Inquilab Logo

کوروناپر وزیر اعظم کی جائزہ میٹنگ ، ماسک لازمی نہیں مگراستعمال کی اپیل

Updated: December 23, 2022, 9:43 AM IST | new Delhi

چین میں کورونا کے انتہائی خطرناک شکل اختیار کرلینے کے بعد پوری دنیا میں ہلچل مچ گئی ہے۔ پڑوسی ملک کے حالات کو دیکھتے ہوئے ہندوستان میں بھی مرکزی حکومت حرکت میں آگئی ہے۔

By wearing a mask, Prime Minister Modi himself encouraged the citizens to use it. (PTI)
وزیر اعظم مودی نے خود ماسک پہن کر شہریوں کو بھی اس کے استعمال کی ترغیب دی ہے۔(پی ٹی آئی )

 چین میں کورونا کے انتہائی خطرناک شکل اختیار کرلینے کے بعد پوری دنیا میں ہلچل مچ گئی ہے۔ پڑوسی ملک کے حالات کو دیکھتے ہوئے ہندوستان میں بھی مرکزی حکومت حرکت میں آگئی ہے۔ اس نے گزشتہ روزمتعدد اقدامات کرنے کے بعد جمعرات کو وزیر اعظم مودی کی قیادت میں اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد کی۔ اس میٹنگ میں وزیر اعظم مودی ، وزیر صحت من سکھ مانڈو یہ،  انڈین میڈیکل اسوسی ایشن کے نمائندے ،  اعلیٰ افسران ، محکمہ صحت کے اعلیٰ افسران اور ماہرین شامل تھے۔ وزیر اعظم نےمیٹنگ میں ملک میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا اور متعدد ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے فی الحال ماسک لازمی نہیں قرار دیا لیکن اپیل کی کہ اپنے آس پاس کے لوگوں کو بچانے کے لئے ماسک ضرور لگائیں اور کورونا کی تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔وزیر اعظم مودی نےٹیسٹنگ بڑھانے، بوسٹر ڈوز لگانے اور علامات ظاہر ہونے پر لازمی طور پر ٹیسٹ کروانے کی اپیل بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک جن حالات سے گزر رہا ہے اس میں ہمیں بہت سی چیزوں کو لازمی کرنے کی ضرورت نہیں ہے لیکن شہری اگر ابھی سے احتیاط برتیں تو کورونا کا کوئی بھی ویرینٹ ہمارے یہاں کامیاب نہیں ہو سکے گا۔  انہوں نے اس تعلق سے آئی ایم اے کو احتیاطی تدابیر سے متعلق ہدایتیں بھی جاری کرنے کا حکم بھی دیا اور کہا کہ کورونا سے اس اسٹیج پر بچائو صرف اور صرف احتیاط کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
  دوسری طرف مرکزی وزیر صحت من سکھ مانڈویہ نے پارلیمنٹ میں کورونا کے تعلق سے حکومت کی تیاریوں کے بارے میں مکمل معلومات فراہم کی ۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے کچھ ممالک میں کووڈ انفیکشن کے بڑھتے معاملات اوربڑی تعداد میں ہونے والی اموات کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے ۔  پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں خود ہی  بیان دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں صحت کا بنیادی ڈھانچہ بہت اچھا ہے اور ضروری ادویات وآکسیجن اور دیگر سامان کا وافر ذخیرہ موجود ہے۔ اراکین کی وضاحتوں کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک اس صورتحال سے نمٹنے کے لئے پوری طرح تیار ہے اور وہ خود عالمی ادارہ صحت کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ بین الاقوامی ہوائی اڈوں پربیرون ملک سے آنے والے مسافروں میں سے دو فیصد کی  اسکریننگ کی جارہی ہے اور اگر ضرورت پڑی تو اسے لازمی بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام بڑے اسپتالوں میں آکسیجن پلانٹس کام کر رہے ہیں اور ان کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ساتھ ہی زائد اسٹاک کے سلسلے میں ہدایتیں بھی جاری کردی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران ملک میں کووڈ انفیکشن کی شرح میں کمی آئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK