Inquilab Logo

دہلی کیلئے صدارتی آرڈیننس ،صورتحال ایمرجنسی سے بھی بدتر ہے

Updated: May 28, 2023, 9:24 AM IST | Hyderabad

کیجریوال اوربھگونت مان کے ساتھ چندرشیکھر راؤ کی مشترکہ پریس کانفرنس،مطالبہ کیاکہ حکومت آرڈیننس واپس لے

Chief Ministers of Delhi, Telangana and Punjab during a press conference in Hyderabad
دہلی ، تلنگانہ اور پنجاب کے وزرائے اعلیٰ حیدر آباد میں پریس کانفرنس کے دوران

قومی دارالحکومت میں انتظامی خدمات پر مرکز کے آرڈیننس کے خلاف حمایت حاصل کرنے کیلئے دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے سنیچر کو تلنگانہ کے وزیراعلیٰ کے چندر شیکھرراؤ(کے سی آر)سے حیدرآباد میں ملاقات کی۔ان کے ساتھ پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت مان بھی موجود تھے۔یہ ملاقات وزیراعلیٰ کے کیمپ آفس پرگتی بھون میں ہوئی۔بعد ازاں کیجریوال اور مان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چندرشیکھرراؤ نے کہا’’ وزیراعظم مودی کو چاہئے کہ وہ اس آرڈینس سے دستبرداری اختیار کریں۔یہ صورتحال ایمرجنسی سے بھی بدتر ہے۔ مرکز کسی بھی عوامی منتخب حکومت کو کام کرنے نہیں دے رہا ہے۔‘‘انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت دہلی حکومت کو کام کرنے نہیں دے رہی ہے۔مودی کو زرعی قوانین کی طرح اس آرڈیننس  کو بھی واپس لے لینا چاہئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کی پارٹی آرڈیننس کے خلاف لوک سبھا اور راجیہ سبھا آواز بلند کرے گی۔
 چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ دہلی میں بہترین اسکیمیں نافذ کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  بی جے پی نے عام آدمی پارٹی کو دہلی میں میئر کی سیٹ حاصل کرنے سے روکنے کئی سازشیں کیں۔ ان پر الزام لگایا کہ انہوں نے غیر قانونی طور پر دہلی کے میئر کی سیٹ پر قبضہ کرنے کی کوشش کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی لیفٹیننٹ گورنر کو دہلی میں لاکر ریاستی حکومت کو پریشان کررہی  ہے۔ کے سی آر نے کہا کہ جمہوری طور پر منتخب ریاستی حکومتوں کو دھمکایا جا رہا ہے اور انہیں کام کرنے نہیں دیا جا رہا ہے۔ کئی ریاستوں میں، غیر بی جے پی حکومتیں کئی حوالوں سے پیچھے چل رہی ہیں۔کے سی آر نے کہا کہ حال ہی میں دہلی میں دو عجیب و غریب واقعات دیکھنے میں آئے ہیں۔ آپ  بہت مقبول پارٹی ہے۔ یہ ملک اور دنیا کو معلوم ہے۔ ایک پارٹی جو کیجریوال کی قیادت میں سماجی تحریک کے ذریعے وجود میں آئی۔اس نے  ایک بار نہیں دو بار نہیں بلکہ تین بار شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔اس موقع پر کیجریوال نے کہا کہ یہ آرڈیننس سپریم کورٹ کے فیصلہ کی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ کے طورپر وہ صحت کے سیکریٹری کا تبادلہ بھی نہیں کرسکتے۔۸؍سال کی قانونی جدوجہد کے بعد دہلی حکومت کوانصاف ملا تاہم مرکز نے۸؍دن میں ہی آرڈیننس اس فیصلہ کے خلاف لایا۔دہلی کے وزیراعلیٰ اس آرڈیننس کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کی حمایت حاصل کررہے ہیں تاکہ ایوان بالا میں اس سلسلہ میں بل پیش کرنے پر اس کو شکست دی جاسکے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK