پارلیمنٹ کے سینٹرل ہال میں صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کی صدارت میں آئین کی تمہید پڑھی گئی ،وزیر اعظم مودی اور اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی سمیت تمام اہم لیڈران کی شرکت ، ملک بھر میں جگہ جگہ یوم آئین کی مناسبت سے مختلف پروگراموں کا انعقاد
EPAPER
Updated: November 26, 2025, 11:25 PM IST | New Delhi
پارلیمنٹ کے سینٹرل ہال میں صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کی صدارت میں آئین کی تمہید پڑھی گئی ،وزیر اعظم مودی اور اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی سمیت تمام اہم لیڈران کی شرکت ، ملک بھر میں جگہ جگہ یوم آئین کی مناسبت سے مختلف پروگراموں کا انعقاد
وزیر اعظم مودی نے ۲۶؍نومبر کو یوم آئین کے موقع پر ملک کے شہریوں کو خط لکھ کر۱۹۴۹ء میں آئین کو اختیار کرنے کے تاریخی لمحے کو یاد کرتے ہوئے ملک کی ترقی کی رہنمائی میں اس کے پائیدار کردار کو اجاگر کیا ۔
خط میںکیا لکھا ؟
وزیر اعظم مودی نے اپنے خط میں لکھا کہ ۲۰۱۵ءمیں حکومت نے اس مقدس دستاویز کے احترام کے لئے ۲۶؍نومبر کو یوم آئین قرار دیا تھا ۔ اس سلسلے میں انہوں نے پارلیمنٹ اور آئین کے تئیں احترام کا اپنا تجربہ بھی شیئر کیا۔انہوں نے۲۰۱۴ء میں پارلیمنٹ کی سیڑھیوں پرسر جھکانے اور ۲۰۱۹ء میں احترام کی علامت کے طور پر آئین کو اپنے ماتھے پر رکھنے کے لمحےکو یاد کیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ آئین نے بے شمار شہریوں کو خواب دیکھنے کا اختیار دیا ہے اور ان خوابوں کو پورا کرنے کی طاقت دی ہے ۔وزیر اعظم نے آئین ساز اسمبلی کے اراکین کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔انہوں نے آئین کی ۶۰؍ ویں سالگرہ کے دوران گجرات میں سمودھان گورو یاترا اور پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس اور اس کی ۷۵؍ ویں سالگرہ کی یاد میںمنعقد ہونے والے ملک گیر پروگراموں جیسے سنگ میل کا تذکرہ کیا ۔ وزیر اعظم نے مہاتما گاندھی کو بھی یاد کیا۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنے فرائض کو اپنے ذہن میں سب سے مقدم رکھیں کیونکہ ہندوستان وکست بھارت کی طرف بڑھ رہا ہے ۔ خط کے اختتام میں وزیر اعظم نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اس عظیم ملک کے شہری کی حیثیت سے اپنے فرائض کی انجام دہی کے عہد کا اعادہ کریں ، اس طرح ایک ترقی یافتہ اور خود کفیل ہندوستان کی تعمیر میں تعاون کریں ۔
پارلیمنٹ میں تقریب ، صدر کا خطاب
صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو نے آئین کو قومی شناخت اور قومی وقار کی عظیم کتاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دہائی میں ہماری پارلیمنٹ نے اس کی اقدار پر عمل کرتے ہوئےعوام کی امنگوں کے اظہار کیلئے متعدد کام کئے ہیں۔ انہوں نے یہاں یومِ آئین کے موقع پر پارلیمنٹ کے سینٹرل ہال میں اپنے خطاب میں کہا کہ آئین ساز اسمبلی نے پارلیمانی نظام کو اپنانے کے حق میں جو مضبوط دلائل پیش کئےتھے وہ آج بھی پوری طرح معتبر اور موزوں ہیں۔ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت میں عوامی تمناؤں اور خواہشات کی ترجمانی کرنے والی ہندوستانی پارلیمنٹ آج دنیا کے کئی جمہوری نظاموں کے لئےقابلِ تقلید مثال بن چکی ہے۔ صدر مرمو نے کہا کہ آئین سازوں کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے وہ تمام اراکین پارلیمنٹ کو مبارکباد دیتی ہیں اور ایک مشکور ملک کی جانب سے دستور ساز اسمبلی کے معزز اراکین کی یاد میں ادب و احترام کیساتھ سلام کرتی ہیں۔
تقریب میں کون کون تھا ؟
واضح رہے کہ اس شاندار تقریب میں نائب صدر جمہوریہ رادھا کرشنن،وزیر اعظم مودی، اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی،اسپیکر اوم برلا، بی جے پی صدر جے پی نڈا ، کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اور کرن رجیجو نے اسٹیج سے صدر جمہوریہ کے ساتھ آئین کی تمہید پڑھنے کا اہتمام کیا جبکہ اس موقع پر دیگر اراکین پارلیمنٹ بھی موجود تھے۔
راہل گاندھی نے کیا کہا ؟
لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے یوم دستور پر ہم وطنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہماراآئین غریبوں اور محروموںکیلئے ایک حفاظتی ڈھال ہے اور ملک کے ہر شہری کی آواز ہے۔ ہم اس پرکسی قسم کا حملہ نہیں ہونے دیں گے۔ راہل نے ٹویٹ کیا کہ ہندوستان کا آئین صرف ایک کتاب نہیں یہ ملک کے ہر شہری سے کیا گیا ایک مقدس وعدہ ہے۔ وعدہ کہ چاہے وہ کسی بھی مذہب یا ذات سے تعلق رکھتا ہو، کسی بھی علاقے سے آتا ہو، کوئی بھی زبان بولتا ہو، غریب ہو یا امیر، اسے برابری، احترام اور انصاف ملے گا۔
کھرگے کی تنقید
ملک کےیومِ دستور کے موقع پر کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے ایکس پر تفصیلی بیان جاری کرتے ہوئے بی جے پی اورآر ایس ایس پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا آئین ڈاکٹر امبیڈکر، جواہر لال نہرو اور دستور ساز اسمبلی کی مشترکہ فکری کوششوں کا نتیجہ ہے۔