بھارت جوڑو یاترا کے دوران گگ ورکرز کے ساتھ ملاقات کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے ان غیر مستقل ملازمین کوانصاف دلانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
EPAPER
Updated: May 30, 2025, 11:42 AM IST | Agency | New Delhi
بھارت جوڑو یاترا کے دوران گگ ورکرز کے ساتھ ملاقات کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے ان غیر مستقل ملازمین کوانصاف دلانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
لوک سبھا میں اپوزیشن اور کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی نے گِگ ورکرز کے حقوق کیلئے اہم پیغام دیا ہے۔ راہل گاندھی نے اس تعلق سے ایکس پر ایک پوسٹ ان الفاظ میں کیا ’’ریٹنگ نہیں، حق چاہئے اور ’انسان ہیں ہم، غلام نہیں‘‘،بھارت جوڑو یاترا کے دوران میںگگ ورکرز سے ملا تو یہ الفاظ میرے دل میں اتر گئے۔‘‘
انہوں نے لکھا کہ کرناٹک میں کانگریس حکومت نے ایک تاریخی قدم اٹھایا ہے ، ایک آرڈیننس لایا ہے جوگگ ملازمین کو حقوق، تحفظ اور احترام دیتا ہے ۔ گرمی، سردی اور بارش کا مقابلہ کرتے ہوئے یہ کارکن ہمیں دن رات کھانا، ضروری سامان اور خدمات فراہم کرتے ہیں لیکن انہیں اکثر بغیر وجہ کے ایپ سے ہٹا دیا جاتا ہے، انہیں بیماری کی چھٹی نہیں ملتی، اور ان کی محنت سے کمائی گئی رقم کا تعین خفیہ الگورتھم کے ذریعے کیا جاتا ہے۔اب یہ ظلم ختم ہو جائے گا۔یہ نیا قانون یقینی بنائے گا: سوشل سیکوریٹی، منصفانہ معاہدہ، تنخواہ کے تعین میں شفافیت، من مانی ایپ بلاک کرنے کا خاتمہ۔گگ ملازمین سے ملاقات کی تصویرپوسٹ کرتے ہوئے انہوں نے مزیدلکھا کہ ٹیکنالوجی کو ترقی بھی کرنا چاہئے اور انصاف بھی ملنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ راجستھان سے شروعات ہوئی۔ کرناٹک نے راستہ دکھایا۔ اب تلنگانہ کی باری ہے۔یہ ہمارا وژن ہے اوراسے ہر ریاست اور پورے ملک میں لے جائیں گے۔
خیال رہے کہ گِگ ورکرز وہ لوگ ہوتے ہیں جو کسی کمپنی کے مستقل ملازم نہیں بلکہ مختصر مدتی یا آرڈر کی بنیاد پر کام کرتے ہیں اور زیادہ تر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز جیسے فوڈ ڈیلیوری ایپس، رائڈ شیئرنگ سروسیز اور فری لانسنگ ویب سائٹس پر کام کرتے ہیں۔ چونکہ یہ افراد مستقل ملازمین نہیں ہوتے، انہیں عام ملازمین جیسی تنخواہ، طبی سہولت، چھٹی یا دیگر بنیادی حقوق حاصل نہیں ہوتے جس کی وجہ سے ان کی زندگی میں بے یقینی اور مشکلات کا سلسلہ برقرار رہتا ہے۔ راہل گاندھی نے کرناٹک کی کانگریس حکومت کی طرف سے گگ ورکرز کیلئے لائے گئے نئے آرڈیننس کی تعریف کرتے ہوئے اسے ایک تاریخی قدم قرار دیا۔ اس آرڈیننس کے تحت گِگ ورکرز کو قانونی تحفظ، معاشرتی حقوق اور عزت و احترام ملے گا۔ یہ قانون ایسے وقت میں آیا ہے جب گِگ ورکرز کی محنت اور خدمات کو تسلیم کرنے کی اشد ضرورت ہے۔راہل نے کہا کہ تکنیکی ترقی کے ساتھ انصاف کا حصول بھی ضروری ہے اور کرناٹک نے اس معاملے میں ایک مثال قائم کی ہے۔