کہا کہ بحرِ ہند، ہندوستان اورسیشلز تعلقات کا ستون ہے، اس کی سیکوریٹی اور خوشحالی مشترکہ ذمہ داری ہے، سیشیلز کی جانب سے وزیراعظم مودی کو ’گارجین آف دی بلیوہورائزن‘ نامی ایوارڈ سے نوازا گیا۔
EPAPER
Updated: June 29, 2026, 9:45 AM IST | New Delhi
کہا کہ بحرِ ہند، ہندوستان اورسیشلز تعلقات کا ستون ہے، اس کی سیکوریٹی اور خوشحالی مشترکہ ذمہ داری ہے، سیشیلز کی جانب سے وزیراعظم مودی کو ’گارجین آف دی بلیوہورائزن‘ نامی ایوارڈ سے نوازا گیا۔
وزیراعظم نریندر مودی نے سیشیلز کے اپنے ۳؍ روزہ دورے کے دوسرےدن اتوار کو اپنے ہم منصب پیٹرک ہرمینی سے ملاقات کی۔ اس دوران انہوں نے ہند سیشیلز باہمی تعلقات کومزید مضبوط کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم مودی نے بحرِ ہند کو سیشلز اور ہندوستان کے تعلقات کا ستون بتایا۔
وزیراعظم مودی نے اتوار کو صدر پیٹرک ہرمینی کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کے بعد مشترکہ بیان میں کہا کہ ہمارا تصور بحرِ ہند کو مواقع کا سمندر بنانا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ان کا دورہ ایسے تاریخی موقع پر ہو رہا ہے، جب سیشلز اپنی آزادی کے پچاس سال مکمل کر رہا ہے اور ہم ہند-سیشلز سفارتی تعلقات کی بھی پچاسویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان پچاس برسوں کے سفر میں ہم نے دوستی کو اعتماد میں، اعتماد کو تعاون میں اور تعاون کو عوامی بہبود میں بدلا ہے۔ بحرِ ہند نے صدیوں سے ہندوستان اور سیشلز کے تعلقات کو سینچا ہے۔ اس کی لہروں نے ہمارے درمیان تجارت، ثقافت اور انسانی تعلقات کو مسلسل پروان چڑھایا ہے۔‘‘مودی نے کہا کہ اس سال فروری میں صدر ہرمینی کے دورۂ ہندوستان کے دوران جاری کردہ مشترکہ ویژن سے مستقبل کی شراکت داری کا بلیو پرنٹ تیار ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’آج ہم نے اپنے اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط اور مستقبل کیلئے تیار کرنے پر بات چیت کی۔ ہم دونوں ممالک کی صنعتوں کیلئے نئے مواقع کی تلاش جاری رکھیں گے۔ ہندوستان اور سیشلز کے درمیان کنیکٹیویٹی بڑھانے پر بھی کام کیا جائے گا۔ اس سے ہماری تجارت تو بڑھے گی ہی، ساتھ ہی ساتھ مشرقی افریقہ اور بحرِ ہند کے خطے کے ساتھ تعلقات کو بھی طاقت ملے گی۔‘‘ دونوں ممالک کے درمیان یوپی آئی کے بارے میں ہوئے مفاہمت نامے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’ہمارا یقین ہے کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی دونوں ممالک کے درمیان کی دوری کو کم کرنے کا مؤثر ذریعہ ہے۔ ہم ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر میں ہندوستان کے کامیاب تجربے کو سیشلز کے ساتھ شیئر کریں گے اور مجھے خوشی ہے کہ آج یو پی آئی کو سیشلز میں نافذ کرنے کے لیے مفاہمت نامے پر دستخط کیے جا رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’آج جن اوشدھی پر کیے گئے ایم او یو سے سیشلز کے لوگوں کو معیاری اور سستی ادویات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔ ہم صلاحیتوں کو بڑھانے اور ٹریننگ کے ذریعے سیشلز کی طبی دیکھ بھال کو مزید بااختیار بنانے کی کوششیں کرتے رہیں گے۔‘‘ وزیرِ اعظم نے کہا کہ توانائی اور موسمیاتی اقدامات میں بھی ہمارا تعاون مسلسل آگے بڑھ رہا ہے۔ ہم گرین ہائیڈروجن سمیت صاف ستھری توانائی کے نئے شعبوں میں بھی تعاون جاری رکھیں گے۔
یہ بھی پڑھئے: یورپی ممالک میں گرمی کا قہر، تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے، نظام زندگی متاثر
قابل ذکر ہے کہ سیشلز نے وزیر اعظم نریندر مودی کو اتوار کو اپنے سپریم اعزاز ’بلیو ہورائزن کے سرپرست‘ سے نوازا۔و زیراعظم مودی کو صدر پیٹرک ہرمینی کے ساتھ دوطرفہ بات چیت کے بعد یہ اعزاز فراہم کیا گیا۔ وزیر اعظم مودی کو ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی میں قیادت کیلئے یہ اعزاز دیا گیا ہے۔ یہ اعزاز ملنے کے بعد وزیراعظم مودی نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ میں سیشلز کے عوام، حکومت اور صدر ہرمینی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے مجھے ’بلیو ہورائزن کے سرپرست‘ کے اعزاز سے نوازا۔ میں اسے عاجزی کے ساتھ قبول کرتا ہوں اور اسے ان تمام ممالک کے نام کرتا ہوں جو موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں اور جو ماحولیاتی تحفظ کو آنے والی نسلوں کے تئیں اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔