Inquilab Logo

ملک کےممتازدانشور، شاعراورنقاد پروفیسرمظفرحنفی انتقال کرگئے

Updated: October 11, 2020, 9:01 AM IST | Agency | New Delhi

تدفین بٹلہ ہائوس قبرستان میں عمل میں آئی ، گزشتہ ۲؍ سال سے سخت علیل تھے ، اردو دنیا میں صف ماتم بچھ گئی

Muzaffar Hanfi
ممتازد انشور، شاعر اور ناقد پروفیسر مظفر حنفی

اردو کےممتازد انشور، شاعر، ناقد پروفیسر مظفر حنفی کا یہاں انتقال ہو گیا۔ وہ۸۴؍ برس کے تھے۔ تدفین بعد نماز عشاء بٹلہ ہائوس قبرستان میں عمل میں آئی۔ ان کےپسماندگان میں بیوہ، ایک بیٹی اور پانچ بیٹے ہیں۔ ان کے انتقال کی خبر سے ادبی حلقوں صف ماتم بچھ گئی ہے۔وہ دو سال سے شدیدبیمار تھے۔ انہیں سانس لینے میں تکلیف کا سامنا تھا جس کی وجہ انہیں آکسیجن سلنڈر لگایا گیاتھا جو ہر وقت لگا رہتا تھا ۔ ان کے صاحبزادے اور شاعرو  ادیب فیروز مظفر نے بتایا کہ۲۰۱۸ء میں عمرہ کرنے کے بعد سے  مظفر صاحب بیمار تھے حالانکہ  ادھر دو دن سے طبیعت کچھ بہتر تھی لیکن سنیچر کو ان کی طبیعت بگڑ گئی اور عصر کے وقت انہوں نے آخری سانس لی۔ 
 پروفیسر مظفر حنفی ادب کی مختلف اصناف میں یکساں قدرت رکھنے کیلئے شہرت رکھتے ہیں۔ تنقید، تحقیق اورشاعری کے ساتھ ساتھ انہوں نے مختلف ادبی  اصناف میں کارہائے نمایاں انجام د ئیے ہیں۔ شاد عارفی سے انہوں نے شاعری کے رموز سیکھے اور پروفیسر عبدالقوی دسنوی کی نگرانی میں تحقیق کا کام انجام دیا۔  ان کا پہلا شعری مجموعہ ۱۹۶۷ءمیں ’پانی کی زبان‘ کےنام سے منظرعام پر آیا۔ نقادوں نے یہ سمجھا کہ یگانہ اور شاد عارفی کے اثر سے اردو شاعری میںنئی زبان وضع ہورہی ہے۔ تقریباً ۲۰؍ شعری مجموعوں کے ادبی سرمایے سے آج یہ ثابت ہوچکا ہے کہ مظفر حنفی نے اپنے ہم عصروں سے بالکل مختلف رنگ سخن ایجاد کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ تنقید و تحقیق کے شعبے میں بھی مظفر حنفی نے نہایت سنجیدہ کاوشیں کی ہیں۔ 
 شاد عارفی کے سلسلے سے متعدد کتابوں اور مجموعۂ  مضامین کے علاوہ میر حسن، محمد حسین آزاد، حسرت موہانی، محمد تقی میر جیسے ادیبوں اور شاعروں پر انھوں نے معیاری تعارفی مونوگراف شائع  کئے۔ ترتیب و تدوین، تراجم اور بچوں کے ادب کے زمرے میں بھی ان کی  متعددکتابیں شائع ہوئیں۔ تنقید میں کھری اور سخت باتیں کہنے کے سبب مظفر حنفی کی پہچان قائم ہوئی جو آخر تک قائم رہی۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK