وزیراعظم مودی نے ’’دیوالی کا تحفہ‘‘ قراردیا، ٹیکس سلیب ۴؍ سے گھٹا کر۲؍ کئے جائیں گے،۳ء۵؍ کروڑ روزگار فراہم کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
EPAPER
Updated: August 16, 2025, 1:36 PM IST | Agency | Mumbai
وزیراعظم مودی نے ’’دیوالی کا تحفہ‘‘ قراردیا، ٹیکس سلیب ۴؍ سے گھٹا کر۲؍ کئے جائیں گے،۳ء۵؍ کروڑ روزگار فراہم کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
یومِ آزادی کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے لال قلعہ سےیوم آزادی کے خطاب میں معاشی محاذ پر ۲؍ اہم اعلانات کئے۔ ایک طرف جہاں انہوں نے’’ ترقی یافتہ ہندوستان روزگار یوجنا‘‘ کے تحت ۳ء۵؍ کروڑ ملازمتوں کا خواب دکھایا وہیں وہیں عام آدمی کیلئے ’’دیوالی کے تحفہ‘‘ کے طو رپر دیوالی تک جی ایس ٹی میں اصلاحات اور اس میں کا اعلان بھی کیا۔
روزگار کے۵ء۳؍ کروڑ مواقع
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ’’آج میں آپ کیلئےخوش خبری لے کر آیا ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ ۱۵؍ اگست سے ان کی حکومت ملک کے نوجوانوں کیلئے ایک لاکھ کروڑ روپے کی ’’ پردھان منتری وِکست بھارت روزگار یوجنا ‘‘ شروع کر رہی ہے جس سے ساڑھے۳؍ کروڑ نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔
جی ایس ٹی کے نظام میں اصلاح
انہوں نے کہا کہ’’ اس سال دیوالی پر بڑا تحفہ ملنے والا ہے۔ جی ایس ٹی کو آئے ۸؍سال ہو گئے ہیں، ہم نے اس کا جائزہ لیا اور اس میں اصلاحات کر کے ٹیکسیشن کو آسان بنایا ہے۔ ہم نیکسٹ جنریشن جی ایس ٹی اصلاحات لا رہے ہیں۔ عام لوگوں کیلئے ٹیکس کم کر دیں گے، روزمرہ کی چیزیں سستی ہو جائیں گی اور عوام کو بہت فائدہ ہوگا۔‘‘
۱۲؍ فیصدکی جگہ ۵؍ فیصد ٹیکس !
وزیراعظم کے اعلان سے ایک ماہ پہلے آنےوالی اس خبر کو تقویت مل گئی ہے کہ ٹوتھ پیسٹ، برتن، کپڑے، جوتے جیسی عام استعمال کی چیزوں پر ٹیکس کم کیا جاسکتا ہے جس سے ان کی قیمتوں میں کمی آ سکتی ہے۔ مذکورہ خبر میں بتایاگیا تھا کہ حکومت متوسط طبقہ اور کم آمدنی والے خاندانوں کو جی ایس ٹی میں کٹوتی کے ذریعے ریلیف دینے کی تیاری کر رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق حکومت۱۲؍ فیصد جی ایس ٹی سلیب کو مکمل طور پر ختم کرنے یا موجودہ۱۲؍ فیصد ٹیکس والی اشیاء کو۵؍فیصد کےسلیب میں لانے پر غور کر رہی ہے۔ اس تبدیلی میں مڈل کلاس اور معاشی طور پر کمزور طبقے کے استعمال میں آنے والی اشیا شامل ہوں گی۔ فی الحال جی ایس ٹی ۵؍ فیصد، ۱۲؍ فیصد، ۱۸؍ فیصد اور ۲۸؍ فیصد کے کے چار سلیب ہیں۔
جی ایس ٹی کے صرف ۲؍ سلیب
وزارتِ خزانہ نے وزیر اعظم کے اس اعلان کے بعد بتایا کہ مرکزی حکومت نے جی ایس ٹی کی شرحون کو سادہ کرنے اوراس کے نظام میں اصلاحات کی تجویز جی ایس ٹی کونسل کے ’گروپ آف منسٹرس ‘ کو بھیجی ہے۔ اس میں ۴؍سلیب کو کم کر کے ۲؍ کرنے اور عمل کو آسان بنانے کی تجاویز شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق دیوالی سے قبل گروپ آف منسٹرس کی میٹنگ میں ان تجاویز پر غوروخوض کے بعد جلد از جلد انہیں نافذ کرنے کی کوشش کی جائے گی تاکہ اصلاحات کے اثرات اسی مالی سال میں نظرآنے لگیں۔
جی ایس ٹی میں اصلاح کے ۳؍ بنیادی مقاصد
اول :ٹیکس کے ڈھانچے میں اصلاح
خام مال (اِن پٹ) پر لگنے والے ٹیکس اور تیار مال (آؤٹ پٹ) پر لگنے والے ٹیکس ایک توازن میں پیدا کرنا۔
خام مال پر زیادہ اور تیار مال پر کم ٹیکس ہونے سے کاروباریوں کا ان پٹ ٹیکس کریڈٹ(آئی ٹی سی) جمع ہو جاتا ہے۔ اس اصلاح سے ٹیکس ریٹ اس طرح مقرر کئے جائیں گے کہ آئی ٹی سی کا جمع ہونا کم ہو اور ملک میں بنی اشیا کو فروغ ملے۔
دوم: ٹیکس کا نظام سہل بنانا
روزمرہ کی ضروری اشیا اور ایسی چیزیں جو لوگ خریدنا چاہتے ہیں (جیسے اسمارٹ فون، ٹی وی) سستی ہو جائیں گی۔ اس سے یہ اشیا زیادہ لوگوں کی پہنچ میں آئیں گی اور مارکیٹ میں کھپت بڑھے گی۔
ٹیکس کے سلیب کوگھٹا کر ۲؍ کرنے کی تجویز ہے۔ ایک عام (اسٹینڈرڈ) اور ایک رعایتی (میرٹ) سلیب ہوگا جبکہ کچھ خاص اشیا کیلئے خصوصی ریٹ ہوں گے۔
سوم : کاروباریوں کیلئے آسانی
چھوٹے کاروباروں کیلئےٹیکنالوجی پر مبنی آسان اور وقت مقررہ میں رجسٹریشن کا نظم
پہلے سے بھرے ہوئے ٹیکس ریٹرن کا نفاذ ہوگا تاکہ ہاتھ سے کام کی جھنجھٹ کم ہو اور غلطیوں سے بچا جا سکے۔
برآمد کنندگان اور اِنورٹیڈ ڈیوٹی اسٹرکچر والے کاروباروں کیلئے تیز اور خودکار ری فنڈ کی سہولت کو اسان بنانا۔ جی ایس ٹی کونسل کی اگلی میٹنگ میں فیصلہ متوقع ہے۔