Inquilab Logo Happiest Places to Work

آج بنگلور اور حیدرآباد کے درمیان دلچسپ مقابلہ کی امید

Updated: May 23, 2025, 2:43 PM IST | Agency | Lucknow

آر سی بی جہاں میچ جیت کر ٹاپ ۔۲؍ کی جگہ یقینی کرنےکی کوشش کرےگی وہیں سن رائزرز حیدرآباد مایوس کن مہم کا اختتام جیت کے ساتھ کرنے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگا دےگی۔

Royal Challengers Bangalore will be hoping for a stellar innings from Virat Kohli (right) against Hyderabad. Photo: PTI
رائل چیلنجرز بنگلور کو وراٹ کوہلی (دائیں) سے حیدرآباد کے خلاف شاندار اننگز کی امید رہےگی۔ تصویر: پی ٹی آئی

انڈین پریمیر لیگ کے پلے آف میں پہنچ چکی رائل چیلنجرز بنگلور(آر سی بی) جمعہ کو ٹورنامنٹ کے ۶۵؍ویں میچ میں ایکانا اسٹیڈیم میں سن رائزرز حیدرآباد (ایس آر ایچ) کے خلاف کھیل کر ٹاپ۔ ۲؍ میں جگہ پکی کرنے کی کوشش کرے گی۔ وہیں ایس آر ایچ اپنے مایوس کن مہم کا اختتام جیت کے ساتھ کرنا چاہے گی۔ 
 آر سی بی نے ۱۲؍میچوں میں ۱۷؍پوائنٹس حاصل کر کے سیزن میں اپنی کارکردگی سے سب کو متاثر کیا ہے۔ رجت پاٹیدار کی قیادت میں یہ ٹیم ٹاپ۔ ۲؍میں آ کر الیمنیٹر ون کی ناک آؤٹ غیر یقینی صورتحال سے بچنا چاہے گی تاکہ انہیں پہلے کوالیفائر کے ذریعے فائنل میں پہنچنے کا دوسرا موقع مل سکے۔ یہ اس ٹیم کے لئے بہت اہم ہے جو کئی بار ٹرافی کے قریب پہنچی لیکن آج تک آئی پی ایل کا خطاب نہیں جیت سکی۔ 
  اس کے برخلاف، پچھلے سیزن کی فائنلسٹ سن رائزرز حیدرآباد پہلے ہی پلے آف کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہے۔ ۱۲؍میچوں میں صرف ۴؍ فتوحات کے ساتھ وہ پوائنٹس ٹیبل میں نچلے مقام پر ہے۔ حالانکہ اس ہفتے کے آغاز میں لکھنؤ سپر جائنٹس کے خلاف ملی شاندار فتح سے ٹیم کا حوصلہ بلند ہوا ہے اور پیٹ کمنز کی قیادت والی ٹیم اس مہم کا اختتام اچھی کارکردگی کے ساتھ کرنا چاہے گی۔ 
 آر سی بی کی اس سیزن میں واپسی کا کریڈٹ وراٹ کوہلی کی شاندار فارم کو جاتا ہے۔ ٹیم درمیان میں کچھ میچوں میں لڑکھڑا گئی تھی۔ آر سی بی کے سابق کپتان کوہلی نے ۱۱؍اننگز میں ۵۰۵؍ رن بنائے ہیں۔ اوپننگ پر ان کے تجربے کے ساتھ فل سالٹ کی جارحانہ بلے بازی اور دیودت پڈیکل کی مستحکم شروعات نے ٹیم کو مضبوط بنیاد دی ہے۔ مڈل آرڈر نے بھی اپنا فارم حاصل کر لیا ہے۔ پاٹیدار نے تیز اسٹرائیک ریٹ سے ۲۳۹؍رن بنائے ہیں جبکہ لوور آرڈر میں ٹم ڈیوڈ اور ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر روماریو شیفرڈ کی موجودگی سے ٹیم کو طاقت ملی ہے۔ ٹم ڈیوڈ نے چنئی سپر کنگز کے خلاف صرف ۱۴؍گیندوں میں ۵۳؍رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے تھے، جو سیزن کے بہترین ڈیتھ اوورز میں سے ایک ہے۔ 
 البتہ، آسٹریلوی فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ کی واپسی نہ ہونا ٹیم کیلئے تشویش کا باعث ہے۔ پاور پلے اور ڈیتھ اوور میں ان کا کنٹرول اکثر جیت اور ہار کے درمیان فرق پیدا کرتا ہے۔ ان کی غیر موجودگی میں ٹیم کو خاص طور پر ایس آر ایچ کے دھماکہ خیز ٹاپ آرڈر کے خلاف بھونیشور کمار اور کرنال پانڈیا جیسے کھلاڑیوں پر انحصار کرنا پڑے گا۔ اگرچہ سیزن کے دوران توقعات پر پوری نہ اترنے کے باوجود، حیدرآباد کی ٹیم نے کچھ اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا۔ ان کے پاس اوپنر ابھیشیک شرما جیسے بلے باز ہیں، جو ٹورنامنٹ کے سب سے جارح مزاج اوپنرز میں سے ایک بن کر ابھرے ہیں۔ بائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے ۳۷۳؍ رن بنائے ہیں، جس میں لکھنؤ میں ۲۰؍گیندوں پر ۵۹؍رنوں کی اننگز بھی شامل ہے۔ 
 آسٹریلوی اوپنر ٹریوس ہیڈ کی دستیابی پر ابھی بھی شک ہے کیونکہ وہ بیماری سے مکمل طور پر صحتیاب نہیں ہو سکے ہیں۔ ان کی واپسی مہمان ٹیم کے حوصلے کو بڑھا سکتی ہے۔ مڈل آرڈر میں ہینرک کلاسن اور ایشان کشن نے اپنی صلاحیت کے مطابق مظاہرہ نہیں کیا مگر یہ دونوں کھلاڑی اپنی فارم میں میچ جتانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انیکیت ورما نے نچلے آرڈر میں تعاون دیا ہے، جبکہ کمنز کی قیادت میں ہرشل پٹیل، ذیشان انصاری اور ایشان ملنگا کی مدد سے ان کا بولنگ اٹیک جان پکڑتا نظر آ رہا ہے۔ 
 لکھنؤ کی پچ بلے اور گیند کے درمیان ایک متوازن مقابلہ پیش کر سکتی ہے۔ یہاں اسپنرز کو مڈل اوورز میں مدد مل سکتی ہے۔ شام کو نمی اور اوس گرنے کی توقع کے سبب ٹاس کافی اہم ہوگا۔ 
 آر سی بی، جو اس وقت زبردست فارم میں ہے، اگر اپنے بقیہ میچ جیتتی ہے تو وہ ٹاپ ٹو میں جگہ بناتے ہوئے پلے آف میں مضبوط پوزیشن میں پہنچ جائے گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK