Inquilab Logo

وزیر زراعت عبدالستار کیخلاف احتجاج ،کپاس پھینکی گئی

Updated: March 23, 2023, 11:36 AM IST | Mumbai

جلگاؤں کے دھرنگاؤں میں شیوسینا( اُدھو) کے کارکنان کی شدید نعرے بازی ، عبدالستار بے موسم بارش سے متاثرہ کھیتوں کا معائنہ کرنے پہنچے تھے

In the picture, Agriculture Minister on the occasion of crops affected by unseasonal rain and hailstorm in Dharangaon
تصویر میں وزیر زراعت دھرنگاؤں میں بے موسم بارش اور ژالہ باری سےمتاثرہ فصلوں کے موقع پر

 :ریاست میں غیر موسمی بارش اور ژالہ باری نے جلگائوں ،دھولیہ ، نندوربار،ناسک سمیت ریاست کے بیشتر اضلاع میں فصلوں کو بھاری نقصان پہنچایا ہے۔کسانوں کے نقصان کا معائنہ کرنےجلگائوں ضلع کے دھرن گائوں پہنچنے پر ریاستی  وزیر عبدالستار کے قافلے کی  گاڑی پر شیوسینا ادھو ٹھاکرے گروپ کے عہدیداروں نے روئی (کپاس) پھینکی  اور کھوکے (بکسے ) دکھا کر  ان کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ریاستی وزیر زراعت عبدالستار بروز بدھ ۲۲؍ مارچ کو جلگاؤں،دھولیہ ،نندوربار اضلاع کے دورے پرتھے۔ اس دوران انہوں نے  بے موسم  بارش اور ژالہ باری سے متاثرہ کھیتوںکا معائنہ کیا۔جب  وزیر زراعت کا قافلہ ضلع کے دھرنگاؤں تعلقہ میں تباہ شدہ کھیتوں کا معائنہ کرنے جا رہا تھا، اس وقت ٹھاکرے گروپ کے جلگاؤں ضلع کے رابطہ سربراہ گلاب راؤ واگھ، عہدیدار نیلیش چودھری اور کارکنوں نےان کے قافلے کی گاڑیوں کو روکنے کی کوشش کی ا ور’’۵۰؍ کھوکے ایک دم اوکے ‘‘کے نعرے لگائے اور عبدالستار کے قافلے کی گاڑیوں پر کپاس پھینک کر احتجاج کیا۔
 واضح رہےکہ  بے موسم بارش اور ژالہ باری سے پیاز، گیہوں، باجرہ، پپیتا،تربوز کے باغات کو کافی نقصان پہنچا ہے۔ادھر کپاس کی صحیح قیمت نہ ملنے سے کاشتکار مایوسی کا شکار ہو گئے ہیں۔
  کسانوں کا مطالبہ ہے کہ کپاس کی قیمت۱۰؍ سے۱۲؍  ہزار روپے ملنی چاہیے لیکن کپاس کا مارکیٹ سُست ہے ۔فی الحال کپاس کی قیمت۷؍ تاساڑھے ۷؍ ہزار فی کوینٹل ہے۔ دورے کے بعد وزیر عبدالستار نے محکمہ زراعت کے اعلیٰ آفیسران کو یہ احکامات دئے کہ وہ مورخہ ۲۵ ؍ مارچ تک ہر متاثرہ کسان کی فصلوں کا معروضی پنچنامہ کر کے رپورٹ پیش کریں۔ تاکہ متاثرہ کسان حکومت کی مدد سے محروم نہیں رہیں گے اور حکومت کی طرف سے مناسب معاوضہ کا اعلان سیشن کے دوران ہی کیا جائے گا۔
 وزیرعبدالستار نے جلگائوں ضلع میں امل نیر تعلقے کے کوہی، ٹکرکھیڑا، دھرنگاؤں تعلقے میں بھوج اور ایرنڈول علاقوں کے تباہ شدہ کھیتوں کا معائنہ کیا۔اس موقع پران کے ہمراہ موہن واگھ، ضلع پریشد کے رکن پرتاپ راؤ پاٹل، امول پاٹل، ضلع ایگریکلچر آفیسر سمبھاجی ٹھاکر، سب ڈویژنل ایگریکلچر آفیسر جدوار کے علاوہ دیگر افسران واہلکار اور کسان موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK