Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’عوام کو اب احتجاج کیلئے اٹھ کھڑے ہونا چاہئے‘‘

Updated: August 23, 2026, 10:22 AM IST | Aurangabad

پرکاش امبیڈکر نے کہا’’ تہواروں کے قریب آتے ہی شکر کے داموں میں اضافہ کرکے عوام کے منہ سے مٹھاس چھینی جا رہی ہے ‘‘

Prakash Ambedkar addressing a press conference. Photo: Agency
پرکاش امبیڈکر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے۔ تصویر : ایجنسی

ونچت بہوجن اگھاڑی کے صدر پرکاش امبیڈکر نے کہا ہے کہ شکر کے بڑھتے داموں کے خلاف عوام کو اٹھ کھڑے ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو تمام وزاء اور اراکین اسمبلی کی رہائش گاہ کے باہر احتجاج کرنا چاہئے۔ پرکاش امبیڈکر اورنگ آباد میں واقع صوبے دار گیسٹ ہائوس میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ 
پرکاش امبیڈکر نے پریس کانفرنس میں شکر کے دام میں اضافے کو ایتھنال کی تیاری میں شکرکے استعمال کا نتیجہ قرار دیا اور اس اس اضافے کی وجہ سے آئندہ تہواروں میں عوام کو ہونے والی پریشانی کا تذکرہ کرتے ہوئے حکومت کو ہدف تنقید بنایا۔ پرکاش امبیڈکر نے کہا کہ ہندوستان پہلے شکر کی پیداوار کے معاملے میں سرپلس ملک تھا اور شکر برآمد کی جاتی تھی لیکن حکومت کی جانب سے منصوبہ بندی کے فقدان کی وجہ سے شکر اور گڑ کو بڑی مقدار میں ایتھنال کی پیداوار میں لگا دیا گیا۔ اس کی وجہ سے ہندوستان کو اس سال بڑی مقدار میں شکر درآمد کرنی پڑ رہی ہے جس کا براہ راست اثر شکر کی قیمت پر پڑ رہا ہے۔ 
انہوں نے کہا’’ آج شکر کی قیمت ۱۰۰؍ روپے ہے۔ یہ قیمت اگلے ۱۰ ۱۔ ۱۲؍ دنوں میں ۸۰؍ تا ۱۰۰؍ روپے تک جا سکتی ہے۔ ملک میں ایسی صورت حال پیدا ہو گئی ہے کہ اب مودک( ایک مٹھائی) میٹھے کے بجائے کڑوے ہوجائیں گے۔ امبیڈکر نے یہ بھی کہا کہ نوراتری اور دیوالی جیسے تہوار قریب آتے ہی شکر کی قیمتوں میں اضافے سے عام آدمی کے تہواروں کی مٹھاس چھینی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں شکر کی پیداوار میں مہاراشٹر کا بڑا حصہ ہے۔ اس پس منظر میں امبیڈکر نے یہ بھی الزام لگایا کہ شکر کے داموں میں اضافے کاکچھ تاجر فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خام چینی اور گڑ کو ایتھنال کی پیداوار کیلئے استعمال کرنے کی وجہ سےملک میں شکر کی قلت پیدا ہوئی ہے۔ 
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مہنگائی پر قابو پانے کیلئے احتجاج کریں۔ امبیڈکر نے کہا کہ عوام کو چاہئے کہ وہ ضلع صدور، پنچایت سمیتی کے ارا کین، ضلع پریشد اراکین، میونسپل کارپوریشن اور میونسپل کونسل کے اراکین کے علاوہ برسراقتدار پارٹیوں کے اراکین اسمبلی اور اراکین پارلیمان کے گھروں کے سامنے احتجاج کریں۔ انہوں نے کہا کہ ’’عوام اس تحریک کو اپنے ہاتھ میں لے لیں، عوام سڑکوں پر نکلیں گے تو شکرمیں مٹھاس باقی رہے گی، ورنہ کڑواہٹ سب کو برداشت کرنی پڑے گی۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ’’ یہ ایک وسیع تحریک ہے، اگر لوگ اسے شروع کرتے ہیں، تو ہم ان کے ساتھ ہوں گے۔ لوگوں کو چاہئے کہ ترنگا ہاتھ میں لے کر حکومت کی پالیسیوں کے خلاف عوامی نمائندوں کے گھروں کے سامنے احتجاج کر یں۔ پرکاش امبیڈکر نے کہا ’’ یہ ایک آمر کی حکومت ہے اور آمر کسی سیاسی پارٹی یا لیڈر سے نہیں ڈرتا، وہ عوام سے ڈرتا ہے، یہ جنتر منتر تحریک سے معلوم ہو گیا ہے۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ امن و امان برقرار رکھنے کی ذمہ داری عوام پر عائد ہوتی ہے عوام مالک ہیں اس لئے امن و امان کے نفاذ کی ذمہ داری عوام پر عائد ہوتی ہے پولیس کی نہیں۔ پولیس عوام کی خادم ہے۔ 
 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK