کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی سنیچر کو ہی اپنی بھارت جوڑو نیائے یاترا درمیان میں چھوڑ کر کیرالا کیلئے روانہ ہوگئے تھے۔
EPAPER
Updated: February 19, 2024, 6:45 PM IST | New Dehli
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی سنیچر کو ہی اپنی بھارت جوڑو نیائے یاترا درمیان میں چھوڑ کر کیرالا کیلئے روانہ ہوگئے تھے۔
یوپی میں جاری بھارت جوڑونیائے یاترا سنیچر کو درمیان میں چھوڑ کر راہل گاندھی کیرالا کے اپنے انتخابی حلقے وائناڈ چلے گئے تھےجہاں انہوں نے محکمۂ جنگلات کے ملازم وی پی پال کے اہل خانہ سے ملاقات کی تھی جن کی ہاتھیوں کے حملے میں موت ہوگئی۔ اتوار کو راہل ایک فاریسٹ واچ مین اجیش کے گھروالوں سے ملے۔ اجیش بھی گزشتہ دنوں ہاتھی کے حملے میں مارے گئے تھے۔
واضح رہےکہ وائناڈ میں گزشتہ کچھ دنوں میں ہاتھیوں کے حملے میں ۵؍ سے ۶؍ افراد کی موت ہوئی ہے۔ ان کے ساتھ کانگریس کے جنرل سیکریٹری (انتظامی امور) کے سی وینوگوپال بھی موجود ہیں ۔ سنیچر کوراہل گاندھی نے محکمہ جنگلات کے ملازم وی پی پال کے گھر جاکر ان کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی۔ پال کو ایک جنگلی ہاتھی نے کچل دیا تھا۔ اس کے علاوہ راہل گاندھی اجیش کے گھر بھی گئے۔ انہیں بھی ہاتھی نے کچل کر ہلاک کر دیا تھا جس کی گردن میں ریڈیو کالر تھا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل مختلف سیاسی پارٹیوں کے ذریعے بلائی گئی ہڑتال کے دوران پھوٹ پڑنے والے تشدد کے سلسلے میں یہاں تین مقدمات درج کیے گئے تھے۔ کانگریس کے جنرل سیکریٹری جے رام رمیش نے بتایا کہ گزشتہ۲؍مہینوں میں یہاں انسانوں اور ہاتھیوں کے تنازع میں جو اموات ہوئی ہیں ان پروائناڈ کے لوگ بہت ناراض تھے۔ رکن پارلیمنٹ ہونے کی وجہ سے راہل گاندھی کو فوراً وائناڈ جانا پڑا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے راہل گاندھی نے متوفیوں کو ملنے والے معاوضے میں تاخیر پر سوال اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ’’ ریپڈ ریسپانس ٹیم ہے لیکن اس کیلئے ایک ٹیم کافی نہیں ہے۔ میں نے ضلعی حکام سے کہا ہے کہ وہ ٹیموں کی تعداد میں اضافہ کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ انہیں تمام سہولیات ملیں۔ کیرالہ، تمل ناڈو اور کرناٹک کے درمیان بین الریاستی تنازعے کا مسئلہ بھی ہے۔ ہم تال میل کو بہتر بنانے کی کوشش میں اپنا کردار ادا کریں گے لیکن جہاں تک مسئلے کے حل کا تعلق ہے، یہ ضروری ہے کہ تینوں ریاستیں ایک دوسرے کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کریں۔ ‘‘