Inquilab Logo

قصہ گوئی کی رسم اورکہانی سنانےکی روایت خاندانوں کو جوڑتی ہے : وزیر اعظم مودی

Updated: September 28, 2020, 7:55 AM IST | Agency | New Delhi

عوام سے اپیل بھی کی کہ ملک جلد ہی آزادی کی ۷۵؍ویں سالگرہ منانے جارہا ہے اس لئے گھروں میں غلامی کے دور کے واقعات سنائے جائیں

PM Modi - Pic : PTI
پی ایم مودی ۔ تصویر : پی ٹی آئی

 وزیراعظم  نریندر مودی نے کہا ہے کہ کہانی،روایتیں اورقصہ گوئی کی رسم خاندانوں کو جوڑتی ہے  اس لئے اسے مسلسل جاری رہنے کی ضرورت ہے۔ مودی نے  ریڈیو پر  نشر ہوئے اپنے ماہانہ پروگرام  ’من کی بات‘ میں خاندانوں میں کہانی  سنانے کے  رواج کا  ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کورونا  بحران  کے دوران  جب  ۲؍ گز کی دوری ضرورت بن گئی  ہے ،ایسے میں اسی بحران کے دوران قصہ  گوئی کی  ہماری روایت نے  خاندان کے اراکین کو  آپس میں جوڑنے اور قریب لانے  کاکام بھی کیا ہے۔فیملی  میں  ایک  ساتھ لمبے عرصے تک مل کر کیسے رہنا  ہے اور ہر لمحے خوشی میں کیسے گزارنا  ہے اس  کی کمی کہیں کہیں محسوس ہوتی ہے لیکن بحران کی  اس گھڑی  میں ہر  خاندان میں کوئی نہ کوئی بزرگ گھر  میں  نیا جوش اور نئی  توانائی  بھر دیتے ہیں۔
 انہوں نے کہا کہ  اس دوران ہمیں ضرور احساس  ہوا ہوگا کہ  ہمارے  آباء واجداد نے خاندان  میں کہانیاں  سنانے اور قصہ گوئی کے جو اصول  بنائے  تھے  وہ آج بھی  اہم  ہیں۔ خاندان  میں کہانی  سنانے کے  اس فن کی ہمارے یہاں  اتنی ہی  قدیم روایت  ہے جتنی پرانی  انسانی تہذیب  ہے۔مودی نے کہا کہ کہانیاں لوگوں کی تخلیقی صلاحیت اور حساس پہلو کو سامنے  لاتی ہیں اور  اسے  ظاہر کرتی ہیں۔ اس  کی طاقت  اس  وقت زیادہ  محسوس ہوتی ہے جب کوئی  ماں اپنے چھوٹے بچے کو سلانے کے لئے یا اسے کھانا  کھلانے کے لئے کہانی  سنارہی  ہوتی  ہے۔انہوں نے اس  بات پر  حیرانی کا اظہار کیا  کہ اب بچوں کی کہانیوں  میں دلچسپی کم ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں اپنی زندگی میں بہت  طویل عرصے تک  ایک خاندان  کے طورپر رہا۔ گھومنا ہی میری  زندگی تھی۔  ہر  دن  نیا گاؤں، نئے لوگ، نئے خاندان  لیکن  جب میں خاندانوں میں  جاتا  تھا  تو میں بچوں سے  ضرور باتیں کرتا تھا اور کبھی کبھی بچوں کوکہتا تھا کہ چلو بھائی  مجھے کوئی کہانی سناؤ،  تو میں حیران ہوتا  جب بچے کہتے تھے  نہیں  انکل  کہانی  نہیں ہم لطیفہ سنائیں گے،  مجھے بھی  وہ یہی کہتے  تھے  کہ  انکل آپ ہمیں  لطیفہ سناؤ یعنی ان کو کہانی سے کوئی واقفیت ہی  نہیں تھی۔  زیادہ تر ان کی  زندگی لطیفوں  پر مشتمل تھی۔‘‘وزیر اعظم مودی نے  پنچ تنتر کی کہانیوں کاتذکرہ کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ملک جلد ہی آزادی کی ۷۵؍ویں سالگرہ منانے جارہا ہے اس لئے گھروں میں غلامی کے دور کے واقعات سنائے جائیں ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK