Inquilab Logo

اسمبلی الیکشن سے پہلے وزیر اعظم کادورۂ بنارس، خاص بنانے کی کوشش

Updated: July 15, 2021, 11:59 AM IST | Agency/Inquilab News Network | Varanasi

نریندر مودی کا ۸؍ ماہ بعد اپنے پارلیمانی حلقے کادورہ ۔ حفاظتی انتظامات کیلئے پولیس مستعد ، تمام تیاریاں مکمل ، اہم منصوبوں کا افتتاح کریںگے اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔تقریباً ایک ہزار ۵۵۰؍ کروڑ روپے کے منصوبوں کا افتتاح اور تقریباً۱۰؍ منصوبوں کا سنگ بنیاد متوقع ۔ہند جاپان دوستی کے علامت کنونشن سینٹر کے سنگ بنیاد میںجاپان کے سفیر بھی شرکت کریں گے

The arena where the Prime Minister will address. Police meeting before the visit.Picture:INN
وہ میدان جہاں سے وزیر اعظم خطاب کریںگے۔ دورے سے پہلے پولیس کی میٹنگ ۔۔تصویر : پی ٹی آئی

 اترپر دیش اسمبلی انتخابات سے قبل آج ( جمعرات کو) وزیر اعظم نریند ر مودی اپنے پارلیمانی حلقے کا دورہ کریں گے۔ ماہرین کے مطابق  اسمبلی انتخابات کے پیش نظر اس دورے کی اہمیت بڑھ گئی ہے اور اس دورے کےپروگرام اس طرح  ترتیب دیئے گئے ہیں کہ اس سے ۲۰۲۲ء کے اسمبلی انتخابات میں    بی جے پی کا فائدہ ہو سکتا ہے ۔  وزیر اعظم نریندر مودی اپنے پارلیمانی حلقے وارانسی کے دورے  میں  تقریباً ایک ہزار ۵۵۰؍ کروڑ روپے کے  منصوبوں کا افتتاح  اور تقریباً۱۰؍ منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔یہ وزیر اعظم کا اپنے پارلیمانی حلقے کا گزشتہ۸؍ مہینوں میں پہلا دورہ ہوگااور امکان ہے کہ وہ وہاں۶۔۵؍گھنٹوں تک قیام کریں گے۔ ضلع انتظامیہ نے بتایا کہ وزیر اعظم کے پروگراموں کے پیش نظر تمام تیاریاں تقریبا ًمکمل کرلی گئی ہیں۔ سیکوریٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔  وزیراعظم  نریندر مودی بنارس ہندو یونیورسٹی( بی ایچ یو) کے احاطے میں منعقدہ ایک ریلی میں نقاب کشائی، افتتاح اور سنگ بنیاد کی تقریبات کے ساتھ ہی عوام سے بھی خطاب کریں گے۔یہاں کووڈ پروٹوکول پر عمل کرتے ہوئے ۵؍ہزارافراد کے بیٹھنے کا نظم کیا گیا ہے۔  پی ایم او کے ذرائع سے موصولہ اطلاع کے مطابق مودی آج ( جمعرات کو) صبح ۱۱؍ بجے بی ایچ یو  کے آئی آئی ٹی میدان میں منعقدہ ریلی میں آئیں گے جہاں وہ اربوں روپے کی ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔ گودولیا چوراہے پر پہلی ملٹی لیول پارکنگ، بی ایچ یو اسپتال میں ۱۰۰؍بستروں کا میٹرنٹی اینڈ چائلڈ برانچ، وارانسی غازی پور  شاہراہ پر تین لین کا فلائی اوور، سیاحتی ترقی کے لئے گنگا آمدورفت کے لئے رو رو سیوا سمیت ۷۴۴؍کروڑ روپے کی ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔اس کے علاوہ۸۳۹؍کروڑ روپے کے مختلف منصوبوں کا سنگ بنیادرکھا جائے گا۔ اس کا قومی امکان ہے کہ وزیراعظم اپنے اس دورے  میں وارانسی سے ریاست کے ۹؍ میڈیکل کالجوں کا  ورچوئل افتتاح کریں گے۔ اپنے یک روزہ دورے میں وزیر اعظم کاشی وشو ناتھ مندر،سمپورنانند سنسکرت یونیورسٹی اور رودراکش کنونشن سینٹر کا دورہ کریں گے۔  وزیر اعظم سگرا میں جاپان کے ذریعہ بنائے گئے رودراکش کنونشن سینٹر کا افتتاح کریں جہاں  جاپان کے سفارتکار بھی موجود ہوں گے۔ اہم بات یہ ہے کہ کنونشن سینٹر کے طور پرجاپان نے ہندوستان سے دوستی کا ایک ایسا نایاب تحفہ دیا ہے جہاں ہندوستانی شہری ثقافتی پروگرام  دنیا کے بہترین آلات اور سہولیات کے ساتھ کرسکیں گے۔ یاد رہےکہ اس کنونشن سینٹر کی بنیاد ۲۰۱۵ء میں اس وقت  رکھی گئی تھی جب جاپان کے اس کے وقت کے وزیر اعظم  شینزو آبے کو وزیر اعظم نریندر مودی اپنے پارلیمانی حلقے وارانسی لے کر آئے تھے۔وارانسی کے سگرا میں ۳؍ ایکڑ زمین پر ۱۸۶؍کروڑ روپے کے خرچ سے بنا رودراکش کنونشن  سینٹر  تمام طرح کے جدید آلات اور سہولیات  آراستہ سے  ہے۔اس میں ۱۲۰؍گاڑیوں کی پارکنگ کی سہولت کے ساتھ ایک ہزار ۲۰۰؍افراد  کے بیٹھنے کے لئے ویتنام سے کرسیاں منگوائی گئی ہیں۔اس کی فنڈنگ جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی نے کی ہے اور تعمیر اتی  کام بھی جاپان کی کمپنی ہی نے کیا ہے۔
  ادھر پولیس ذرائع نے بتایا کہ سیکوریٹی کے مکمل انتظام کئے گئے ہیں۔ اس کے لئے۲۱؍آئی پی ایس، ۴۲؍ایڈیشنل ایس پی،۶۵؍ڈپٹی ایس پی، پی اے سی اور سینٹرل آرمڈ فورسیز کی ۱۲۔۱۲؍ کمپنیوں کے علاوہ۵؍ ہزار سے زیادہ سیکوریٹی اہلکاروں کو جگہ جگہ مامور کیا گیا ہے۔ جس میدان میں وزیر اعظم خطاب کریں گے ، اسے سیل کردیا گیا ہے اور آس پاس ضروری بیریگیٹنگ کی گئی ہے۔سڑک   کے راستے میں پڑنے والی اونچی عمارتوں کے اوپر سیکوریٹی اہلکاروں کو مامور کیا گیا ہے اور آمدورفت کو کنٹرول کرنے کیلئے تقریباً ۵۰۰؍پولیس اہلکار وںکومامور کیا گیا ہے۔  قبل ازیں وزیر اعظم کے دورے کے پیش نظر یوپی کے  وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ ، چیف سیکریٹری آر کے تیواری اور ڈی جی پی مکل گوئل  نے وزیر اعظم کے مجوزہ پروگراموں کے مقامات کا دورہ کیا تھا اور تیاریوں کا جائزہ لیا  تھا۔ بنارس کے بنکر وزیر اعظم سے ملاقات کے خواہشمند ا دھربنارس کے بنکر وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرکے انہیں مارواڑی پگڑ ی کا تحفہ دینا چاہتےہیں۔ اس سلسلے میں  بدھ کو  اجازت کیلئے شہر کے للا پو ر علاقہ میں رہنے والے  بنکر غیاث احمد نے ڈی ایم کوشل راج شرما کو خط لکھاہے۔ پی ایم او سے اجازت ملنے کے بعدضلع انتظامیہ اس کی اجازت دے سکتا ہے۔ غیاث احمد کاخاندان بہت پہلے سے مارواڑی پگڑی تیار کرتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK