Inquilab Logo Happiest Places to Work

دہلی پولیس کے ذریعے بنگالی کو بنگلہ دیشی زبان کہنے پرترنمول کانگریس برہم

Updated: August 04, 2025, 12:05 PM IST | Agency | Kolkata

پارٹی نے دہلی پولیس کا ایک خط سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا جس میںبنگالی کو ’بنگلہ دیشی‘ زبان قراردیتے ہوئے اس کا ترجمہ کرنے کی درخواست کی گئی ہے، معافی کا مطالبہ۔

Trinamool Congress may launch a movement against the alleged insult to the Bengali language. Photo: INN
ترنمول کانگریس بنگالی زبان کی مبینہ توہین کے خلاف تحریک چلا سکتی ہے۔ تصویر: آئی این این

دہلی پولیس کے ذریعے بنگالی کو بنگلہ دیشی زبان کہنے پر ترنمول کانگریس نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئےاس کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے۔ دہلی کے پولیس کے ایک انسپکٹرنے دہلی کے بنگا بھون کے آفیسر انچارج کے نام لکھے ایک خط میں ۸؍ مشتبہ بنگلہ دیشی شہریوں کے د ستاویزات کا جن پر بنگالی زبان میں تفصیلات لکھی تھیں، ترجمہ کرنے کی درخواست کی۔ انسپکٹر نے درخواست میں لکھا کہ اس بنگلہ دیشی زبان کا ترجمہ کردیں۔ 
  ترنمول کانگریس اور مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے تحریک چلانے کا اعلان کر دیا ہے۔ ان کا الزام ہے کہ بنگالیوں اور بنگلہ زبان کی توہین کی جا رہی ہے۔ بنگلہ زبان بولنے کی وجہ سے بنگالی لوگوں کو حراست میں لیا جا رہا ہے۔ اب ترنمول کانگریس نے دہلی پولیس پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے بنگلہ کو بنگلہ دیشی زبان قرار دیا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے دہلی پولیس سے معافی مانگنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ 
 ترنمول کانگریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر دہلی پولیس کے ذریعہ لکھے گئے ایک خط کو پوسٹ کیا ہے۔ اس پوسٹ میں ترنمول کانگریس نے لکھا کہ ’’بنگالیوں کے تئیں بی جے پی کی نفرت کی کوئی حد نہیں ہے۔ بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں میں بنگالی بولنے والے لوگوں کو بار بار پریشان کیا جا رہا ہے اور انہیں حراست میں لیا جا رہا ہے۔ اب بنگلہ کو آفیشیل طور پر ’بنگلہ دیشی زبان‘ قرار دیا گیا ہے۔ ہر حد پار کر لی گئی ہے۔ ‘‘ پوسٹ میں آگے لکھا گیا کہ ’’یہ کوئی املہ کی غلطی نہیں ہے۔ یہ جان بوجھ کر کی گئی توہین ہے، آئینی طور پر تسلیم شدہ ہندوستانی زبان سے اس کی شناخت چھیننے اور لاکھوں بنگالی زبان بولنے والے ہندوستانیوں کو اپنے ہی ملک میں باہر کے لوگوں کے طور پر پیش کرنے کی ایک سرکاری کوشش ہے۔ ‘‘ٹی ایم سی نے لکھا ’’دنیا کے ۲۵؍ کروڑ سے زائد لوگ بنگالی زبان بولتے ہیں اور یہ ہندوستان کی ۲۲؍ سرکاری زبانوں میں سے ایک ہے۔ اسے ’بنگلہ دیشی‘ کہنا جان بوجھ کر کی گئی توہین ہے، اس زبان کو غیر قانونی قرار دینے، اس کی ہندوستانی جڑوں کو مٹانے اور بنگالی بولنے والوں کو باہری قرار دینے کی ایک مذموم کوشش ہے۔ ‘‘ ساتھ ہی ٹی ایم سی نے پوسٹ کی اخیر میں لکھا کہ ’’ ہم بلا شرط معافی، فوری اصلاح اور اس ذلت آمیز فعل کے ذمہ دار افسران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ ‘‘ اس معاملے میں ابھیشیک بنرجی نے امیت شاہ سے بھی معافی کا مطالبہ کیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK