بی ایم سی کمشنر اور اسٹینڈنگ کمیٹی کی منظوری ملنے کے بعد اضافہ نافذ ہوجائے گا،جلد ہی حتمی تجویز پیش کی جائے گی۔
EPAPER
Updated: August 31, 2026, 11:51 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai
بی ایم سی کمشنر اور اسٹینڈنگ کمیٹی کی منظوری ملنے کے بعد اضافہ نافذ ہوجائے گا،جلد ہی حتمی تجویز پیش کی جائے گی۔
عوام کیلئے بی ایم سی کی جانب سے مہنگائی کا مزید ایک تحفہ دیا جارہا ہے۔ شہری انتظامیہ جلد ہی پارکنگ کی فیس میں ۱۰؍ فیصد اضافہ کی تجویز منظوری کیلئے پیش کرے گا۔ اگرچہ بی ایم سی افسران نے۴۵؍ فیصد سے زیادہ اضافہ کا مشورہ دیا تھا لیکن بی ایم سی کمشنر نے اسے زیادہ بتاتے ہوئے ۱۰؍ فیصد منظوری کے لئے پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ سڑکوں کے کنارے کی جانے والی پارکنگ کی فیس میں اس بنیاد پر اضافہ کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ گزشتہ ۳؍ سے ۴؍ برس سے اس میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ہے۔ اب میونسپل کمشنر اشوینی بھیڈے کی حتمی منظوری کے بعد جلد ہی اس پر عمل درآمد کا امکان ہے۔
پارکنگ ڈپارٹمنٹ نے ابتدائی طور پر ۴۶ء۴۰؍ فیصد اضافے کی تجویز پیش کی تھی لیکن بی ایم سی کمشنر اشوینی بھیڈے نے شہریوں پر اچانک اتنا بڑا بوجھ ڈالنے کو نامناسب بتاتے ہوئے مشورہ دیا کہ آئندہ ۲؍برس کیلئے اے، بی اور سی زمرے کی پارکنگ میں صرف۱۰؍ فیصد اضافہ کیا جائے۔ جلد ہی حتمی تجویز منظوری کیلئے بی ایم سی میں پیش کردی جائے گی۔واضح رہے کہ ممبئی میں گاڑیوں کی تعداد۵۰؍ لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جس کے مقابلے میں میونسپل کارپوریشن کے پاس فی الحال۳۷؍ پبلک (ملٹی لیول) اور۶۷؍ آن اسٹریٹ پے اینڈ پارک جگہیں دستیاب ہیں۔ اگرچہ۲۰۱۵ء میں ایک جامع پارکنگ پالیسی متعارف کرائی گئی تھی لیکن سیاسی مخالفت اور التواء کی وجہ سے۲۰۲۲ءسے فیس میں کوئی تبدیلی نہیں کی جاسکی ہے۔
یہ بھی پڑھئے:کلیان : متنازع درگاڑی قلعہ کے صدر دروازے کے تعمیراتی کام پر تنازع
اب میونسپل انتظامیہ کثیر منزلہ مکینیکل پارکنگ پروجیکٹ میں توسیع کے ساتھ ساتھ آمدنی بڑھانے کے لئے اس کی فیس میں اضافے کو نافذ کرنا چاہتا ہے۔ یہ نئی شرحیں کمشنر اور پھر اسٹینڈنگ کمیٹی کی منظوری کے بعد ہی آنے والے دنوں میں ممبئی میں نافذ ہوسکیں گی۔ اس کی وجہ سے ممبئی والوں کو اپنی گاڑیاں پارک کرنے کے لئے پہلے سے زیادہ پیسے ادا کرنے ہوں گے۔ حالانکہ جنوبی ممبئی کے بی، سی وارڈوں اور مختلف علاقوں میں پرانی عمارتیں اور تنگ گلیوں کی وجہ سے پارکنگ کا سنگین مسئلہ ہے۔