Updated: April 26, 2026, 9:07 PM IST
| New Delhi
ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے واشنگٹن میں پریس ڈنر کے دوران فائرنگ کے بعد اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تشدد کی مذمت کی اور صدر ٹرمپ کی سلامتی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
مودی اور ٹرمپ۔۔ تصویر:آئی این این
ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے واشنگٹن میں پریس ڈنر کے دوران فائرنگ کے بعد اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تشدد کی مذمت کی اور صدر ٹرمپ کی سلامتی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نریندر مودی نے ایک بیان میں کہا کہ وائٹ ہاؤس کرسپانڈنٹس ڈنر میں فائرنگ کے بعد یہ جان کر انہیں راحت ہوئی کہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ، خاتون اول میلانیا ٹرمپ اور نائب صدر جے ڈی وینس محفوظ ہیں۔ایکس پر ایک پوسٹ میں پی ایم مودی نے لکھا، ’’یہ جان کر راحت ہوئی کہ صدر ٹرمپ، خاتون اول اور نائب صدر واشنگٹن ڈی سی کے ایک ہوٹل میں حالیہ سیکیورٹی واقعے کے بعد محفوظ اور بےخطر ہیں۔ میں ان کی حفاظت اور خیریت کیلئےمسلسل نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔ جمہوریت میں تشدد کا کوئی مقام نہیں ہے اور اس کی غیرمشروط طور پر مذمت کی جانی چاہیے۔‘‘
بعد ازاں پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف، جو امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ کے دوران مذاکرات میں ثالثی کر رہے ہیں، نے کہا کہ وہ فائرنگ کے بعد شدید طور پر صدمے میں ہیں ساتھ ہی اس واقعے کو ’’پریشان کن‘‘ قرار دیا۔اس کے علاوہ میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین بام پارڈو نے فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ بہت اچھی بات ہے کہ صدر ٹرمپ اور ان کی اہلیہ حالیہ واقعات کے بعد ٹھیک ہیں۔ ہم اپنے احترام کا اظہار کرتے ہیں۔ تشدد کبھی بھی راستہ نہیں ہونا چاہیے۔‘‘ جبکہ وینزویلا کی صدر ڈیلسی روڈریگز نے ٹرمپ پر حملے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ’’تشدد ان لوگوں کے لیے کبھی انتخاب نہیں ہوگا جو امن کےپیغام کا دفاع کرتے ہیں۔‘‘
ٹرمپ پر حملے کی کنیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی نے بھی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’’سیاسی تشدد کا کسی بھی جمہوریت میں کوئی مقام نہیں ہے۔‘‘