• Tue, 04 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ویمنز ورلڈ کپ ۲۰۲۵ء: وزیر اعظم نریندر مودی ورلڈ چمپئن ٹیم سے ملاقات کریں گے

Updated: November 03, 2025, 8:59 PM IST | New Delhi

ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کو شکست دے کر آئی سی سی خواتین کرکٹ ورلڈ کپ ۲۰۲۵ء جیت لیا ہے۔ جیتنے والی ٹیم کے کھلاڑی اب دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کریں گے۔

Modi And Women Players.Photo:INN
مودی اور خواتین ٹیم کی کھلاڑی۔ تصویر:آئی این این

ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے ورلڈ کپ جیت کر تاریخ رقم کردی۔ نوی ممبئی کے ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے  فائنل میچ میں ٹیم انڈیا نے جنوبی افریقہ کو شکست دی۔ یہ ہندوستانی خواتین ٹیم کا پہلا آئی سی سی خطاب بھی ہے۔ ٹیم ۲۰۰۵ء اور ۲۰۱۷ء میں ورلڈ کپ فائنل ہار گئی تھی تاہم اس بار ہرمن پریت کور کی قیادت میں کھلاڑیوں نے کوئی غلطی نہیں کی۔کھلاڑی دہلی میں پی ایم مودی سے ملاقات کریں گے۔
 ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کے لیے نئی دہلی جائے گی۔ ٹیم فی الحال ممبئی میں ہے اور بدھ (۴؍نومبر۲۰۲۵ء) کو وزیر اعظم سے ملاقات کرے گی۔ وزیر اعظم مودی نے ٹیم کو اس کی شاندار جیت پر مبارکباد دی اور کھلاڑیوں کے جذبے اور اتحاد کی تعریف کی۔ وزیر اعظم نے ٹویٹر پر لکھاکہ ’’آئی سی سی خواتین کرکٹ ورلڈ کپ ۲۰۲۵ء کے فائنل میں ہندوستانی ٹیم کی شاندار فتح۔ فائنل میں ان کی کارکردگی بڑی مہارت اور اعتماد سے بھری ہوئی تھی۔ ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں غیر معمولی ٹیم ورک اور عزم کا مظاہرہ کیا۔ ہمارے کھلاڑیوں کو بہت بہت مبارک ہو۔ یہ تاریخی فتح مستقبل کے چیمپئن کو آگے بڑھنے کی ترغیب دے گی۔
بی سی سی آئی کی منصوبہ بندی
 بی سی سی آئی اب بھی اس تاریخی کامیابی کو منانے کے منصوبوں پر غور کر رہا ہے۔ بی سی سی آئی کے سکریٹری دیواجیت سائکیا نے کہا کہ فی الحال فتح پریڈ کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں آئی سی سی میٹنگز میں شرکت کے لیے دبئی جا رہا ہوں، وہاں کئی سینئر آفیشلز بھی جا رہے ہیں، اس لیے ہم واپس آنے کے بعد مناسب منصوبہ بندی کریں گے۔ لیگ مرحلے میں ہندوستانی خواتین ٹیم کی کارکردگی کچھ خاص متاثر کن نہیں تھی۔ ٹیم آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے خلاف قریبی میچ ہار گئی  تاہم اس نے پھر بھی سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ اس کے بعد ٹیم نے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف ۳۳۹؍ رنز کا تعاقب کرتے ہوئے فائنل تک رسائی کی۔ انہوں نے فائنل میں جنوبی افریقہ کو بآسانی ۵۲؍ رنز سے شکست دی۔

یہ بھی پڑھئے: ہندوستان کی خواتین ٹیم کو سندر پچائی اور ستیہ نڈیلا نے مبارکباد دی

بی سی سی آئی ہندوستانی خواتین ٹیم کو ۵۱؍کروڑ روپے نقد انعام دے گا
بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے پیر کو آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ ۲۰۲۵ء جیتنے والی ہندوستانی خواتین کی ٹیم کے لیے ۵۱؍ کروڑ روپے کے نقد انعام کا اعلان کیا۔ بی سی سی آئی کے سکریٹری دیواجیت سائکیا نے پیر کو  کہا کہ ’’بی سی سی آئی بہت خوش ہے اور  بی سی سی آئی ہندوستانی ٹیم کو ۵۱؍ کروڑ روپے کا انعام دے گا۔ یہ رقم کھلاڑیوں، سلیکٹرز اور امول  مجمدار کی قیادت میں معاون عملے میں تقسیم کی جائے گی۔ 
بی سی سی آئی کی طرف سے یہ انعام جیتنے والوں کی انعامی رقم میں آئی سی سی کی انعامی رقم کے  علاوہ ہے۔ ٹورنامنٹ سے پہلے، آئی سی سی کے صدر جے شاہ نے خواتین کے ورلڈ کپ میں ٹیموں کے لیے انعامی رقم میں نمایاں اضافے کا اعلان کیا، جس میں فاتحین کو۴۸ء۴؍ ملین امریکی ڈالر (تقریباً ۴۲؍کروڑ روپے) ملیں گے۔ یہ۲۰۲۲ء میں آسٹریلیا کی خواتین کی ٹیم کو ملنے والے۳۲ء۱؍  ملین امریکی ڈالرس سے نمایاں طور پر زیادہ ہے اور ۲۰۲۳ء میں احمد آباد میں ہندوستان کو شکست دینے پر ان کی مردوں کی ٹیم کو ملنے والے ۴؍ ملین امریکی ڈالرس  سے بھی بہتر ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK