Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایم آئی ٹی نے ہند نژاد طالبہ کے فلسطین حامی تقریر کرنے پر گریجویشن تقریب میں شرکت پر پابندی عائد کی

Updated: May 31, 2025, 10:10 PM IST | Washington

کئی افراد نے فلسطین کے معاملے پر آواز اٹھانے کی جرأت کیلئے میگھا ویموری کی تقریر کی ستائش کی جبکہ متعدد اسرائیل حامیوں نے ان پر تنقید کی، ان کی مستقبل اور کریئر کے بارے میں دھمکیاں دیں اور غزہ میں اسرائیل کے ذریعے فلسطینیوں کی نسل کشی کی مذمت کرنے پر ان پر یہود دشمنی کا الزام لگایا۔

Megha Vemuri. Photo: INN
میگھا ویموری۔ تصویر: آئی این این

امریکہ کے معروف تعلیمی ادارے، میساچوسیٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (ایم آئی ٹی) کی ہندوستانی نژاد امریکی طالبہ اور ۲۰۲۵ء کی کلاس پریسیڈنٹ میگھا ویموری نے گزشتہ دنوں ایک تقریب میں اپنی فلسطین حامی تقریر میں ادارے پر غزہ میں نسل کشی میں ملوث ہونے، طلبہ کی آوازوں کو دبانے اور فلسطین کیلئے مضبوط حمایت کا اظہار کیا تھا جس کی پاداش میں ایم آئی ٹی نے انہیں گریجویشن کی تقریب میں شرکت کرنے سے روک دیا۔ 

چانسلر میلیسا نوبلز کی جانب سے بھیجے گئے ایک ای میل میں اس پابندی کے پیچھے وجوہات بتائے بغیر کہا گیا کہ سینئر لیڈرشپ کی جانب سے ہم آپ کو آگاہ کرتے ہیں کہ آپ کو آج (۳۱ مئی) کی گریجویشن تقریب میں شرکت کی اجازت نہیں ہے اور آپ آج شام ۴ بجے تک کیمپس میں داخل نہیں ہو سکتے۔ آپ کے ٹکٹ غیر فعال کر دیئے گئے ہیں۔"

یہ بھی پڑھئے: ایم آئی ٹی کی کلاس پریسیڈنٹ میگھا ویموری کی تقریر میں غزہ میں نسل کشی پر تنقید

ایم آئی ٹی انتظامیہ کا یہ فیصلہ ویموری کی جمعرات کو کی گئی تقریر کے بعد سامنے آیا جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔ جہاں کئی لوگوں نے فلسطین کے معاملے پر آواز اٹھانے کی جرأت کیلئے ان کی تقریر کی ستائش کی جبکہ متعدد اسرائیل حامی اکاؤنٹس نے ان پر تنقید کی، ان کی مستقبل اور کریئر کے بارے میں دھمکیاں دیں اور غزہ میں اسرائیل کے ذریعے فلسطینیوں کی نسل کشی کی مذمت کرنے پر ان پر یہود دشمنی کا الزام لگایا۔

ادارے کے اقدام کی مخالفت

ایم آئی ٹی کولیشن اگینسٹ اپارتھائیڈ نے ایم آئی ٹی انتظامیہ اس فیصلے کی مذمت کی اور کہا کہ میگھا پر حملہ فلسطین حامی آوازوں کو مسلسل خاموش کرنے اور ایم آئی ٹی پر اسرائیلی وزارت دفاع کے ساتھ تمام فوجی معاہدوں کو ختم کرنے کے بڑھتے ہوئے دباؤ کو بے نقاب کرتا ہے۔ اس نے مزید کہا کہ ایم آئی ٹی، اے آئی سے چلنے والے قاتل ڈرون پروگرام کیلئے اسرائیلی فنڈنگ قبول کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: اسرائیل، غزہ میں نسل کشی کا مرتکب ہو رہا ہے: آئسکریم برانڈ بین اینڈ جیری کا بیان

گروپ نے ادارے کے منافقت کی نشاندہی کرتے ہوئے بتایا کہ میگھا ویموری نے ایم آئی ٹی کی صدر سیلی کورن بلتھ اور کارپوریشن چیئر مارک گورنبرگ کے ساتھ اسٹیج شیئر کیا جہاں صدر کورن بلتھ نے اعلان کیا کہ ایم آئی ٹی میں ہم آزادی اظہار کی قدر کرتے ہیں۔ لیکن اگلے ہی دن، انہی منتظمین نے صرف ان کی تقریر کی وجہ سے میگھا کو اپنی گریجویشن تقریب میں شرکت سے روک دیا۔ گروپ نے صدر کے دعوے کو "خالی وعدہ" قرار دیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK