ریاستی ایجوکیشن کمشنر کےمطابق تجاویز پر غوروخوض کرنے کے بعد ریاستی حکومت کی منظوری کیلئے روانہ کیاجائے گا۔
EPAPER
Updated: December 17, 2023, 9:06 AM IST | Saadat Khan | Mumbai
ریاستی ایجوکیشن کمشنر کےمطابق تجاویز پر غوروخوض کرنے کے بعد ریاستی حکومت کی منظوری کیلئے روانہ کیاجائے گا۔
محکمہ تعلیم کے افسران نے ابتدائی مرحلہ میں ۱۶۳؍ مقامات پر گروپ اسکول شروع کئے جانے کی تجویز ایجوکیشن کمشنر سورج مانڈھرے کے حوالے کردی ہے۔ ریاستی حکومت کی منظوری کے بعد ان گروپ اسکول کو قائم کرنے کی تیاری شروع کی جائے گی۔ ریاستی حکومت کامذکورہ اسکولوںکو گروپ اسکول میں ضم کرکے ان کے طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کا منصوبہ ہےجس کی پیش رفت کی جارہی ہے۔
نیوایجوکیشن پالیسی کےمطابق معیاری تعلیم کیلئے طلبہ کو ۱۸؍ قسم کی سہولیات مہیاہوں
واضح رہےکہ کم تعداد والے اسکول میں طلبہ کو مطلوبہ سہولیات نہیں مل پاتی ہیں جس سے ان کی مجموعی تعلیمی کارکردگی متاثر ہوتی ہے۔ اسی وجہ سے حکومت نے ان اسکولوںکے طلبہ کو گروپ اسکول میں ضم کرکے تمام تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ کیاہے تاکہ کم تعداد والے اسکول کے طلبہ بھی معیاری تعلیم حاصل کرسکیں۔اسی مقصد کےتحت حکومت نے گروپ اسکول قائم کرنے کااعلان کیا ہے۔ نیوایجوکیشن پالیسی کے مطابق معیاری تعلیم کیلئے طلبہ کو ۱۸؍ قسم کی سہولیات مہیا کی جانی ہے جن میں لیباریٹری، لائبریری، کھیل کا میدان، ٹاکنگ والس ، گرین چاک بورڈ، ای لرننگ کی سہولیات، اسکول پروٹیکشن والس اور کورٹی یارڈ وغیرہ شامل ہیں۔
مذکورہ اسکولوں کے طلبہ کو معیاری تعلیم سے آراستہ کرنےکیلئے حکومت نے نندوربار اور پونے کے پینشیٹ میں شروع کئے گئے گروپ اسکول کی طرح ریاست کےدیگر اضلاع میں کم تعداد والے اسکول کے طلبہ کیلئے گروپ اسکول شروع کرنےکا فیصلہ کیاہے تاکہ ان اسکولوں کے طلبہ کوبھی سبھی قسم کی تعلیمی سہولیات دستیاب ہو سکیں اور وہ بھی معیاری تعلیم حاصل کرسکیں۔ متعدد شہری اور دیہی علاقوں میں سیکڑوں ایسے اسکول ہیں جہاں مذکورہ تعلیمی سہولیات نہیں ہیں جس کی وجہ سے ان اسکولوں کے طلبہ معیاری تعلیم سے محروم ہیں۔ ممبئی سمیت اور دیگر اضلاع میں کل ۱۴؍ہزار ۷۸۳؍اسکول ایسے ہیں جن میں ۲۰؍ سے کم طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ ان اسکول میں صرف ایک لاکھ ۸۵؍ ہزار طلبہ پڑھائی کررہےہیں جنہیں ۲۹؍ہزار ۷۰۷؍ اساتذہ پڑھا رہےہیں۔
گروپ اسکول سے متعلق موصول ہونے والی تجاویز پر غور وخوض کیاجائے گا
ریاستی تعلیمی کمشنر سورج مانڈھرے نے ۲۰؍ سے کم تعداد والے اسکول کے طلبہ کو گروپ اسکول میں منتقل کرنے سے متعلق ستمبر میں ایک تجویز پیش کی تھی جس کے مطابق ریاست کے متعدد اضلاع کےڈپٹی ڈائریکٹر آف ایجوکیشن اور ایجوکیشن آفیسران کو مذکورہ قسم کے اسکول کی معلومات اور گروپ اسکول شروع کرنے سے متعلق تجویز پیش کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ اس ہدایت پر عمل کرتے ہوئےمتعلقہ افسراان نے ابتدائی مرحلہ میں ریاست کے ۱۶۳؍ مقامات پر گروپ اسکول قائم کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔محکمہ تعلیم ان تجویز پر غوروخوض کرنے کے بعداسے ریاستی حکومت کی منظوری کیلئےروانہ کرےگا۔ گروپ اسکول سے متعلق بالخصو ص جن تجاویز پر غور وخوض کیاجائےگا ،ان میں طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر آنے والے اخراجات اور طلبہ کے گھر سے گروپ اسکول تک آنے جانے کے خرچ کا جائزہ لیاجائے گا۔
موصولہ اطلاع کےمطابق تھانے کے شاہ پور تعلقہ کے دہانے گائوںمیں ایک گروپ اسکول قائم کرنے کا منصوبہ ہے۔ دہانے کےضلع پریشد اسکول میں فی الحال ۷۴؍ طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ ان طلبہ کو صرف ۲؍ٹیچر پڑھارہےہیں۔ اس اسکول میں اطراف کے ۶؍اسکولوں کے طلبہ کو شامل کرنے کی تجویزتھانے ضلع پریشد نے ایجوکیشن کمشنر کو دی ہے۔ اگر ان تمام اسکولوں کے طلبہ کو دہانےگروپ اسکول میں منتقل کیاگیاتو طلبہ کی تعداد بڑ ھ کر ۱۶۲؍ ہوجائے گی اوریہاں ۷؍ اساتذہ طلبہ کو پڑھاسکیں گے۔ یہ اطلاع یہاں کے ایک ایجوکیشن آفیسر نے دی ہے۔