• Thu, 18 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایتھوپیا کے پارلیمنٹ سے وزیرا عظم کا خطاب

Updated: December 18, 2025, 11:09 AM IST | Agency | Addis Ababa/Muscat

مودی نے کہاکہ عالمی سطح پر ترقی پزیر ممالک کی آواز بلند کرنے کیلئے دونوں ملکوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ عمان دورے کا آغاز۔

Prime Minister Modi addressing a joint session of Parliament. Picture: INN
وزیر اعطم مودی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتےہوئے۔ تصویر: آئی این این
ہندوستان اور ایتھوپیا کو قدیم علم اور جدید امنگوں کا سنگم قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر ترقی پزیر ممالک کی آواز کو بلند کرنے کیلئے دونوں ملکوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ 
مودی نے ایتھوپیا کے اپنے دو روزہ دورے کے آخری دن بدھ کو یہاں ایتھوپیا کی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا۔ پارلیمنٹ سے خطاب کرنے کے موقع کو اعزاز کے طور پر بتاتے ہوئے  مودی نے  کہا، ’’جمہوریت کے اس مندر کے ذریعے وہ ایتھوپیا کے عام شہریوں، کسانوں، صنعت کاروں، قابل فخر خواتین اور نوجوانوں سے بات چیت کررہے ہیں جو ملک کے مستقبل کو تشکیل دے رہے ہیں۔‘‘ 
وزیراعظم نے انہیں ایتھوپیا کا سب سے بڑا اعزاز عطا کرنے پر ایتھوپیا کے عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے اس بات پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا کہ اس دورےمیں دونوں ممالک کے درمیان قدیم تعلقات کو اسٹریٹجک پارٹنرشپ کا درجہ حاصل ہوا ہے۔ ہندوستان اور ایتھوپیا کے درمیان تہذیبی تعلقات کو یاد کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ دونوں ممالک قدیم حکمت اور جدید خواہشات کا سنگم ہیں۔ اس تناظر میں انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا قومی نغمہ ’وندے ماترم‘ اور ایتھوپیا کا قومی ترانہ دونوں اپنی سرزمین کو ماں کہہ کر مخاطب کرتے ہیں۔ دونوں ممالک کی مشترکہ جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے ہندوستانی فوجیوں کے تعاون پر زور دیا جنہوں نے ۱۹۴۱ء میں ایتھوپیا کی آزادی کے لئے ایتھوپیا کے شہریوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر لڑا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا کے  باشندوں کی قربانیوں کی علامت اڈو وکٹری یادگار پر خراج عقیدت پیش کرنا ان کے لئے اعزاز کی بات ہے۔ 
وزیر اعظم نے ہندوستان-ایتھوپیا شراکت داری کو مزید مضبوط اور وسیع کرنے کے ہندوستان کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے ایتھوپیا کی ترقی اور خوشحالی میں ہندوستانی اساتذہ اور ہندوستانی کاروباری اداروں کے تعاون کو یاد کیا۔ انہوں نے ہندوستان کے ترقیاتی تجربات بشمول ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر، فوڈ پروسیسنگ اور اختراعات کا اشتراک کیا اور ایتھوپیا کی ترجیحات کے مطابق ترقیاتی تعاون جاری رکھنے کے لئے ہندوستان کی تیاری کا اظہار کیا۔ انسانیت کی خدمت کرنے کے ہندوستان کے عزم کو اجاگر کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ کووڈ وبائی مرض کے دوران ایتھوپیا کو ویکسین فراہم کرنا ہندوستان کے لئے فخر کی بات ہے۔ وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ’گلوبل ساؤتھ‘ کے ممالک کے طور پر ہندوستان اور ایتھوپیا کو ترقی پزیر ممالک کی آواز کو مزید مضبوط کرنے کے لئے ایک ساتھ کھڑا ہونا چاہئے۔ انہوں نے عالمی دہشت گردی کے خلاف جنگ کو مضبوط بنانے میں ایتھوپیا کی یکجہتی پر اظہار تشکر کیا۔ 
دریں اثناءوزیر اعظم نریندر مودی اپنے چار روزہ تین ملکی دورے کے آخری مرحلے میں بدھ کی شام مسقط پہنچےجہاں ہوائی اڈے پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ عمان کے دفاعی امور کے نائب وزیراعظم سید شہاب بن طارق السید نے ہوائی اڈے پر ذاتی طور پر وزیر اعظم مودی کا استقبال کیا۔ اس دوران مودی نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ ان کے استقبال کے لئے ہندوستانی قومی ترانے   بجایا گیا۔
مسقط پہنچنے پر وزیراعظم نے نائب وزیر اعظم سید شہاب بن طارق السید سے ملاقات کی۔ عمان کے نائب وزیر اعظم نے مودی کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔مودی سلطان طارق کی دعوت پر عمان کا دورہ کر رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK