Inquilab Logo

پوروانچل : منڈیوں میں قربانی کے جانور زیادہ ،خریدار کم

Updated: July 14, 2021, 11:10 AM IST | Inquilab News Network | Varanasi

وارانسی ، غازی پور ،گورکھپور ، اعظم گڑھ اورجونپور وغیرہ میں لوگ ابھی بازار کا جائزہ لے رہےہیں ، تاجروں سے صرف قیمت پوچھ رہےہیں ۔ قیمت کم ہونے کا انتظار ، اُن کا کہنا ہے :’’ا مسال قربانی کے جانوروں کی قیمت بہت زیادہ ہے،جیسے جیسے دن قریب ہوں گے ، قیمت کچھ نہ کچھ ضرور کم ہوگی۔‘‘

 Gorakhpur: Wazirabad Fish Office Bakra Mandi  .Picture:INN
گورکھپور:وزیر آباد مچھلی دفتر کی بکرا منڈی ۔۔تصویر :آئی این این

 پو روانچل کی جانوروں کی منڈیوں میں قربانی والے  جانوروں کی تعداد کے لحاظ سے خریداروں کی تعداد  انتہائی کم   ہے۔
  پوروانچل کے اضلاع وارانسی ،  غازی پور ،گورکھپور ، اعظم گڑھ اورجونپور وغیرہ کے لوگ ابھی  بازار کا جائزہ  لے رہے ہیں۔تاجروں سے صرف قیمت دریافت کررہے ہیں۔ وہ قیمت کم ہونے کا انتظا کررہے ہیں ، کیونکہ امسال گزشتہ سال کے مقابلے جانوروں کی قیمت زیادہ ہے۔    قربانی کے خواہشمند افراد کا کہنا ہے کہ امسال قربانی کے جانوروں کی قیمت بہت زیادہ ہے۔ جیسے جیسے دن قریب ہوں گے ، قیمت کچھ نہ کچھ ضرور کم ہوگی ۔ ان کے مطابق ابھی وقت ہے جب دو تین روز باقی رہے گا تب ہی قربانی کے جانور خریدے جائیں گے ۔  پہلے جانور خرید نے  سے دشواریاں ہوتی ہیں ۔ جانوروں کے رکھنے کی جگہ نہیں ہے ۔ بارش کے پانی سے جانوروں کو بچاناسب سے مشکل کام ہے۔  چارا پانی کا بھی انتظام کرنا ہو تا ہے ۔  جانوروں کی بیماریاں عام ہیں ۔ ان دنوں جانوروں کا علاج  بھی مشکل سے ہوتا ہے۔  ایسے میں ابھی نہ خرید نا ہی بہتر ہے۔   بنارس کی ایک منڈی میں موجود بکروں کے تاجروں کا کہنا ہے :’’ ہم لوگ    ہر سال دوسرے شہروں سے قربانی کے جانور لے کر آتے ہیں ۔ مول تول کرنے سے ہم لوگ مایوس ہیں۔ اس بار کا روبا ر ٹھپ ہے۔ جس بکرے کی قیمت ۱۰؍ہزار بتائی جارہی ہے ، لوگ  اسے  صرف۵؍ہزار  میں خریدنا چاہتے ہیں ۔ یہی حالت رہی تو لاگت نہیں نکل پائے گی ، ہماری محنت ضا ئع ہوجائے گی ۔ ‘‘ گزشتہ ایک ہفتے سے بنارس شہر کے بہت سے علاقوں میں جانوروں کے بازار سج رہے ہیں۔ ان دنوں  شہر   کے جن علاقوں میں قربانی کے بکرے نظر آرہے ہیں ان میں بجرڈیہہ ، نواب گنج، شیوالا، گوری گنج، مدنپورہ، نئی سڑک، چھتن پور ا، علوی پورہ، جیت پورہ، اردلی بازار، شیوپور، للاپورہ  اور کوئلہ بازار وغیرہ شامل ہیں۔  ادھر گورکھپور  شہرمیںبھی قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت ہورہی ہے۔ یہاں بھی جانوروں کی قیمت زیادہ ہے ۔ شہر میں  ریاست کے سہارن پور ، بریلی اور مراد آ با د کے ساتھ ساتھ بہار کے گوپال گنج ، نرکٹیا گنج  اور موتیہاری سے بھی بکرے آرہے ہیں۔ راجستھان کے بکر ے بھی گورکھپور میں فروخت کیلئے لائے جاتے ہیں۔  ان دنوں جامع مسجد اردو بازار ، شاہ معروف ، خونی پور ذبح خانہ ، ریتی روڈ ، وزیر آباد مچھلی دفتر ، مدینہ مسجد ، ترکمان پور ، چک شاہ حسین ، پاکیزہ ہوٹل خونی پور ، عسکر گنج ، جعفرآبازار ، رسول پور ، الٰہی باغ ، دیوان بازار ، غازی روضہ اورانچوا  کے ساتھ ساتھ مختلف مقامات پر بکرے اور بھینس کے بازار سجے ہوئے ہیں لیکن یہاں خریدا ر انتہائی کم آرہےہیں۔  شہر کے ا ن علاقوں  کے ساتھ ساتھ دوسرے حصے میں  دور دراز کے دیہات کے لوگ  جانور  فروخت کر نے کیلئے  آرہے ہیں۔  چاند نظر آنے کے بعد سےشہر میںقربانی کے جانور وں کی آمد میں اضافہ ہوا ہے۔قربانی کے جانوروں کو تاجروں کے ذریعہ مختلف مقامات پر لگنے والے بازاروں سے لایا جاتا ہے۔  قربانی کے جانور مہراج گنج ،خلیل آباد ، بہرائچ ، بارہ بنکی ، چوری چورہ ، فیض آباد ، کالپی ، فتح پور سیکری ، مئواور  اطراف  اضلاع سے لائےگئے ہیں۔

gorakhpur Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK