• Sat, 24 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ابوظہبی : اے آر رحمان نے قومی ترانۂ ہند، وندے ماترم، ماں تجھے سلام گایا

Updated: January 24, 2026, 7:10 PM IST | Abu Dhabi

آسکر یافتہ موسیقار اے آر رحمان نے ۲۳؍ جنوری ۲۰۲۶ء کو ابو ظہبی کے اتحاد ایرینا میں ایک بھرپور کنسرٹ سے شائقین کا دل جیت لیا۔ اس میں انہوں نے ہندوستانی قومی ترانہ (جن گن من) اور حب الوطنی گیت وندے ماترم، ماں تجھے سلام بھی گایا، جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہے ہیں۔ حالیہ تنازع کے درمیان صارفین سوال پوچھ رہے ہیں کہ ایک حب الوطن شخص کو غدار کیوں قرار دیا جارہا ہے؟

AR Rehman. Picture: INN
اے آر رحمان۔ تصویر: آئی این این

عالمی شہرت یافتہ موسیقار اور آسکر جیتنے والے کمپوزر اے آر رحمان نے ۲۳؍ جنوری ۲۰۲۶ء کو متحدہ عرب امارات کے اتحار ایرینا (ابوظہبی) میں اپنے حالیہ کنسرٹ میں ہندوستانی قومی ترانہ (جن گن من) اور حب الوطنی کے مشہور گیت وندے ماترم، ماں تجھے سلام پرفارم کئے، جن کے مناظر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہے ہیں۔ اس کنسرٹ میں تقریباً ۲۰؍ ہزار افراد نے شرکت کی۔ حاضرین نے ان کے گانوں کے انتخاب پر خوب تالیاں بجائیں، گیت گائے اور کئی نے جذباتی لمحات میں آنسو بھی بہائے۔ کنسرٹ میں اے آر رحمان نے اپنی موسیقی کی وسیع رینج سے متعدد مشہور دھنیں پیش کیں، جن میں آسکر یافتہ ’’جے ہو‘‘ بھی شامل تھا۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اے آر رحمان نے اپنے شو کا آغاز جن گن من سے کیا جبکہ آخر میں مداحوں کی مانگ پر وندے ماترم اور ماں تجھے سلام بھی گایا۔ مداحوں نے اسے ایک طاقتور اور جذباتی موقع قرار دیا، جس نے کنسرٹ کی مقبولیت کو بڑھا دیا۔

یہ بھی پڑھئے: شاہ رخ خان کی ’’کنگ‘‘ کی ۲۴؍ دسمبر ۲۰۲۶ء کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی

خیال رہے کہ یہ پرفارمنس خاص طور پر اس وقت سامنے آئی ہے جب اے آر رحمان گزشتہ کچھ دنوں سے ایک تنازع کا مرکز رہے ہیں۔ ان کے ایک انٹرویو کے کچھ اقوال وائرل ہو گئے تھے، جس میں انہوں نے پچھلے آٹھ سال میں بالی ووڈ میں اپنے تجربات، طاقت کے بدلتے رجحانات اور ممکنہ تعصب جیسے موضوعات پر بات کی تھی۔ کچھ حلقوں نے ان کے بیان کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ اس متنازع صورتحال کے دوران سوشل میڈیا پر ایک دعویٰ بھی سامنے آیا کہ اے آر رحمان نے کسی انٹرویو میں وندے ماترم اور ماں تجھے سلام گانے سے انکار کیا تھا، جس پر ہندوستانی گلوکارہ چنمئی سریپادا نے سخت ردعمل دیتے ہوئے اس دعوے کی تردید کی۔ انہوں نے کہا کہ اے آر رحمان بہت سے کنسرٹس میں یہی گیت گاتے ہیں، اور ان کے مداح بھی اس کے گواہ ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: ’’سپر گرل‘‘ سے جیسن موموا کے کردار ’’لوبو‘‘ کا ٹیزر جاری

اے آر رحمان کے اندازِ بیان اور کنسرٹ میں اس حب الوطنی کے گانوں کی پرفارمنس نے ان کے شائقین میں ایک متنوع ردعمل جنم دیا۔ کئی افراد نے کنسرٹ کو ایک مثبت اور اتحاد بخش لمحے کے طور پر دیکھا جبکہ کچھ نے اسے تنقید کا نشانہ بھی بنایا، جس کے بارے میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ یہ تنقید اور مباحثے کی وجہ سے ہوا ہے۔کنسرٹ میں شرکت کرنے والے معروف فلمساز شیکھر کپور نے ایکس پر اپنے تاثرات شیئر کرتے ہوئے ایونٹ کو ’’ایک زبردست اور جذباتی تجربہ‘‘ قرار دیا، جہاں حاضرین نے موسیقی کے ہر انداز پر جوش و خروش سے ردعمل دیا۔ یہ تقریب تقریباً چار گھنٹے جاری رہی، جس میں اے آر رحمان نے جنوبی ہند دھنوں سے شروع کر کے اپنی مشہور بالی ووڈ دھنوں تک کا سفر طے کیا۔ 

یہ بھی پڑھئے: وارنر برادرز ڈسکوری نے آسکر کی تاریخ رقم کر دی، ۳۰؍ نامزدگی، اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا

 اے آر رحمان نے حالیہ ویڈیو پیغام میں بھی ہندوستان کے ساتھ اپنے تعلق اور محبت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ان کی تخلیق، جذبہ اور زندگی کا لازمی حصہ ہے اور ان کا مقصد ہمیشہ موسیقی کے ذریعے لوگوں کو جوڑنا ہے۔ سوشل میڈیا پر اے آر رحمان کے مداحوں نے نفرت پھیلانے والوں سے سوال پوچھا کہ ایک حب الوطن شخص کو غدار کیوں قرار دیا جارہا ہے؟ کیا ایک غدار شخص غیر ملک میں اس طرح اپنے ملک سے محبت کا اظہار کرسکتا ہے؟

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK