ہر حملے کا منہ توڑ جواب دینے کا عزم دہرایا، کہا : ’’مودی کا دماغ ٹھنڈا ہے مگر خون گرم ہےاور اب تو رگوں میں گرم سیندور بہتا ہے‘‘
EPAPER
Updated: May 22, 2025, 11:06 PM IST | New Delhi
ہر حملے کا منہ توڑ جواب دینے کا عزم دہرایا، کہا : ’’مودی کا دماغ ٹھنڈا ہے مگر خون گرم ہےاور اب تو رگوں میں گرم سیندور بہتا ہے‘‘
وزیراعظم مودی نے جمعرات کو راجستھان کے بیکانیر میں عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کا ایک بار پھر للکارتے ہوئے اس عزم کو دہرایا کہ اگر سرحد پار سے دہشت گردانہ حملہ ہوا تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائےگا۔ اب تک یہ کہا جارہاتھا کہ پہلگام حملوں اور اس کے جواب میں کی گئی فوجی کارروائی ’’آپریشن سیندور‘‘ کا سیاسی فائدہ نہیں اٹھایا جانا چاہئے مگر جمعرات کو بیکانیر میں عوامی ریلی میں وزیراعظم کی تقریر کا مرکزی نکتہ آپریشن سیندور ہی رہا۔ فوجی کی کامیابی پر اپنی پٹھ تھپتھپاتے ہوئے تقریر کے دوران وزیراعظم نے ۲؍ منٹ میں ۱۲؍ بار اپنا نام لیا اور کہا کہ ’’ پاکستان ایک بات بھول گیا ہے کہ اب ماں بھارتی کا سیوک مودی یہاں سینہ تان کر کھڑا ہے۔ مودی کا دماغ ٹھنڈا ہے، لیکن مودی کا لہو گرم ہے۔ اب تو مودی کی رگوں میں خون نہیں، گرم سیندور بہہ رہا ہے۔‘‘ اس کے ساتھ ہی وزیراعظم نے ’’آپریشن سیندور‘‘ پر ایک نظم بھی سنائی۔
اس سے قبل وزیراعظم نے پاکستان کی سرحد کے قریب دیشنوک سے ملک کے ان ۱۰۳؍ ریلوے اسٹیشنوں کا افتتاح کیا جن کی تجدید کاری کی گئی ہے۔ انہوں نے بیكانیر-باندرہ ٹرین کو ہری جھنڈی دکھائی اور ۲۶؍ہزار کروڑ روپے کے دیگر ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا نیز افتتاح بھی کیا۔وزیر اعظم نریندر مودی نے اس موقع پر بیکانیر میں ایک ریلی سے خطاب کیا جسے بہار اور مغربی بنگال کے اسمبلی انتخابات کی تیاری کے طور پر دیکھا جارہاہے۔ بہار اسی سال اور مغربی بنگال میں آئندہ سال اسمبلی الیکشن ہونا ہے۔ وزیراعظم نے اپنی تقریر میں اس کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف ’آپریشن سیندور‘ نے ہندوستان کی نئی پالیسی طے کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’اگر ہندوستان پر حملہ کیا گیا تو اس کا سخت جواب دیا جائے گا اور ہماری افواج اس کا طریقہ اور شرائط خودطے کریں گی۔ ‘‘ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کے ذریعہ نیوکلیائی ہتھیاروں کی گیدڑ بھبکی سے ہندوستان خوفزدہ ہونے والا نہیں ہے۔
وزیراعظم نے اپنی تقریر کے دوران فلمی انداز میں کہا کہ’’ ملک اوردنیا نے بھی دیکھ لیا کہ جب سیندور بارود بن جاتا ہے تونتیجہ کیا ہوتا ہے۔‘‘ نریندر مودی نے زور دیکر کہا کہ ’’ پاکستان ہندوستان کے خلاف کبھی بھی براہ راست جنگ نہیں جیت سکتا، اسی لیے وہ دہشت گردی کو بطور ہتھیار استعمال کرتا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ یہ حکمت عملی ہندوستان کی آزادی کے بعد کئی دہائیوں سے جاری ہے۔ راجستھان نے ہمیں دکھایا ہے کہ ملک سے زیادہ کوئی چیز اہم نہیں ہے۔ ۲۲؍ اپریل کو پہلگام میں ہونےوالے دہشت گردانہ حملے کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردوں نے معصوم لوگوں پر حملہ کیا، ان سے ان کے مذہب کے بارے میں پوچھا اور خواتین کے ماتھے کے سیندور کو اجاڑ دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ’’ اُس دن پہلگام میں چلائی گئی گولیوں نے ۱۴۰؍کروڑ ہندوستانیوں کے دلوں کو زخمی کیا۔ اب ہندوستان نے واضح کر دیا ہے کہ پاکستان کو ہر دہشت گرد حملے کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی اور یہ قیمت پاکستان کی فوج ادا کرے گی،پاکستان کی معیشت ادا کرے گی۔ ‘‘
وزیراعظم نے کہا کہ سیندور کواجاڑنے والے مٹی میں دفن ہو چکے ہیں، جنہوں نے ہندوستان کا خون بہایا،ان کے ہر قطرے کا بدلہ چکا دیا گیا ہے۔ جو سوچتے تھے کہ ہندوستان خاموش رہے گا، وہ اب اپنے گھروں میں چھپے ہوئے ہیں اور اپنے ہتھیاروں پر فخر کرنے والے اب اپنےگھر کے ملبہ میں دبے ہوئےہیں۔ وزیر اعظم مودی نے زور دے کر کہا کہ ملک نے ناقابل فراموش طریقے سے جوابی کارروائی کرنے کا عزم کیا ہے۔