صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے افریقی ملک بوتسوانا کے سرکاری دورہ پر جمعرات کو ہندوستانی برادری سے خطاب کیا۔یہاں انہوں نے ’’پروجیکٹ چیتا‘‘کے تحت بوتسوانا سے ۸؍ چیتے بھی وصول کئے۔
جیپ میں بیٹھی صدر، چیتوں کو دیکھتےہوئے۔ تصویر: آئی این این
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے افریقی ملک بوتسوانا کے سرکاری دورہ پر جمعرات کو ہندوستانی برادری سے خطاب کیا۔یہاں انہوں نے ’’پروجیکٹ چیتا‘‘کے تحت بوتسوانا سے ۸؍ چیتے بھی وصول کئے۔ یہ تقریب جمعرات کو مولوکودی نیچر ریزرو میں منعقد ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق یہ ۸؍چیتے کالاہاری ریگستان کے شہر گانزی سے ریزرو میں لائے گئے تھے۔ تقریب کے دوران دو چیتوں کو ایک قرنطینہ باڑے میں چھوڑا گیا، جبکہ دونوں ممالک کے حکام نے دونوں صدور کو منتقلی کے عمل کے بارے میں آگاہ کیا۔ صدر مرمو نے ’ایکس‘پر ایک پوسٹ میں لکھا:’’ہندوستان اور بوتسوانا کے درمیان جنگلی حیات کے تحفظ میں شراکت داری کا ایک نیا باب: مولوکودی نیچر ریزرو، بوتسوانا میں صدر دروپدی مرمو اور صدر دوما گیڈیون بوکو نے بوتسوانا کے گانزی خطے سے لائے گئے چیتوں کو ہندوستانی اور بوٹسوانی ماہرین کی جانب سے قرنطینہ مرکز میں چھوڑتے دیکھا۔ یہ تقریب پروجیکٹ چیتا کے اگلے مرحلے کے تحت بوتسوانا کی جانب سے ہندوستان کو۸؍ چیتے تحفے میں دینے کی علامت تھی۔‘‘
رپورٹ کے مطابق صدر دروپدی مرمو نے جمعرات کو بوتسوانا میں مقیم ہندوستانی برادری کے اراکین سے خطاب کیا۔انہوں نے ہندوستانی برادری کو دونوں ممالک کے درمیان دوستی کا زندہ پل قرار دیا اور بوتسوانا میں تقریباً۱۰؍ ہزار ہند نژاد افراد کی ملک کی معاشی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں شاندار خدمات کی ستائش کی ۔ انہوں نے کہا کہ اپنی محنت و لگن سے ہندوستانی برادری نے بوتسوانا کے معاشرہ میں ایک باعزت مقام حاصل کیا ہے۔ صدر نے سماجی خدمات میں ان کے کردار کو سراہا اور’وسودیو کٹمبکم‘ (یعنی دنیا ایک خاندان ہے) کے ویژن کو حقیقت میں بدلنے کی کوششوں پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
صدر مرمو نے کہا کہ ہندوستان ۲۰۴۷ء تک ترقی یافتہ ملک بننے کی سمت تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے، اور ہند نژاد برادری اس ترقیاتی سفر کا ایک اہم حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم ہندوستانیوں کی کامیابیاں ملک کا فخر ہیں، ان کی کامیابی ملک کے وقار میں اضافہ کرتی ہے۔صدر مرمو نے بھارتی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارت اور بوٹسوانا کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اپنا کردار جاری رکھیں۔خیال رہے کہ بدھ کو صدر دروپدی مرمو نے گیبرون میں بوتسوانا کی قومی اسمبلی سے خطاب کیا۔ وہ پہلی ہندوستانی سربراہ مملکت ہیں جنہوں نے بوتسوانا میں یہ اعزاز اپنے نام کیا۔ اپنے تاریخی خطاب میں صدر مرمو نے ہندوستان اور بوتسوانا کے درمیان گہرے اور پرانے دوستانہ تعلقات کو اجاگر کیا اور تعلیم، صحت، ٹیکنالوجی، قابلِ تجدید توانائی، تجارت اور انسانی وسائل کی ترقی جیسے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔