Inquilab Logo

کووی شیلڈ معاملے میں اپوزیشن لیڈران نے مودی حکومت کو گھیرا، سوالات قائم کئے

Updated: May 02, 2024, 11:10 AM IST | New Dehli

آر جے ڈی نےکہا’’ ویکسین کی وجہ سے ہونیوالی اموات کا ذمہ دار کون ؟‘‘ اجے رائے نے کہا’’وزیراعظم بتائیں  کہ انہوں  نے کونسا ٹیکہ لگوایا تھا‘‘۔

Akhilesh Yadav. Photo: PTI.
اکھلیش یادو۔ تصویر: پی ٹی آئی۔

ایسے وقت میں  جبکہ ملک میں  لوک سبھا الیکشن چل رہے ہیں، کووی شیلڈ کے تعلق سے ان انکشافات نے حکومت کو کٹہرے میں کھڑ اکردیاہے۔ آر جے ڈی نے سوال کیا ہے کہ ویکسین کی وجہ سے ہونےوالی اموات کا ذمہ دار کون ہے؟ پارٹی نے ملک بھر میں  ہارٹ اٹیک کے معاملات میں  اضافے کا حوالہ دیا جبکہ اکھلیش یادو نے حکومت میں  موجود ان ذمہ داران کے خلاف فوری مقدمہ درج کرنے کی مانگ کی ہے جنہوں  نے کووی شیلڈ کے استعمال کو منظوری دی تھی۔ اسکے ساتھ ہی اکھلیش  نے یہ بھی کہا کہ ’’اس کا نقصان خود بی جےپی کے لوگوں  کو بھی ہواہے۔ ‘‘ انہوں  نے ہندوستان میں  کورونا کی ویکسین تیار کرنےوالی کمپنی سیرم انسٹی ٹیوٹ سے بی جےپی کو ملنے والے چندہ کے پس منظر میں  کہا کہ ’’حکومت کو سوداگر نہیں  ہونا چاہئے۔ ‘‘ انہوں  نے عوام سے اپیل کی کہ ’’چندہ کے چند کروڑ روپوں   کیلئے ملک کی ۸۰؍ فیصد آبادی کی جان خطرہ میں ڈالنے والی پیسوں   کی لالچی پارٹی کوملک کے عوام لوک سبھا الیکشن میں  بری طرح  ہرا کر جواب دیں  گے۔ ‘‘ 
سماجوادی پارٹی کے سربراہ  نے ایکس پوسٹ میں  کہا ہے کہ ’’پورے ملک کے خوفزدہ عوام اپنے ویکسین سرٹیفکیٹ کو نکال کردیکھ رہے ہیں  کہ انہیں  کون سا ٹیکہ لگاہے۔ ہم نے پہلے بھی کہاتھا اوراب بھی کہہ رہے ہیں  کہ پوری طرح جانچ کے بغیر ٹیکہ کاری ٹھیک نہیں تھی۔ ‘‘ انہوں  نے کہا کہ ’’بی جےپی لیڈر اب کہیں  بھی جائیں، عوام کی زندگیوں سے جڑا ہوا یہ سوال ان کا پیچھا کرتا رہے گا۔ ‘‘
بنارس میں  وزیراعظم مودی کے خلاف کانگریس کے امیدوار اور یوپی کانگریس کے سربراہ اجے رائے نے بھی کووی شیلڈ کے حوالے سے حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے اس پر عوام کی زندگیوں  کا سودہ کرلینے کا الزام لگایا۔ انہوں  نے مطالبہ کیا کہ’’وزیراعظم اپنا ٹیکہ کاری سرٹیفکیٹ دکھائیں   اور عوام کو بتائیں  کہ انہوں  نے کون سا ٹیکہ لگوایاتھا۔ ‘‘انہوں  نے کہا کہ ’’مودی دنیا میں  کسی ملک کے پہلے سربراہ تھے جنہوں  نے اپنی تصویر لگا کرکووی شیلڈ کی تشہیر کی تھی، کیا اب کووی شیلڈ کے مضر اثرات کی وجہ سے ہونے والی اموات کی ذمہ داری وہ قبول کریں گے؟‘‘ آر جے ڈی نے بھی ایکس پوسٹ پر مودی حکومت سے سوال کیا ہے کہ کووی شیلڈ سے ہونے والی اموات کیلئے اب کسے ذمہ دار ٹھہرایا جائےگا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK