Inquilab Logo

جمعہ کوشہریت قانون اور این آر سی کیخلاف پورے جلگاؤں میں دھرنا اور احتجاج

Updated: January 14, 2020, 6:22 PM IST | Sharjeel Qureshi | Jalgaon

دلت،آدیواسی،مسلم ملّی اور سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کی مشترکہ تنظیم ’سنویدھان بچاؤ ناگری کرتی‘ سمیتی نے گزشتہ دنوں این آر سی ،شہریت ترمیمی ایکٹ اور این آر پی کے خلاف پوری شدت سے ایک زبردست احتجاجی ریلی نکال کر شہری سطح پر احتجاج کیا تھا۔

 عوامی بیداری کیلئے سنویدھان بچاؤ سمیتی کا دورہ ۔ تصویر : انقلاب
عوامی بیداری کیلئے سنویدھان بچاؤ سمیتی کا دورہ ۔ تصویر : انقلاب

 جلگاؤں : دلت،آدیواسی،مسلم ملّی اور سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کی مشترکہ تنظیم ’سنویدھان بچاؤ ناگری کرتی‘ سمیتی نے گزشتہ دنوں این آر سی ،شہریت ترمیمی ایکٹ اور این آر پی کے خلاف پوری شدت سے ایک زبردست احتجاجی ریلی نکال کر شہری سطح پر احتجاج کیا تھا۔ اس احتجاج میں مزید شدت لانے کی غرض سمیتی کے ذمہ داران نے ضلع بھر میں ایک ہی دن دھرنے اور احتجاج کا فیصلہ کیا ہے ۔اس سلسلے میں سمیتی کے اراکین ضلع کا دورہ کررہے ہیں۔
 سمیتی کا ایک وفد گزشتہ چاردنوں سے جلگاؤں ضلع کے مختلف شہروں کا دورہ کررہے ہیں۔ اس وفد میں آدیواسی لیڈر پرتبھا شندے، دلت لیڈر مکند سپکاڑے، عبدالکریم سالار ،فاروق شیخ،ونود دیشمکھ، سچن دھونڈے  اورسریندر پاٹل وغیرہ شامل تھے۔اتوار کو یہ وفد جامنیر، بھڑ گاؤں، چالیس گاؤں اور پاچورہ شہروں میں پہنچا۔ یہاں پر مقامی ذمہ داران سے ملاقات کی گئی۔اس سلسلے میں فاروق شیخ  نے دوران گفتگو بتایا کہ سمیتی نے۱۷؍ جنوری کو پورے ضلع میں تحصیلدار دفتر اورپرانت آفیسر دفتر کے روبرو دھرنا دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔اس سلسلے میں مختلف علاقوں کا دورہ کر بیداری لانے کا کام کیا جارہا ہے ۔
 کمیٹی کے رکن عبدالکریم سالار نے کہا کہ اب تک اس ظالمانہ قانون کے خلاف سٹرکوں پر احتجاج ہوئے ہیں لیکن اب ضرورت ہے اس قانون کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جائے۔کئی بڑے وکلاء نے اس بات پر زور دیا ہے کہ بڑے پیمانے پر سپریم کورٹ میں پی آئی ایل داخل ہونا چاہئے،لہٰذا آن لائن طریقے سے پی آئی ایل داخل کرنے کی مہم سمیتی نے شروع کردی ہے۔اسلئے دستور بچاؤ سمیتی کے بینر تلے مفاد عامہ کی عرضی سپریم کورٹ میں داخل کی گئی ہے ۔پی آئی ایل داخل کرنے کا خرچ  از خود لوگ دے رہے ہیں۔اس ضمن میں بھڑگاوں سے الطاف شیخ کھاٹک ،جلگاؤں کے صادق ممبر اورجمیل ممبر وغیرہ نے اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے ۔
 پرتبھا شندے نے پی آئی ایل داخل کرنے کے تعلق سے مزید کہا کہ’’ لوگوں سے ملاقات کے دوران دھرنے اور احتجاج کے ساتھ ساتھ پی آئی ایل پر بھی زود دیا جارہا ہے ۔چونکہ۲۲؍ جنوری کو اس معاملے پر سماعت ہونا ہے،اسلئے یہ کوشش ہو کہ اس دوران حکومت پر بھی  دباؤ بنایا جاسکے۔ افسوس کی بات ہے کہ حکومت احتجاج کو نظر انداز کر رہی ہے اور  اقتدار کے زور پر سارے فیصلے کررہی ہے۔ اسلئے احتجاج کرکے جہاں ہم حکومت پر دباؤ بنائیں گے، وہیں زیادہ سے زیادہ پی آئی ایل داخل کرکے عدالت کے روبرو بھی اپنا موقف رکھیں گے۔‘‘ انہوںنے بتایا کہ اس تعلق سے اب تک چار ہزار عرضیاں سپریم کورٹ میں رجسٹرڈ کی جاچکی ہیں ۔ 
  پیر کو’سنویدھان بچاؤ ناگری کرتی سمیتی‘ کے ذمہ داران کا دورہ چوپڑا، املنیرتھا ۔سہ پہر چار بجے چوپڑہ میں نگر پالیکا ہال میں اس تعلق سے میٹنگ منعقد کی گئی تھی۔اس میٹنگ سے پرتبھا شندے،فاروق شیخ اورعبدالکریم سالار نے اظہار خیال کرتے ہوئے دھرنے کا مقصد واضح کیا ۔بعد ازاں یہ وفد وہاں سے املنیرکی طرف روانہ ہوا۔یہاں پر سیّد ہال،امبیڈکر چوک میں میٹنگ منعقد ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK