• Tue, 09 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

آج وزیر اعظم مودی کا سیلاب زدہ ریاستیں پنجاب اور ہماچل پردیش کا دورہ

Updated: September 08, 2025, 11:22 PM IST | New Delhi

اس دوران وہ حالات کا جائزہ لیں گے اور راحت اور بازآباد کاری کے کاموں کا معائنہ کریں گے، عام آدمی پارٹی نے پنجاب کیلئے خصوصی پیکیج کا مطالبہ کیا

Prime Minister Narendra Modi
وزیراعظم نریندر مودی

وزیراعظم نریندر مودی شدید سیلاب سے متاثرہ ہماچل پردیش اور پنجاب میں حالات کا جائزہ لینے اور راحت اور بازآبادکاری کے کاموں کا معائنہ کرنے کیلئے منگل کو ان دونوں ریاستوں کا دورہ کریں گے۔ 
 اطلاعات کے مطابق وزیراعظم  پہلے ہماچل پردیش جائیں گے  اور سیلاب اور زمینی تودے کھسکنے سے متاثرہ اضلاع کا فضائی جائزہ لیں گے۔ دوپہر کو وہ کانگڑا پہنچیں گے اور سینئر افسروں کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں صورتحال کا جائزہ لیں گے۔ وزیراعظم سیلاب سے متاثرہ لوگوں اور راحت  و بچاؤ مہم میں مصروف قومی اور ایس ڈی آر ایف اور این ڈی آر ایف کی ٹیموں سے بھی گفتگو کریں گے۔  اس کے بعد وہ پنجاب روانہ ہو جائیں گے جہاں سیلاب سے متاثرہ اضلاع کا فضائی جائزہ لینے کے بعد گرداس پور میں سینئر افسروں کے ساتھ میٹنگ  میں زمینی حالات کا جائزہ لیں گے۔ پنجاب میں بھی وہ سیلاب متاثرہ لوگوں اور راحت  و بچاؤ مہم میں مصروف این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیموں سے بات کریں گے۔ 
 وزیراعظم کے اس دورے کا مقصد خود زمینی حالات کا جائزہ لینا اور راحت اور باز آباد کاری کے کاموں کا معائنہ کر کے مشکل حالات سے گزر رہے لوگوں کو ریلیف پہنچانا ہے۔ خیال رہے کہ دونوں ہی  ریاستوں میں سیلاب کے باعث بہت زیادہ جانی اور مالی نقصان ہوا ہے۔ سیکڑوں ایکڑ فصل بھی خراب ہوئی ہے۔ دونوں ریاستوں میں ۲۰۰؍ سے زائد افراد اور سیکڑوں کی تعداد میں مویشی ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ کروڑوں روپے کی جائیداد کا نقصان ہوا ہے۔ اس سے پہلے زراعت وزیر شیو راج سنگھ چوہان بھی سیلاب کے باعث پیدا شدہ حالات کا جائزہ لینے کیلئے پنجاب کے دورے پر گئے تھے۔ وہاں انہوں نے سینئر افسروں اور کسانوں سے بات چیت کی اور مرکز کی جانب سے ہر ممکن مدد کا یقین دلایا تھا۔ 
 دریں اثنا عام آدمی پارٹی (آپ) کے سینئر لیڈر اور رکن پارلیمان سنجے سنگھ نے پنجاب میں سیلاب کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورت حال کا جائزہ لینے جا رہے وزیراعظم مودی سے بڑا راحتی پیکیج اعلان کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔  انہوں نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے فصلوں، گھروں، دکانوں اور مویشیوں کو وسیع پیمانے پر نقصان پہنچا ہے لہٰذا، مودی حکومت کو فوری طور پر پنجاب کے حق کے۶۰؍ ہزار کروڑ اور ۲۰؍ ہزار کروڑ روپے کا راحتی پیکیج جاری کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بحران کے وقت  ریاست کی ’آپ‘ حکومت کے وزرا، قانون ساز اور پارٹی کارکنان دن رات متاثرین کی خدمت میں مصروف  رہے۔  ایسے میں پنجاب کو امید ہے کہ وزیراعظم ریاست کیلئے بڑے راحتی  پیکیج کا اعلان کریں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK