Inquilab Logo

مہنگائی ، جی ایس ٹی اور ای ڈی کارروائی پر پارلیمان کے دونوںایوان میں احتجاج  

Updated: July 27, 2022, 10:14 AM IST | new Delhi

حکومت کی دھاندلی کے خلاف مانسون اجلاس کے ساتویں دن بھی زبردست ہنگامہ آرائی ،اپوزیشن جماعتوں کے ناراض اراکین نے کئی بار چاہ ایوان میں آکر نعرے بازی کی

In the upper house, opposition MPs can be seen surrounding the chamber
 ایوان بالا میں چاہ ایوان کا گھیراؤ کرتے اپوزیشن کے ایم پیز دیکھے جاسکتے ہیں

پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس جاری ہے اور مہنگائی،جی ایس ٹی  سمیت دیگر اہم موضوعات پر اپوزیشن،  حکومت کوگھیر رہی ہے۔ کانگریس لیڈر سونیا گاندھی سے ای ڈی کی پوچھ تاچھ کے معاملے سے ناراض کانگریس اراکین پارلیمان نے بھی زبردست طریقے سے احتجاج کیا۔ اسی سبب منگل کو پارلیمنٹ  کے  دونوں ہی ایوان میں زبردست ہنگامہ رہا اوراس باعث کام کاج ٹھپ رہا۔ 
لوک سبھا کا کیا حال رہا 
 لوک سبھا میں مہنگائی کے معاملے پر اپوزیشن پارٹیوں کے اراکین نے منگل کو پھر ہنگامہ کیا، جس کی وجہ سے مانسون سیشن کے دوسرے ہفتے کے دوسرے دن بھی ایوان میں وقفہ صفر نہیں چل سکا۔ وقفہ سوالات کے ختم ہونے کے بعد پریسائیڈنگ آفیسر راجندر اگروال کی طرف سے ضروری کاغذات ایوان میں پیش کرنے  کے بعد جیسے ہی  وقفہ صفر شروع ہوا، اپوزیشن اراکین  نے ہنگامہ آرائی کی اور ایوان کے وسط میں آکر جم کر نعرے بازی شروع کردی۔  اگروال نے ہنگامہ آرائی کے درمیان وقفہ صفر کے دوران کچھ اراکین کو اپنے معاملےپیش کرنے کیلئے کہا اور انہوں نے زبردست شور شرابے کے درمیان ایوان کو چلانے کی کوشش کی، لیکن اپنے ۴؍ ساتھیوں کی معطلی سے ناراض کانگریسی ایم پیز نے زبردست ہنگامہ کیا جس کی وجہ سے وہ ایوان  کی کارروائی ۲؍ بجے تک ملتوی کرنی پڑی۔     واضح رہے کہ اگروال نے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کی ہدایت پر ہنگامہ کر رہے کانگریس کے چار ممبران کو  مانسون سیشن کی بقیہ مدت کے لیےمعطل کر دیا تھا ۔
راجیہ سبھا میں بھی اپوزیشن نے حکومت کو گھیرا
   راجیہ سبھا کے۱۹؍ اراکین کو مہنگائی اور اشیا اور خدمات ٹیکس اور دیگر مسائل پر بحث کا مطالبہ کرنے پر منگل کو اس ہفتے کی بقیہ مدت کے لئے  ایوان سے معطل کر دیا گیا۔ معطل اراکین کی جانب سے پوڈیم کے قریب ہنگامہ آرائی اور ایوان سے باہر نہ جانے پر چار بار التواء کے بعد کارروائی پورے دن کے لئے  ملتوی کر دی گئی۔  چار التوا کے بعد جب شام ۴۵:۴؍  بجے ایوان کی کارروائی دوبارہ شروع ہوئی تو  ڈپٹی چیئرمین بھونیشور کلیتا نے۱۹؍ معطل اراکین کے نام لئے اور انہیں ایوان سے باہر جانے اور کارروائی جاری رکھنے  دینے کی اپیل کی۔ اس دوران اپوزیشن اراکین   پوڈیم کے نزدیک آگئے اور معطل ارکان کے ساتھ نعرے بازی شروع کردی۔  کلیتا نے معطل اراکین  سے بار بار اپیل کی کہ وہ ایوان سے باہر جائیں اور کارروائی کو آگے بڑھنے دیں لیکن ان کی اپیل کا کوئی اثر نہ ہونے کو دیکھتے ہوئے انہوں نے ایوان کی کارروائی پورے دن کے لئے ملتوی کر دی۔
صبح سے ہی ایوان میں گرما گرمی رہی 
      قبل ازیں مہنگائی اور دیگر امور پر بحث کے مطالبے پر ڈٹے ہوئے اپوزیشن اراکین  نے صبح سے ہی ایوان میں ہنگامہ آرائی کی جس کے باعث وقفہ صفر نہ ہوسکا اور ہنگامہ آرائی کے درمیان وقفہ سوالات جاری رہا۔  کھانے کے وقفے کے بعد کارروائی دوبارہ شروع ہوئی تو اپوزیشن اراکین نے پھر شور مچانا شروع کردیا۔ اس پر پارلیمانی امور کے وزیر مملکت وی مرلی دھرن نے کارروائی میں رکاوٹ ڈالنے اور ایوان اور نشست کا احترام نہ کرنے پر اپوزیشن کے۱۹؍ اراکین کو معطل کرنے کی تجویز پیش کی جسے صوتی ووٹ سے منظور کر لیا گیا۔ ڈپٹی چیئرمین ہری ونش نے اس کے بعد معطل اراکین سے باہر جانے کی اپیل کی۔ ان کی اپیل کا اراکین پر کوئی اثر نہیں ہوا تو انہوں نے ایوان کی کارروائی۱۵؍ منٹ کے لئے ملتوی کر دی۔ اس کے بعد ایوان کی کارروائی پہلے ایک گھنٹے اور پھر دن بھر کے لئے ملتوی کر دی گئی۔
 خیال رہے کہ مانسون اجلاس۱۸؍  جولائی کو شروع ہوا تھا اور منگل کو  اس کا ساتواں دن تھا  لیکن اپوزیشن اور حکمراں جماعت کے اپنے اپنے موقف پر قائم رہنے کی وجہ سے ایوان کی کارروائی میں مسلسل خلل پڑ رہا ہے اور کوئی خاص قانون سازی کا کام نہیں ہو سکا ہے۔  اپوزیشن تحریک التواء کے تحت مہنگائی اور جی ایس ٹی سمیت دیگر مسائل پر فوری بحث کے مطالبے پر اٹل ہے، حکومت کا کہنا ہے کہ وہ تمام مسائل پر بات چیت کے لئے تیا ر ہے لیکن اس کے لئے مناسب ماحول اور اتفاق رائے پیدا کرنا ضروری ہے۔
راجیہ سبھا میں کارگل کے شہیدوں کوخراج عقیدت پیش کیاگیا
  راجیہ سبھا نے منگل کے روز کارگل وجے دیوس کے موقع پر کارگل کے بہادر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ راجیہ سبھا کے چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو   نے ایوان میں آتے ہی سب سے پہلے اراکین سے کہا کہ آج کارگل وجے دیوس کی۲۳؍ویں برسی ہے۔۱۹۹۹ء  میں آج کے دن ہمارے بہادر  جانباز فوجیوں  نے  بہادری سے  دشمنوں کو شکست دے کر تاریخی فتح حاصل کی تھی۔  ان کی یہ بہادری  آنے والی نسلوں کے لیے ہمیشہ باعث تحریک رہے گی۔     اسکے بعد پورے ایوان نے ملک کیلئے  شہید ہونے والے  جانبازوں کے اعزاز میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کرکے خراج عقیدت پیش کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK