ممبئی میں ۷۰۰؍مربع فٹ تک کے مکانات کو پراپرٹی ٹیکس میں رعایت ، خواتین کو۱۵۰۰؍روپے ماہانہ ’سوابھیمان ندھی‘، بیسٹ کے بجلی صارفین کو ۱۰۰؍یونٹ تک مفت بجلی سپلائی اور میونسپل کارپوریشن کا اپنا کینسر اسپتال تعمیر کرنے کے وعدے کئے۔
راج ٹھاکرے اور ادھو ٹھاکرے تینوں پارٹیوں کے مشترکہ منشور کا اجراء کررہے ہیں۔ تصویر: پی ٹی آئی
شیو سینا (یوبی ٹی) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے اور مہاراشٹر نونرمان سینا(ایم این ایس) کے سربراہ راج ٹھاکرے نے اتوار کو دادر میں واقع شیو سینا بھون میں بی ایم سی الیکشن کیلئے شیو سینا ( یوبی ٹی) ، ایم این ایس اور این سی پی (شرد پوار) کے مشترکہ منشور جار ی کیا جس میں ممبئی میں ۷۰۰؍مربع فٹ تک کے مکانات کو پراپرٹی ٹیکس میں رعایت دینے، خواتین کو ۱۵۰۰؍ روپے ماہانہ ’سوابھیمان ندھی‘، بیسٹ کے بجلی صارفین کو ۱۰۰؍یونٹ تک مفت بجلی دینے اور میونسپل کارپوریشن کا اپنا کینسر اسپتال تعمیر کرنے جیسے وعدے کئے گئے ہیں۔ اس ضمن میں پریس کانفرنس میں یہ بھی اعلان کیا گیا کہ ممبئی کا میئر مراٹھی ہی ہوگا۔
تینوں پارٹیوں کےا نتخابی منشور کےاہم نکات
ہاؤسنگ: میونسپل کارپوریشن کی زمین کسی بھی حالت میں پرائیویٹ بلڈرس کو نہیں دی جائے گی، حکومت، میونسپل کارپوریشن، بیسٹ اور پولیس ملازمین اور ممبئی کی خدمت کرنے والے مل مزدوروں کو ان کا حق کا مکان دیا جائے گا۔ ممبئی میونسپل کارپوریشن کی اپنی ہاؤسنگ اتھاریٹی ہوگی۔ اگلے۵؍ برس میںایک لاکھ ممبئی واسیوں کو سستے مکانات دیئے جائیں گے۔
صحت عامہ: ممبئی میں۵؍نئے میڈیکل کالج قائم کئے جائیں گے۔ میونسپل اسپتالوں اور دواخانوں میں مفت جنرک ادویات فراہم کی جائیں گی۔ بزرگ شہریوں کیلئے ہفتہ کے ساتوں دن ۲۴؍ گھنٹےہیلتھ کنٹرول روم اور ہیلتھ ٹو ہوم سروسیز متعارف کرائی جائیں گی۔ بی ایم سی کی اپنی ایمبولنس سروس ہوگی اور اپنا کینسر اسپتال ہوگا۔
چیٹ بوٹس اور ڈیجیٹل گورننس: میونسپل کارپوریشن کی۸۰؍ اہم خدمات مصنوعی ذہانت پر مبنی چیٹ بوٹ کے ذریعے دستیاب کرائی جائیں گی۔
خواتین کیلئے: گھریلو خاتون ملازمین کورجسٹرڈ کیا جائے گا اور رجسٹرڈ خواتین کو۱۵۰۰؍ روپے ماہانہ ’سوابھیمان ندھی‘دی جائے گی۔خاتون ماہی گیروں کو رجسٹریشن، مالی مدد اور نئے لائسنس فراہم کئےجائیں گے۔ محنتی ممبئی والوں کیلئے ’ماںصاحب کچن‘ ، ۱۰؍ روپے میں ناشتہ اور لنچ۔ ممبئی میں ہر۲؍ کلومیٹر پر خواتین کیلئے صاف ستھرے بیت الخلاء بنائے جائیں گے۔
روزگار:ایک لاکھ نوجوانوں کو ۲۵؍ ہزار سے ایک لاکھ روپے کی خود روزگار امداد۔۲۵؍ ہزار ڈبہ والوں اور ڈیلیوری بوائے کو ای بائک کیلئے بلا سودی قرض دیا جائے گا۔
تعلیم: میونسپل اسکولوں کی زمین کبھی بھی بلڈروں کو نہیں دی جائے گی۔ اسکولوں میں۱۲؍ویں جماعت تک کے جونیئر کالج تاکہ دسویں جماعت کے بعد ڈراپ آؤٹ کو روکا جاسکے۔
آلودگی سے پاک ممبئی: گزشتہ ۳؍برسوں میں بڑھتی آلودگی کو فوری طور پر کم کرنے کیلئے ممبئی انوائرومنٹ ایکشن پلان پر سختی سے عمل درآمد۔
اصل ممبئی کو دوبارہ بنانا: تیسری چوتھی ممبئی کے نعروں کے بجائے اصل ممبئی کو دوبارہ بنانے پر زور۔ سابق واٹر فرنٹ پر تقریباً ایک ہزار ۸۰۰؍ایکڑ بی پی ٹی اراضی پر ایک بین الاقوامی کاروباری اور مالیاتی مرکز اور سمندری سیاحت کا مرکز۔ بی جے پی حکومت کے تحت گجرات منتقل کئے گئے مالیاتی مرکز کو ممبئی واپس لایا جائے گا۔ اولمپک سطح کے ’کھیلوں کا شہر، مقامی رہائشیوں کی سائٹ پر بحالی اور کھلے کھیل کے میدانوں/باغوں ۔ کوسٹل روڈ اور سابق واٹر فرنٹ روڈ کو جوڑنے والا رنگ روڈ گرڈ۔ موجودہ ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کئے جائیں گے۔ غیر ضروری، ٹھیکیدار کے زیر انتظام کھدائی بند ہو جائے گی۔
ہاؤس ٹیکس: ۷۰۰؍مربع فٹ تک کے مکانات پر پراپرٹی ٹیکس میں رعایت۔ ماحول دوست سہولیات کیلئے سوسائٹیوں کوایک لاکھ روپے کی سبسڈی۔
بجلی: بیسٹ کے بجلی صارفین کو۱۰۰؍ یونٹ تک مفت بجلی، مشرقی اور مغربی مضافاتی علاقوں میں بجلی کی بہترین خدمات کی توسیع کیلئے خصوصی اسکیمیں۔
پالتو جانوروں کے پارک تیار کئے جائیں گے۔ پالتو جانوروں کا کلینک، پیٹ ایمبولینس اور ان کیلئے قبرستان قائم کیا جائے گا۔
نوجوانوں کیلئے ہر وارڈ میں منی/مائیکرو اسپورٹس کمپلیکس اور جدید جم۔