Inquilab Logo

تاریخی اہمیت کے حامل تاراپور والا مچھلی گھرکو منہدم کرنے کی تیاری

Updated: September 18, 2023, 10:30 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai

کمزور ہوجانےا ور کوسٹل روڈ پروجیکٹ سے پہنچنے والے نقصان کا حوالہ دیاگیا، اس کی جگہ ورلڈ کلاس ایکویریم بنے گا۔

Historical Tarapoorvala Fish House located on Charni Road. Photo: INN
چرنی روڈ پر واقع تاریخی تاراپوروالا مچھلی گھر۔ تصویر:آئی این این

ملک کے قدیم ترین مچھلی گھروں  میں  سے ایک، ممبئی کے چرنی روڈ پر واقع تاراپور والا ایکویریم کو حکومت نے منہدم کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔ ۷۲؍ سال پرانے اور تاریٰخی اہمیت کے حامل اس مچھلی گھر کے انہدام کیلئے یہ جواز دیاگیاہے کہ اس کی عمارت مخدوش اور کمزور ہوچکی ہے جبکہ کوسٹل روڈ پروجیکٹ کی وجہ سے بھی اس کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ 
واضح رہے کہ پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ ( پی ڈبلیو ڈی) اپنے آڈٹ میں  اسے مخدوش عمارت قرار دے چکا ہے۔ معاصر اخبار’انڈین ایکسپریس‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق ایک سینئر افسر نے بتایا ہے کہ تاراپوروالا ایکویریم کو منہدم کرنے کے بعد اس کی جگہ جلد ہی عالمی معیار کا دوسرا مچھلی گھر تعمیر کیا جائے گا۔ مہاراشٹر کے محکمہ ماہی پروری (فشریز) کے کمشنر اتُل پٹنے کے مطابق کوسٹل روڈ پروجیکٹ کی وجہ سے قدیم عمارت بہت زیادہ کمزور ہوگئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ’’پی ڈبلیو ڈی کی رپورٹ میں  انکشاف ہوا ہے کہ مچھلی گھر کی عمارت مخدوش ہوچکی ہے۔اس لئے ہم اسے منہدم کردیں گے اوراس کی جگہ اسٹیٹ آف آرٹ ایکویریم بنائیں گے۔‘‘
یاد رہے کہ ماہی پروری کا محکمہ جو پہلے تاراپوروالا یکویریم سے ہی کام کرتا تھا کو اسی سال جولائی اور اگست کے دوران نریمن پوائنٹ منتقل کردیاگیاہے۔ منتقلی کا یہ فیصلہ پی ڈبلیو ڈی کی رپورٹ کے بعد ہی کیاگیاتھا ۔اس کے علاوہ کورونا کی لہر کے وقت عوام کیلئے بند کئے جانے کے بعد سے مچھلی گھر کو سیاحوں   کیلئے نہیں  کھولا گیاتھا۔اس بیچ یہاں  موجود مچھلیوں  کو پونے، چندر پور اور احمد آباد کے عوامی مچھلی گھروں  میں  منتقل کردیاگیاہے۔اس لئے پی ڈبلیو ڈی کی رپورٹ کے بعد سے ہی یہ سوال گشت کررہاتھاحکومت کا اس کے تعلق سے آگے کا منصوبہ کیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK