Inquilab Logo

بہارمیں فرقہ وارانہ تشدد پر سیاست عروج پر

Updated: April 02, 2023, 1:09 AM IST | patna

وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کہا کہ’’ سہسرام اور بہار شریف میں جو ہوا وہ فطری نہیں ہے، ضرور کچھ گڑبڑ ہے۔‘‘ وزیر داخلہ امیت شاہ کا دورہ ملتوی ،بی جے پی چراغ پا

Bihar BJP leaders coming out after meeting the state governor.
بہار بی جے پی کے لیڈران ریاست کے گورنر سے ملاقات کے بعد باہر آتے ہوئے۔

رام نومی کے موقع پر بہار کے متعدد اضلاع میںشوبھا یاتراکے دوران ہونے الے فرقہ وارانہ تشدد پر اب سیاست تیز ہو گئی ہے۔ اس تشدد میں مدارس اور مساجد کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا گیا  ،دکانوں میں آگ لگائی اور سامان  لوٹا گیا۔ ان وارداتوں میں کئی افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ بہار شریف اور سہسرام میں ہونے والی ان وارداتوں کی وجہ سے علاقے میں سخت کشیدگی ہے اور اسی وجہ سے مرکزی وزیر داخلہ  امیت شاہ کا سہسرام دورہ ملتوی ہو گیا ہے۔ ا س سے بی جے پی سخت چراغ پا ہے۔
   دوسری طرف وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بہار کے مختلف مقامات پر رونما ہونے والے پرتشدد واقعات کو نہایت  افسو سناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’جو کچھ ہوا ہے وہ فطری محسوس نہیں ہو رہا ہے۔ سب کچھ منصوبہ بند لگ رہا ہے۔اس لئے تفصیلی جانچ کی ضرورت ہے۔‘‘  انہوں نے یہاں ایک تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سہسرام ​​اور بہار شریف میں جو واقعات ہوئے ہیں  وہ انتہائی افسوسناک  ہیں اور یقیناً اس میں کسی نے گڑبڑ کی  ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے حکام کو ہدایت دی ہے کہ  معلوم کریں کہ کس نے گڑبڑ کی ہے؟ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جیسے ہی پرتشدد واقعات کےرونما ہونے کے بارے میں معلوم ہوا، فوری طور سے اس پر قابو پالیا گیا۔ ہم نے افسران  سے کہا ہے کہ وہ گڑ بڑی کرنے والوں کا پتہ لگائیں اور ان کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ نتیش کے  مطابق پہلے ایسے واقعات نہیں ہوتے تھے لیکن اب لگ رہا ہے کہ ان واقعات کو جان بوجھ کر انجام دیا گیا ہے۔ کوئی جان بوجھ کر اس قسم کا کام کر رہا ہے لیکن ہماری  حکومت ہر چیز کے  لئے پوری طرح الرٹ ہے۔ وزیر اعلیٰ نے رام نومی کے جلوس کے تعلق سے کہا کہ سالہا سال سے یہ سب پرامن ڈھنگ سے ہوتا رہا ہے ، کبھی کوئی گڑبڑ نہیں ہوئی، تھوڑا بہت ادھر ادھر ہوتا تھااور جیسے ہی کچھ ہوتا تھا تو فوری طور پر ایکشن بھی لیا جاتاتھا لیکن اس بار معاملہ بہت بڑھ گیا ۔اسے ہر پہلو سے دیکھنے کی ضرورت ہے۔  
 یاد رہے کہ رام نومی کے موقع پر بہار کے روہتاس ضلع کے صدر مقام سہسرام  میں جمعرات کو دوفرقو ں میں جھڑپ ہوئی تھی۔ اس دوران سنگ باری اور فائرنگ کے بھی واقعات رونماہوئے۔ کئی جگہوں پر آگ لگادی گئی۔ یہ وارداتیں دوسرے دن بھی جاری رہیںلیکن اب پولیس نے ان پر قابو پالیا ہے۔ اس وقت پورے علاقے میں دفعہ ۱۴۴؍ نافذ کردی گئی ہے جبکہ مشتبہ افراد کی شناخت اور گرفتاریوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ اب تک ۴۵؍ افراد کو حراست میں لیا جاچکا ہے۔  
  واضح ہوکہ سہسرام میں۲؍ اپریل کو وزیرداخلہ امیت شاہ کا پروگرام  تھا۔ وہاں حالات بگڑنے کے بعد دفعہ ۱۴۴؍ نافذ کردی گئی جس کے بعد امیت شاہ کا سہسرام دورہ رد ہوگیا۔ اسی طرح وزیراعلیٰ نتیش کمار کےآبائی ضلع نالندہ کے ہیڈکوارٹر بہار شریف میں جمعہ کو جلوس میں شامل شرپسندوں نے اقلیتی فرقہ کی متعدد مکانوںاور دکانوں کے ساتھ ہی تاریخی مدرسہ عزیزیہ اور مسجد کو بھی نقصان پہنچایا ۔
  دوسری طرف اس معاملے میں سیاسی فائدہ اٹھانے کے لئے پرتول رہی  بہار بی جے پی کے صدرسمراٹ چودھری نے میڈیا کو بتایا کہ سہسرام میں دفعہ ۱۴۴؍ نافذ ہونے کے سبب امیت شاہ کا دورہ رد ہوگیا ہے۔ انہوں نے اس کے لئے ریاستی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نظم ونسق کو سنبھالنے میں ناکام ہے اس لئے یہ سب ہو رہا ہے۔  ہم نے اس سلسلے میں گورنر سے بھی ملاقات کی ہے۔ 

bihar Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK