشمیر کے ساتھ کندھے سے کندھاملاکرکھڑا ہے اور دہشت گردی کے واقعات کی ایک آواز میں مذمت کر رہا ہے، کیجریوال کے منہ سے دہشت گردوں اور علاحدگی پسندوں کی مذمت کیلئے ایک لفظ بھی نہیں نکل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو فوج کی بہادری پر سوال اٹھاتا ہے، اقتدارکیلئے خالصتانیوں اور ملک مخالف طاقتوں سے ہاتھ ملا لیتا ہے  وہ بھلا کس منہ سے دہشت گردوں کی مذمت کرے گا۔ اسی کے ساتھ انہوں نے انوراگ ٹھاکر نے اپنے ہی ہاتھوں اپنی پیٹھ بھی تھپتھپائی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے جموںکشمیر کیلئے جتنا ان۸؍ برسوں میں کام کیا، اتنا ملک کی کوئی بھی حکومت  آج تک نہیں کرسکی۔ جموںکشمیر کیلئے ناسوربنے دفعہ ۳۷۰؍ کا خاتمہ کرکےکشمیریوں کیلئے ترقی اور مساوات کے دروازے کھولے۔ مودی حکومت نے دہشت گردی کا خاتمہ بھی کیا۔
  دریں اثنا پارلیمانی وفد کے چیئرمین ڈاکٹر ستی پال سنگھ نے یقینی دہانی کرائی کہ ٹارگیٹ کلنگ میں ملوث لوگوں کے منصوبوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نےان باتوں کا اظہار نے گل مرگ میں کیا۔اسی کے ساتھ یہ دعویٰ بھی کیاکہ کشمیر میں تعمیر  وترقی کے کاموں میں تیزی آئی ہے اور ماحول بھی پُر امن ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK