رینٹل ہاؤسنگ اسکیم کے تحت۴۰۰؍اسکوائرفٹ کا مکان ۱۵؍ ہزار روپے کرایے پر دیا جائے گا۔ شہر و اطراف میں ایسے۵۰۰؍ فلیٹ کی نشاندہی کی گئی ہے۔
EPAPER
Updated: August 11, 2026, 10:19 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai
رینٹل ہاؤسنگ اسکیم کے تحت۴۰۰؍اسکوائرفٹ کا مکان ۱۵؍ ہزار روپے کرایے پر دیا جائے گا۔ شہر و اطراف میں ایسے۵۰۰؍ فلیٹ کی نشاندہی کی گئی ہے۔
شہرومضافات میں ذاتی یا کرایہ پر مکان لینا عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتا جارہا ہے۔ اکثر مکینو ں کو اس وقت شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے جب ان کی بلڈنگ یا چال ری ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کے تحت بلڈر کے ہاتھوں میں چلی جاتی ہے۔ اوّل تو انہیں کرایہ پر مکان نہیں ملتا، دوسرے بلڈر کی جانب سے کرایہ نہیں ملتا اور تیسرا سب سے بڑی دقت اس وقت پیدا ہوتی ہے جب برسوں ری ڈیولپمنٹ کے نام پر منہدم کی جانے والی بلڈنگ بن کر تیار نہیں ہوتی۔ مہاراشٹر ہاؤسنگ اینڈ ایریا ڈیولپمنٹ اتھا ریٹی( مہاڈا) نے ایسی ہی مشکلات کا سامنا کرنے والےشہریوں کو مد نظر رکھتے ہوئے مہاڈا کی تیار کردہ ان عمارتوں میں کرایہ پر فلیٹ دینے کا فیصلہ کیا جو قرعہ اندازی میں فروخت نہیں ہوسکی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: امیت شاہ بیان دینے کوتیار، کانگریس کی ۳؍ شرطیں
عروس البلاد ممبئی اور ممبئی میٹروپولیٹن ریجن میں مہاڈا کی ایسی کئی عمارتیں ہیں جہاں لاٹری کے ذریعہ شہریوں کو فلیٹ فروخت کئے گئے ہیں ۔ ایسی ہی عمارتوں میں بہت سے فلیٹ ایسے ہیں جو فروخت نہیں ہوسکے ہیں۔ اطلاع کےمطابق شہر و مضافات میں مہاڈا کے ذریعہ تیار کی جانے والی عمارتوں میں ایسے۵۰۰؍ فلیٹ خالی ہیں جنہیں ’رینٹل ہاؤسنگ اسکیم ‘ سے متعارف کرایا گیا ہے۔ شہر اور ممبئی میٹرو پولیٹن ریجن میں خالی ان فلیٹوں کوکرایہ پر دینے کیلئے مہاڈا کی ویب سائٹ پر ایک پورٹل بنایا گیاہے جس پر ضرورت مند مکین درخواست دے کر اپنے سہولت کے مطابق کرایہ پر فلیٹ حاصل کر سکیں گے۔
’’۳؍ ماہ بعد درخواست دے سکتے ہیں ‘‘
اس ضمن میں مہاڈا کے نائب صدر سنجیو جیسوال نے بتایا کہ کرایہ پر مکانات حاصل کرنے کیلئےصارف ۳؍ ماہ بعد درخواست دے سکتے ہیں ۔ چونکہ منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کا عمل ابھی جاری ہے اس لئے فوری طور پر یہ سہولت فراہم نہیں کی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مذکورہ فلیٹوں جنہیں کرایہ پر دیا جائے گا، ان کا کم سے کم رقبہ۴۰۰؍ اسکوائر فٹ ہوگا۔ اس سلسلہ میں شہر اور مضافات کے علاوہ ممبئی میٹرو پولیٹن ریجن میں مہاڈا کے ذریعہ بنائی گئی عمارتوں میں کم و بیش ۵؍ سو فلیٹ کرایے پر دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مہاڈا کے ان فلیٹوں کو فروخت کرنے کے بجائے ان مکینوں کو رہائش فراہم کرنا ہے جو مکان خرید نے کی استطاعت نہیں رکھتے اور ری ڈیولپمنٹ پرو جیکٹ کے سبب متاثر ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: ’’تو کیا ہوا اَگر میں مسلمان ہوں‘‘، بنگال میں تھیٹر آرٹسٹ پر مذہب پوچھ کر تشدد
۳۰؍ تا ۴۰؍ پروجیکٹوں میں کرایے کے مکانات
مہاڈا کی رینٹل ہاؤسنگ اسکیم کے تحت جن ۴؍ سو اسکوائر فٹ کے فلیٹوں کو کرایہ پر دیا جائے گا، اس کا ماہانہ کرایہ ۱۵؍ ہزار روپے رکھنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ ممبئی میٹرو پولیٹن ریجن میں مہاڈا کے ۳۰؍ سے ۴۰؍ پروجیکٹ ایسے ہیں جن میں کرایے کے مکان فراہم کرنے کی سہولت رکھی گئی ہے۔ مہاڈا کی ان عمارتوں میں کرایے کا مکان دینے کی سہولت رکھی گئی ہے جو ریلوے یا بس ڈپو سے ۱۰؍ یا ۱۵؍ منٹ کے فاصلے پر ہو تا کہ لوگ آسانی سے پیدل اپنے گھر تک پہنچ سکیں ۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ مہاڈا کی رینٹل ہاؤسنگ اسکیم کے تحت بلڈروں کو بھی شامل کرنے کی تجویز رکھی گئی ہے۔ اس اسکیم کے تحت کرایے پر مکان حاصل کرنے والوں کو جس طرح سے سہولت فراہم کرنے کا ارادہ ظاہر کیا گیا ہے، اسی طرح اس اسکیم کے تحت بلڈر وں کو مذکورہ اسکیم کے تحت عمارت تعمیر کرنے پر جی ایس ٹی، اسٹامپ ڈیوٹی، رجسٹریشن فیس، ٹیکس اور ڈیولپمنٹ چارجز میں ۵۰؍ فیصد تک رعایت دینے کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے۔ یہی نہیں ٹی ڈی آر کے علاوہ دیگر سہولت فراہم کرنے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔
علاقہ کی مناسبت سے کرایہ میں تبدیلی کی جاسکتی ہے
کرایہ کے مکان کے تعلق سے پیش کردہ تجویز میں بلڈر کے ذریعہ خصوصی طور پر کرایہ پر مکان دینے کے لئے کئے جانے والے تعمیراتی پروجیکٹوں سے بلڈر کے علاحدہ ہونے پرکوئی جرمانہ عائد نہ کرنے کا بھی ارادہ ظاہر کیا گیاہے۔ بعد ازیں مذکورہ اسکیم کے تعلق سے مہاڈا نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ علاقہ کی مناسبت سے کرایہ میں رد و بدل بھی کیاجاسکتا ہے۔ مہاڈا کی فروخت نہ ہونے والی ایسی عمارتوں میں کرایہ کا مکان حاصل کرنے کیلئے کسی ایجنٹ پر انحصار نہیں کرنا پڑے گا۔