سنجے شرما کی موت پر مقامی مسلمان برہم ، پولیس نے صفائی دی کہ اکتوبر کے بعد کسی پنڈت پر یہ پہلا حملہ ہے
کشمیر میں دفعہ ۳۷۰؍ کی منسوخی اور اس کی ریاستی حیثیت ختم کئے جانے کے بعد سیکوریٹی کی صورتحال میں بہتری اور کشمیری پنڈتوں کو تحفظ فراہم کرنے کے مودی حکومت کے دعوؤں کے برخلاف اتوار کو پھر مشتبہ جنگجوؤں نے ایک کشمیری پنڈت کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ یہ حملہ اتوار کی صبح پلوامہ کے اچھن گاؤں میں ہوا۔ حملہ آوروں نے سیکوریٹی گارڈ کے طور پر نوکری کرنے والے سنجے شرما پر فائرنگ کی جس میں وہ جگہ پر ہی فوت ہوگیا۔
اس ہلاکت کے خلاف مقامی افراد نے سڑکوں پر آکر احتجاج اور خاطیوں کو جلدازجلد انجام تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین میں مسلمانوں کی اکثریت تھی جو کشمیریت کو بچاو، اسلام کو بچاو اور خونِ ناحق بہانا بند کرو کے نعرے لگا رہے تھے۔