Inquilab Logo

کشمیری پنڈت کے قتل کے بعد جموں کشمیر میں شدید احتجاج

Updated: February 28, 2023, 3:50 PM IST | Srinagar

سنجے شرما کی آخری رسوم میں بڑی تعداد میں عوام کی شرکت، اے ڈی جی پی نے دورہ کیا اور سیکوریٹی صورتحال کا جائزہ لیا، محبوبہ مفتی نے کہا: اس قتل پر ہم سب شرمندہ ہیں

All parties protest to stop `target killing` in Jammu and Kashmir (Photo: PTI)
جموں کشمیر میں ’ٹارگیٹ کلنگ‘ کو روکنے کیلئے تمام جماعتوں نے مظاہرہ کیا (تصویر: پی ٹی آئی)

 مرکزی حکومت کے تمام تر دعوؤں کے باوجود جموں کشمیر میں دہشت گردانہ کارروائیاں رکنے کا نام نہیں لے رہی ہیں۔ کچھ دنوں کے وقفے کے بعد ایک بار پھر ایک کشمیری پنڈت سنجے شرما کا قتل کردیا گیا، جس کی وجہ سے پورے خطے میں غم و غصے کی لہر پائی جارہی ہے۔ اس قتل کی بلا لحاظ مذہب و ملت پوری ریاست نے مذمت کی ہے اور پیر کو ریاست گیر پیمانے پر سڑکوں پر اُترکر احتجاج بھی کیا ہے۔ پی ڈی پی سربراہ محبوبہ مفتی نے اس قتل  پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کی وجہ سے ہم سب شرمند ہ ہیں۔   
 اطلاعات کے مطابق جموںکشمیر کے بیشتر اضلاع میں مختلف سیاسی پارٹیوں اور عوام نے کشمیری پنڈت کی ہلاکت کے خلاف احتجاج کیا۔مظاہرین نے اس موقع پر کہاکہ پلوامہ میں کشمیری پنڈت کی ہلاکت میں ملوث خاطیوں کو جلدا زجلد کیفر کردار تک پہنچانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس قتل میں جو بھی شامل ہے،اس  نے ایک غریب کنبے کے واحد کفیل کا قتل کیا لہٰذا اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
 تفصیلات کے مطابق سنجے شرما کی آخری رسومات ان کے آبائی علاقے میں انجام دے دی گئیں۔ اس موقع پر ریاست کے سینئر پولیس افسروں کے علاوہ مقامی مسلمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق مقامی لوگوں کو سنجے شرما کے گھر آتےجاتے ہوئے اور وہاں موجود سوگواروں کی ڈھارس بندھاتے ہوئے دیکھا گیا۔دریں اثناایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس کشمیر (اے ڈی جی پی) وجے کمار نے پیر کو پلوامہ کا دورہ کیا اور وہاں ایک تفصیلی سلامتی جائزہ میٹنگ کا انعقاد بھی کیا جس میں پولیس اور فوج کے اعلیٰ افسروں نے شرکت کی۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ اس میٹنگ میں فوج کے سیکٹر کمانڈر، ڈی آئی جی پولیس، ڈی آئی جی سی آر پی ایف، ایس ایس پی پلوامہ، فوج کے سی او اور سی آر پی ایف کے کمانڈنٹوں نے شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ اس موقع پر اے ڈی جی پی کو ضلع کی  سیکوریٹی صورتحال کی جانکاری فراہم کی گئی۔
 ریاست کی اہم سیاسی جماعت پی ڈی پی کی سربراہ اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے خطے میں سیکوریٹی انتظامات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ  سنجے شرما کے قتل پر ہم سب کشمیری شرمندہ ہیں۔انہوں نے سرکار سے مہلوک کی اہلیہ کو سرکاری نوکری فراہم کرنے کی اپیل بھی کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ’’جس بے دردی سے سنجے شرما کو قتل کیا گیا ہے، ہم سب بالخصوص کشمیری مسلمان شرمندہ ہیں۔‘‘انہوں نے کہا کہ ’’ہم وہی مسلمان ہیں جب ملک میں دنگے فساد چل رہے تھے تو یہاں کے مسلمانوں اور سکھوں نے پنڈتوں کو بچایا تھا لیکن آج یہاں مسلمان خود مصیبت میں ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ بتایا جا رہا ہے کہ ریاست میں جنگجوئیت کو ختم کردیا گیا ہے، ایسے میں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ اس کو کس نے مارا؟ انہوں نے سوال کیا کہ پھر سرکار کیا کر رہی ہے؟
 خیال رہےکہ اچھن گاؤں میں اتوار کو مشتبہ جنگجوؤں نے  ایک کشمیری پنڈت کو گولیوں سے شدید زخمی کر دیا۔انہیں زخمی حالت میں اسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ  دم توڑ گئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK