اسرائیلی فوج نے المواسی کے علاقے میں بے گھر افراد کے کیمپ کو نشانہ بنایا ، جس میں۹؍ فلسطینی شہید ہو گئے اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔
EPAPER
Updated: July 17, 2025, 12:47 PM IST | Agency | Gaza
اسرائیلی فوج نے المواسی کے علاقے میں بے گھر افراد کے کیمپ کو نشانہ بنایا ، جس میں۹؍ فلسطینی شہید ہو گئے اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔
غزہ میں اسرائیلی درندگی کے نتیجے میں امداد کے متلاشی۲۱؍ افراد سمیت مزید۴۳؍ فلسطینی شہید ہوگئے۔ جبکہ درجنوں زخمی ہیں۔ الجزیرہ نے طبی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ غزہ میں فجر کے بعد سے اب تک کم از کم۴۳؍ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں ۲۱؍ افراد وہ بھی شامل ہیں جو امداد کے حصول کے لیے قطار میں کھڑے تھے۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق، خان یونس کے جنوبی علاقے میں قائم غزہ ہیومنٹیرین فاؤنڈیشن (جی ایچ ایف) کے امدادی مرکز پر خوراک لینے کے لئے جمع ہونے والے فلسطینیوں پر آنسو گیس کی شیلنگ کے باعث بھگدڑ مچنے اور دم گھٹنے سے۱۵؍ افراد جاں بحق ہوئے۔ اس سے قبل، اسرائیلی فوج نے المواسی کے علاقے میں بے گھر افراد کے کیمپ کو نشانہ بنایا ، جس میں۹؍ فلسطینی شہید ہو گئے۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق جی ایچ ایف نے جنوبی خان یونس میں امدادی مرکز پر پیش آنے والے واقعے کا ذمہ دار حماس سے وابستہ افراد کو قرار دے دیا۔
جی ایچ ایف کے جاری کردہ بیان کے مطابق ہجوم میں افراتفری اور خطرناک بھگدڑ کے دوران کم از کم۱۹؍ افراد کچلے گئے جبکہ ایک شخص کو چاقو کے وار سے قتل کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’ہمارے پاس مستند شواہد موجود ہیں کہ ہجوم میں موجود حماس سے منسلک کچھ مسلح افراد نے دانستہ طور پر اس بدامنی کو ہوا دی۔‘‘ جی ایچ ایف کے اہلکاروں کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہجوم میں کئی آتشیں اسلحہ دیکھے، اور مزید بتایا کہ ایک امریکی کارکن کو بھی ایک فرد نے اسلحہ دکھا کر دھمکایا۔ واضح رہے کہ جی ایچ ایف کو اس کے قیام (مئی) سے اب تک شدید تنقید کا سامنا ہے، کیونکہ اس کے امدادی مراکز یا ان کے آس پاس۸۰۰؍ سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی سے ملاقات کریں گے، ملاقات میں غزہ میں جنگ بندی سے متعلق مجوزہ معاہدے پر بات چیت کی جائے گی۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایکسیئس کے صحافی باراک راوِد نے ایکس پر اطلاع دی ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ قطر کے وزیرِ اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی سے ملاقات کریں گے، جس میں غزہ میں جنگ بندی سے متعلق مجوزہ معاہدے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ رپورٹ کے مطابق، دونوں لیڈران وہائٹ ہاؤس میں امریکہ اور ایران کے درمیان نئے جوہری معاہدے کے لیے مذاکرات کی بحالی کی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ دوسری جانب قطری وزارت خارجہ کے ترجمان نے الجزیرہ کو بتایا ہے کہ جنگ بندی کے مذاکرات اس وقت جاری ہیں، انہوں نے اسرائیل اور حماس کے وفود دونوں کی دوحہ میں موجودگی کا ذکر کیا تاہم مزید تفصیلات یا کسی ممکنہ معاہدے کے قریب ہونے کے بارے میں کچھ نہیں بتایا۔