پارلیمنٹ کی کارروائی نہیں چلنے دی، مباحثہ کا مطالبہ، جمعرات کو راہل گاندھی کی رہائش گا ہ پر میٹنگ، جمعہ کو الیکشن کمیشن کے دفتر تک مارچ
EPAPER
Updated: August 05, 2025, 7:55 AM IST | New Delhi
پارلیمنٹ کی کارروائی نہیں چلنے دی، مباحثہ کا مطالبہ، جمعرات کو راہل گاندھی کی رہائش گا ہ پر میٹنگ، جمعہ کو الیکشن کمیشن کے دفتر تک مارچ
بہار میں ووٹر لسٹ کی ’’خصوصی نظر ثانی مہم‘‘ کے خلاف پیر کو پارلیمنٹ میں اپوزیشن کے شدید احتجاج کے آگے حکومت بےبس نظر آئی۔ ایوان کی کارروائی شروع ہونے کے بعدصرف۱۰؍ منٹ میں دوپہر۲؍ بجے تک ملتوی کر دی گئی۔ کارروائی شروع ہوتے ہی لوک سبھا میں اسپیکر اوم برلا نے سوال و جواب کا دور شروع کرایا، لیکن اسی دوران اپوزیشن کے اراکین ووٹر لسٹ کی خصوصی نظر ثانی کے مسئلے پر بحث کا مطالبہ کرنے لگے۔
جمعرات کو میٹنگ، جمعہ کو مارچ
اپوزیشن کا الزام ہے کہ ووٹر لسٹ نظر ثانی مہم الیکشن میں دھاندلیوں کا حصہ ہے۔ راہل گاندھی نے حال ہی میں الیکشن کمیشن پر اپنے حملے تیز کئے ہیں۔انہوں نے الزام لگایا ہے کہ لوک سبھا الیکشن ۲۰۲۴ء میں بھی ۷۰؍ سے ۱۰۰؍ سیٹیں بی جےپی انتخابی خرد برد کی وجہ سے جیتی ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں ۱۰۰؍فیصد ثبوت ہونے کا بھی دعویٰ کیا ہے جسے انہوں نے ’’ایٹم بم‘‘ قراردیاہے۔ا س ضمن میں کانگریس لیڈر نے جمعرات کو اپنی رہائش گاہ پر اپوزیشن اتحاد’انڈیا‘ کی میٹنگ طلب کی ہے۔ امید کی جارہی ہے کہ انتخابی دھاندلی ہی اس کا کلیدی موضوع ہوگی کیوں کہ دوسرے دن اپوزیشن کے لیڈر الیکشن کمیشن کے دفتر تک مارچ بھی کریں گے۔
۸؍ اگست کو بنگلور میں احتجاج
اس بیچ کانگریس نے انتخابی دھاندلی کے خلاف بنگلور میں ۵؍ اگست کو ہونےوالی ریلی شیبو سورین کے انتقال کی وجہ سے ۸؍ اگست تک کیلئے ملتوی کردی ہے۔ راہل گاندھی کو اس ریلی سے خطاب کرنا تھا مگر وہ شیبو سورین کی آخری رسومات میں شریک ہوںگے اس لئے بنگلور نہیں پہنچ سکتے تھے۔ اس بات کا قوی امکان ہے کہ بنگلور کی ریلی میں راہل گاندھی الیکشن کمیشن کی مبینہ دھاندلیوں کے خلاف چشم کشا نکشافات کریں۔
لوک سبھا کی کارروائی نہیں چل سکی
مانسون سیشن کے آغاز کے بعد سے اب تک آپریشن سیندور پر بحث کے علاوہ کوئی کارروائی نہیں ہوسکی ہے۔ پیر کو پارلیمنٹ کے مانسون سیشن کا۱۱؍ دن تھا۔ دونوں ایوانوں کی کارروائی صبح ۱۱؍ بجے شروع ہوئی۔ لوک سبھا میں کارروائی کے آغاز کے ساتھ ہی اپوزیشن نے بہار میں ووٹر لسٹ نظر ثانی کے معاملے پر بحث کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ اس کے بعد اسپیکر نے پہلے کارروائی کو دوپہر۲؍ بجے تک، پھر منگل کی صبح۱۱؍ بجے تک کیلئے ملتوی کر دی۔ دوسری جانب، راجیہ سبھا میں کارروائی شروع ہونے کے بعد رکنِ پارلیمان شیبو سورین کے انتقال پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ ارکانِ پارلیمان نے ان کے اعزاز میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔ اس کے بعد نائب صدر ہری ونش نارائن سنگھ نے راجیہ سبھا کی کارروائی منگل کی صبح۱۱؍ بجے تک کے لیے ملتوی کر دی۔
۱۰؍ دنوں میں صرف ۲؍ دن کام ہوا
مانسون سیشن کی شروعات۲۱؍ جولائی کو ہوئی تھی، لیکن اب تک زیادہ تر دن کارروائی ٹھپ رہی ہے۔ بہار میں ووٹر نظر ثانی کے معاملے پر اپوزیشن نے ہر روز احتجاج کیا۔۱۰؍ دنوں کے دوران صرف ۲۸؍ اور ۲۹؍ جولائی کو دن بھر کارروائی چل سکی کیوں کہ ان دونوں دنوں میں پہلگام حملے اور آپریشن سیندو ر پر دونوں ایوانوں میں بحث ہوئی۔
اوم برلا کے ساتھ میٹنگ بے نتیجہ
پارلیمنٹ کی کارروائی میں تعطل کو ختم کرنے کیلئے پیر کو لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے ایوان میں تمام پارٹیوں کے لیڈروں کے ساتھ میٹنگ کی مگر کسی اتفاق رائے پر پہنچنے میں ناکام رہے۔ اس بیچ اپوزیشن نےا س حد تک نرمی ظاہر کی کہ ووٹر لسٹ نظر ثانی پر بحث میں وہ الیکشن کمیشن کے کام کاج کو موضوع بحث نہیں بنائیں گے تاہم حکومت اس موضوع پر گفتگو کیلئے ہی تیار نہیں ہے۔ اپوزیشن کے ایک لیڈر نےبتایا کہ ہمیں بتایا گیا ہے کہ حکومت اس پر بحث ہی نہیں چاہتی۔