• Sun, 18 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

راہل گاندھی کی اندور میں آلودہ پانی کے متاثرین سے ملاقات، ایک لاکھ کاامدادی چیک دیا

Updated: January 18, 2026, 9:04 AM IST | Hamidullah Siddiqui | Indore

بی جے پی کے’’ زہریلے ماڈل ‘‘کو تنقید کانشانہ بنایا، کہا : اس کے اسمارٹ سٹی ماڈل میں پانی میں زہر ،ہوا میں زہر ،دوامیں زہر اور زمین میں زہر ہے

Rahul Gandhi condoles with family of deceased in Indore
راہل گاندھی اندور میں ایک مہلوک کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کےموقع پر

اہل گاندھی نے سنیچر کو مدھیہ پردیش کے اندور میں آلودہ پانی کی وجہ سے ہلاک ہونے والوں  کے اہل خانہ اور دیگر متاثرین سے ملاقات کی اور ریاست کی بی جے پی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔اس دوران انہوں  نے فوت ہونےوالوں کے اہل خانہ کو ایک ایک لاکھ روپے امدادی چیک بھی سونپا۔
 انہوںنے  پانی پینے کی وجہ سے ہونےوالی اموات کو ’’بی جے پی کا زہریلا ماڈل‘‘ قرار دیا۔راہل گاندھی نے متاثرہ خاندانوں  کو ہر ممکن مدد کا یقین دلاتے ہوئے بی جے پی حکومت پر بگڑتی ہوئی صورتحال اور لاپروائی کی ذمہ داری سے بچنے کا الزام لگایا۔بعد میں انہوںنے ایکس پر لکھا کہ ’’ بی جے پی کی ڈبل انجن والی حکومت کے نئے اسمارٹ سٹی ماڈل میں پانی میں زہر ،ہوا میں زہر، دوامیں زہر اور زمین میں زہر ہے۔‘‘راہل گاندھی نے مزید لکھا کہ اگر کوئی اس پر جواب مانگے تو بلڈوزر چلایا جاتا ہے۔اس ماڈل میں غریبوں کی موت کا ذمہ دار کسی کو نہیں ٹھہرایا جاتا۔‘‘
  انہوںنے مطالبہ کیا کہ مجرموں کو سزا دی جائے اور متاثرین کو جلد از جلد مناسب علاج اور معاوضہ فراہم کیا جائے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں  لوگ اب بھی صاف پانی تک سے محروم ہیں جو سنگین مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو صاف پانی فراہم کرنا اور آلودگی پر قابو پانا حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن حکومت اس سلسلے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھاگیرتھ پورہ میں آلودہ پانی پینے سے کئی لوگ مر چکے ہیں اور بیمار ہو چکے ہیں۔ یہ صورتحال حکومت کی غفلت کی وجہ سے پیدا ہوئی ہے اور حکومت کو اس کی ذمہ داری قبول کرنی چاہیے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK