Inquilab Logo Happiest Places to Work

راہل گاندھی کا سوال، ’پیپر لیک‘معاملے پر وزیراعظم خاموش کیوں ہیں؟

Updated: May 19, 2026, 12:25 PM IST | Agency | New Delhi

کانگریس لیڈر نے واٹس ایپ پر پوسٹر جاری کیا، پوچھا کہ مودی جی نیٹ سے متعلق سوالوں سے چھپ کیوں رہے ہیں؟

Rahul Gandhi.Photo:INN
راہل گاندھی۔ تصویر:آئی این این
 کانگریس  لیڈرراہل گاندھی نیٹ پیپر لیک ہونے کے معاملے پر وزیراعظم نریندر مودی پر اپنے حملے تیز کر دیئے ہیں۔ اس دوران اپنے واٹس ایپ چینل پر انہوں نے ایک پوسٹر شیئر کیا جس میں وزیراعظم کے ٹیلی ویژن انٹرویوز اور طلبہ کے مسائل پر ان کی خاموشی کے درمیان موازنہ کیا گیا ہے۔ پوسٹر کی سرخی ہے کہ ’’مودی جی، ان سوالوں کے  جواب تو آپ کھل کر دیتے ہو‘‘، جس کے بعد اداکار اکشے کمار اور نیوز اینکرز کے ساتھ ماضی کے انٹرویوز کا حوالہ دینے والی تین تصویریں تھیں۔ جن سوالات کی فہرست دی گئی تھی ان میں شامل تھے:’’آپ عام کیسے کھاتے ہیں؟‘‘..’’کیا آپ تھکتے نہیں ہیں؟‘‘ اور’’کیا آپ والٹ رکھتے ہیں؟‘‘ اس کے نیچے پوسٹر میں پوچھا گیا ہے کہ ’’پھر ان سوالوں سے کیوں چھپ رہے ہیں؟‘‘ اس کے بعد وزیراعظم مودی سے سیدھے تین سوالات کیے گئے: ’’پیپر لیک کیوں ہو رہے ہیں؟‘‘ ...’’پریکشا پہ چرچا پر آپ چپ کیوں ہیں؟‘‘ اور’’فیل ہو رہے شکشا منتری کو آپ برخاست کیوں نہیں کر رہے ہیں؟‘‘
 
 
اس گرافک میں بائیں طرف گاندھی اور دائیں طرف ایک پردے کے پیچھے سے جھانکتے ہوئے مودی کی تصویر دکھائی گئی تھی، جو ٹال مٹول کی طرف اشارہ کرتی ہے۔ یہ پوسٹ بڑے پیمانے پر پیپر لیک ہونے کی رپورٹوں کے بعد نیٹ کی منسوخی پر جاری تنازع کے درمیان سامنے آئی ہے۔ سی بی آئی اس کیس کی جانچ کر رہا ہے۔ نیٹ۲۰۲۴ء بھی پیپر لیک کے الزامات کی زد میں آیا تھا، حالانکہ وہ امتحان منسوخ نہیں کیا گیا تھا۔
 
 
’’مہنگائی بڑھاکر غریبوں کوچوٹ پہنچاتےہیں مودی‘‘
کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے وزیراعظم مودی پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ الیکشن تک مہنگائی اور قیمتوں سے جڑی حقیقی صورتحال چھپاتے ہیں اور الیکشن ختم ہوتے ہی غریبوں کو نقصان پہنچانے والے فیصلے کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے مسلسل مہنگائی بڑھ رہی ہے اور اس کا سب سے زیادہ خمیازہ ملک کے غریب اور عام لوگوں کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے سوشل میڈیا ایکس پر پیر کو لکھا کہ اگر وزیراعظم مودی الیکشن سے پہلے پیٹرول اور ڈیزل سمیت دیگر ضروری اشیاء کی قیمتیں بڑھاتے تو بی جے پی کو اس کا بڑا سیاسی نقصان اٹھانا پڑتا۔ اسی وجہ سے حکومت نے الیکشن تک تمام باتوں کو ملک سے چھپا کر رکھا لیکن الیکشن ختم ہوتے ہی قیمتوں میں اضافہ کر دیا۔ کانگریس صدر نے کہا کہ بی جے پی حکومت اور مودی میں دوراندیشی کی کمی ہے اور ان کی حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے مسلسل مہنگائی بڑھ رہی ہے، جس سے غریبوں کو وہ ضروری چیزیں بھی نہیں مل پا رہی ہیں، جن کے وہ حقدار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اس مسئلے کو نمایاں طور پر اٹھائے گی۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK