طاقت کے مظاہرہ میں پارٹی کے سیکڑوں کارکنوں اور حامیوں نے شرکت کی
EPAPER
Updated: April 03, 2024, 11:35 PM IST | Wayanad
طاقت کے مظاہرہ میں پارٹی کے سیکڑوں کارکنوں اور حامیوں نے شرکت کی
کیرالا کے وائناڈ لوک سبھا حلقے سے کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کر دیا۔ اس سے پہلے انہوں نے ایک زبردست روڈ شو کیا جس میں کانگریس جنرل سیکریٹری اور ان کی بہن پرینکا گاندھی بھی ان کے ساتھ موجود تھیں۔ راہل گاندھی نے۲۰۱۹ءکے انتخابات میں وائناڈ سیٹ پر چار لاکھ سے زیادہ ووٹوں کے بہت بڑے فرق سے کامیابی حاصل کی تھی اور امید کی جارہی ہے کہ اس مرتبہ بھی وہ اپنی کامیابی دہرائیں گے ۔
پرچہ داخل کرنے کے لئے راہل گاندھی ہیلی کاپٹر کے ذریعہ وائناڈ کے ایک گاؤں موپے ناد پہنچے اور پھر وہاں سڑک کے ذریعے کلپیٹا گئے۔ پارٹی نے کہا کہ انہوں نے پرینکا گاندھی، کے سی وینوگوپال، دیپا داس، کنہیا کمار اور ریاستی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر وی ڈی ستیسن اور کے پی سی سی کے ورکنگ صدر ایم ایم حسن کے ساتھ کلپیٹا سے صبح ۱۱؍ بجے کے قریب روڈ شو شروع کیا جو تقریباً ۴؍ گھنٹے جاری رہا ۔ اس دوران راہل گاندھی نے جگہ جگہ اپنے خطاب میں کہاکہ آپ کا ایم پی بننا میرے لئے فخر کی بات ہے، میں آپ سب کو اپنی چھوٹی بہن پرینکا کی طرح سمجھتا ہوں۔ یہاں جنگلی جانوروں کے شکار بنتے انسانوں کا مسئلہ ہے۔ میڈیکل کالج کا مسئلہ ہے اور دیگر کئی مسائل ہیں۔ میں نے اس سلسلے میں کافی کوششیں کی ہیں جن کا پھل آپ لوگوں کو جلد ملے گا۔ ساتھ ہی انہوں نے اعلان کیا کہ اگر مرکز اور کیرالا میں ان کی پارٹی یا اتحاد کی حکومت آئی تو وہ اس علاقے کے ہر مسئلہ کو حل کردیں گے۔ طاقت کے اس مظاہرہ میں ہزاروں کانگریس کارکنان شامل ہوئے۔