Inquilab Logo Happiest Places to Work

’پروفیٹ فار آل‘ مہم کی تیاریاں شروع، اسلام جمخانہ میں میٹنگ

Updated: July 31, 2026, 12:53 PM IST | Mumbai

کمیٹی کے ذمہ داران نے سیرت النبیؐ سے برادران وطن کو متعارف کرانےکیلئے دیگر اداروں سےبھی آگے آنے کی اپیل کی۔

Participants of a meeting held at Islam Gymkhana regarding the ‘Prophet for All’ campaign. Photo: INN
’پروفیٹ فار آل‘ مہم سے متعلق اسلام جمخانہ میں منعقدہ میٹنگ کے شرکاء۔ تصویر: آئی این این

حضرت محمدؐکے یومِ ولادت کی مناسبت سے ممبئی کی مختلف ملّی اور سماجی تنظیموں بالخصوص اسلام جمخانہ کی جانب سے گزشتہ ۵؍سال سے ’پروفیٹ فارآل‘ مہم‘کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ امسال بھی آپؐ کی  سیرت اورتعلیمات کو بالخصوص برادران وطن تک پہنچانے کیلئے متعدد پروگرام منعقد کرنے کا منصوبہ ہے ۔ اس تعلق سے ’پروفیٹ فار آل‘ مہم کی سینٹرل کمیٹی کی جانب سے جمعرات کو اسلام جمخانہ میں  اہم میٹنگ کا انعقاد کیا گیاجس میں صحافیوں ، ادیبوں، شعراء اور معزز افرادنے شرکت کی۔ 

’پروفیٹ فار آل‘ مہم کے سینٹرل اور کور کمیٹی کے ذمہ داران  ایڈوکیٹ یوسف ابراہانی، پروفیسر قاسم امام، عامر ادریسی، سعیدخان ، فریدخان اور پرنسپل زیبا ملک نے میٹنگ کے شرکاء کو امسال ہونے والے پروگرام کی غرض و غایت سے آگاہ کیا ۔  پرنسپل زیبا ملک نے مہم کی ابتدائی مراحل کی تیاریاں اور منصوبہ بندی کے بارے میں معلومات فراہم کیں جبکہ سعید خان نے بتایا کہ امسال ہم ایک نیاپروگرام متعارف کرا رہے ہیں جس کے تحت برادران وطن کے طالب علموں کے مابین سیرت النبیؐؐ پر تقریری مقابلہ منعقد کیا جائے گا ۔ اس کافائنل مقابلہ مہاراشٹر کالج ، بیلاسس روڈ میں منعقد کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی عمارت حادثہ: ہلاکتیں ۹؍ ہو گئیں، امدادی کارروائی کے دوران این ڈی آر ایف افسر زخمی

فرید خان اور عامر ادریسی نے کہا کہ ’’اس مہم کا بنیادی مقصد حضور اکرم ؐ کی تعلیمات جو رحمت، محبت، امن، رواداری، اخوت، خدمت ِ انسانیت اور بین المذاہب ہم آہنگی پر مبنی ہے، نہایت مثبت، موثر اور دل نشین انداز میںبرادران وطن تک پہنچانا ہے تاکہ آپ ؐ سے متعلق باہمی احترام، اعتماد اور خیرسگالی کا پیغام عام ہوسکے ۔‘‘

پروفیسر قاسم امام نے کہا کہ ’’ ہم چاہتے ہیں کہ اس مہم کو فروغ دینے کیلئے اسلام جمخانہ کے علاوہ دیگر اقلیتی ادارے بھی آگے آئیں تاکہ شہر و مضافات اور مہاراشٹر کے ساتھ ملک کے دیگر صوبوں میں بھی آپ کے یومِ ولادت پر مختلف   پروگراموں کا انعقاد کیا جاسکے اور آپ کی تعلیمات سے وہاں کے برادران وطن آگاہ ہوسکیں۔ ‘‘

ایڈوکیٹ یوسف ابراہانی نے عید میلادالنبیؐ کے جلوس کی صدارت مایہ ناز مسلم شخصیات سے کرانے کی تجویز پیش کی اور جلوس میں کچھ تبدیلیاں کرنے کا مشورہ بھی دیا ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK