Inquilab Logo

شہریت ایکٹ کی حمایت میں پروگرام ، اسکول کو نوٹس

Updated: January 14, 2020, 2:46 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

شہریت ترمیمی ایکٹ(سی اے اے ) کے تعلق سے ۱۱؍ جنوری کو ممبئی کے علاقے ماٹونگا کےاسکول ’ دیانند ودیالیہ‘  میں ایک پروگرام منعقد کیا گیا تھا۔ اس سلسلے میں ریاستی ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے ۱۳؍ جنور ی کو نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

کریٹ سومیا ۔ تصویر : مڈ ڈے
کریٹ سومیا ۔ تصویر : مڈ ڈے

 ممبئی : شہریت ترمیمی ایکٹ(سی اے اے ) کے تعلق سے ۱۱؍ جنوری کو ممبئی کے علاقے ماٹونگا  کےاسکول ’ دیانند ودیالیہ‘  میں ایک پروگرام منعقد کیا گیا تھا۔ اس سلسلے میں ریاستی ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے ۱۳؍ جنور ی کو نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ اس نوٹس پر بی جےپی کے لیڈر اور سابق رکن پارلیمان کریٹ سمیا نے شدید رد ِ عمل ظاہرکرتے ہوئے حکومت کے ذریعے اسکول کو دیئے گئے اس نوٹس کی مذمت کی ہے لیکن جب ان سے یہ پوچھا گیاکہ جو قانون اب تک بڑوں کی سمجھ میں نہ آسکا، اس تعلق سے طلبہ کو سمجھانے کیلئے  پروگرام کرنا اور وہ بھی بی جے پی لیڈران کے ذریعے یہ کہاں تک درست ہے؟ توانہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔
 اس سلسلے میں بی جےپی کے لیڈر کریٹ سمیا کی جانب سے ۲۸؍  سیکنڈ کا ایک ویڈیو بی جے پی کے سوشل میڈیا گروپ پر اپ لوڈ کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہےکہ ’’ طلبہ اور شہریوں میں سی اے اے کے تعلق سے بیداری کا پروگرام منعقد کرنے پر مہاراشٹر کی ٹھاکرے حکومت نے ممبئی کی دیانند ودیالیہ کو نوٹس جاری کیا ہے۔ ملک کی پارلیمنٹ نے شہریت ترمیمی قانون (سٹیزن امینڈ مینٹ ایکٹ  ) کو منظور کیا اور صدر جمہوریہ نے بھی اسے منظوری دی ہے ، اب اسےنافذ کرنے کی کارروائی بھی شروع ہو چکی ہے، ایسے حالات میں طلبہ اور شہریوں  میں اس قانون  سے متعلق بیداری  لانے کیلئے اگر کوئی پروگرام منعقد کیا جاتا ہے تو اس کیلئے نوٹس جاری کرنا افسوسناک عمل ہے۔‘‘
 اس ویڈیو کے منظرعام پرآنے کے بعد بعد جب کریٹ سمیا سے این ڈی ٹی وی(ہندی) کے صحافی نے متعدد سوالات کئے تووہ  ان کاجواب دینے سے بچتے رہے۔ صحافی  نے پوچھا کہ اسکول میں بی جےپی کے لیڈران کے ساتھ سی اے اے کے تعلق سے چھوٹے طلبہ کا پروگرام کیا گیا ، اس پر آپ کیا کہیں گے؟ کریٹ سمیا  نے کہا کہ ’’ مَیں نے آپ کو جواب دے دیا ہے۔‘‘حالانکہ ۴؍ منٹ اور ۱۶؍ سیکنڈ کے اس ویڈیو میں انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔صحافی نے مزید پوچھا کہ کیا آپ کو نہیں لگتا کہ یہ غلط سیاست ہو رہی ہے کیونکہ ابھی بڑے لوگ  ہی اسے (سی اے اے ) سمجھ نہیں پائے ہیں اور بی جے پی کے لیڈران بچوں کو اسے سمجھانے کی کوشش کر رہے ہیں؟یہ بھی کہا گیا کہ کچھ غدار اس کی مخالفت کر رہے ہیں، طلبہ کو پوسٹ کارڈ دیئے گئے اور ان سے کہا گیا کہ اس قانون پر آپ لکھئے ،کیا یہ صحیح ہے؟کریٹ سمیا نے اس پر کہا کہ ’’مَیں نے آپ کو جواب دے دیا ہے۔‘‘ جب جرنلسٹ نے پوچھا کہ یہ سارے سوالات نہیں پوچھے گئے تھے تو وہ  با ر بار یہی جواب دیتے رہے کہ مَیں نے آپ کو جواب دے دیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK