Updated: December 25, 2025, 9:00 PM IST
| Los Angeles
جیمز کیمرون کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی سائنس فکشن فلم ’’اوتار: فائر اینڈ ایش‘‘ نے عالمی باکس آفس پر شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ۴۵۰؍ ملین (تقریباً ۴؍ ہزار ۴۲؍ کروڑ روپے) کا مجموعی بزنس کر لیا ہے۔ ہندوستان میں یہ فلم ۱۰۰؍ کروڑ کلب میں شامل ہوگئی ہے۔
’’اوتار: فائر اینڈ ایش‘‘ کا پوسٹر۔ تصویر: آئی این این
ہالی ووڈ کے مشہور ڈائریکٹر جیمز کیمرون کی نئی فلم ’’اوتار: فائر اینڈ ایش‘‘ نے باکس آفس پر زبردست آغاز کیا ہے۔ ریلیز کے پہلے چھ دنوں میں فلم نے دنیا بھر میں ۴۵۰؍ ملین ڈالر (۴؍ہزار ۴۲؍ کروڑ روپے سے زائد) سے زائد کی کمائی کی ہے۔ اسے ۲۰۲۵ء کی ایک بڑی عالمی کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔ فلم نے شمالی امریکہ میں پہلے ہفتے میں ۸۸؍ ملین سے زائد کی کمائی کی جبکہ بیرون ملک مارکیٹس نے اس کی مجموعی رقم کو مضبوطی سے بڑھایا۔
ہندوستانی باکس آفس
ہندوستانی باکس آفس پر فلم نے ریلیز کے ابتدائی دنوں میں مضبوط کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق، پہلے روز مجموعی کمائی تقریباً ۱۹؍ کروڑ، دوسرے روز تقریباً ۵ء۲۲؍ کروڑ اور تیسرے روز تقریباً ۷۵ء۲۵؍ کروڑ رہی جبکہ چھٹے دن تک مجموعی آمدنی تقریباً ۷۵ء۹۵؍ کروڑ رہی۔ یہ قابلِ ذکر ہے کہ ہندوستان میں فلم ۱۰۰؍ کروڑ کلب میں شامل ہوگئی ہے۔
پچھلے ریکارڈز سے موازنہ
اگرچہ فلم نے مضبوط آغاز کیا ہے لیکن یہ اپنی سابقہ قسط ’’اوتار: دی وے آف واٹر‘‘ کی طرح باکس آفس پر ریکارڈ نہیں توڑ پا رہا۔ اس نے عالمی سطح پر ۳۲ء۲؍ بلین ڈالر سے زائد کی کمائی کی تھی جس نے اسے سب سے کامیاب فلموں میں شمار کیا۔ ’’اوتار ۳‘‘ تاحال صحیح معنوں میں اتنی ہی بلند پوزیشن تک نہیں پہنچی لیکن توقع ہے کہ تعطیلات کے دوران اس کی رفتار میں تیزی آئے گی اور یہ مجموعی طور پر ۵ء۱؍ بلین یا ۲؍ بلین تک پہنچنے کے امکانات رکھتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: فلسطینی جدوجہد ’وجود کی بقا‘ ہے، ’اوتار: فائر اینڈ ایش‘ اسکے متوازی: جیمز کیمرون
عالمی منظرنامہ
فلم کی مضبوط کارکردگی خاص طور پر چین، یورپ اور شمالی امریکہ جیسی بڑی مارکیٹس میں دیکھی جا رہی ہے۔ چین میں اس نے مقبول ترین ہالی ووڈ فلموں میں سے ایک کی حیثیت حاصل کی ہے اور ہزاروں ٹکٹوں کی فروخت کی اطلاع مل رہی ہے۔ یہ بھی نوٹ کیا گیا ہے کہ ’’اوتار ۳‘‘ نے ’’اوتار‘‘ سیریز کو تاریخ کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم ٹرائیلوجی بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، جس کا مجموعی بزنس ۶ء۵؍ بلین ڈالر سے زائد ہوگیا ہے۔