Inquilab Logo

بھارت جوڑو یاترا ختم کرکے راہل گاندھی دہلی لوٹے،شاندار استقبال

Updated: February 02, 2023, 12:24 PM IST | New delhi

تغلق روڈ پر واقع ان کی رہائش گاہ پرپارٹی کارکنوں کی بڑی تعدادپہنچی ، بھارت جوڑو یاترا کیلئے اظہار تشکر، پرجوش کارکن پارلیمنٹ کے گیٹ تک ساتھ آئے

Rahul Gandhi was welcomed by party workers outside his house
راہل گاندھی کا ان کے گھر کے باہر پارٹی کارکنوں نے استقبال کیا

تاریخی ’بھارت جوڑو یاترا‘ ختم ہو چکی ہے اوربدھ کو کانگریس کے سینئر لیڈر اور رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی  دہلی واپس  آگئےہیں۔ اس موقع پر دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر چودھری انل کمار نے کثیر تعداد میں موجود کانگریس کارکنان کی قیادت کرتے ہوئے اپنے لیڈر راہل گاندھی کا پرزور استقبال کیا۔ چودھری انل کمار کانگریس کارکنان کے ساتھ راہل گاندھی کی تغلق روڈ واقع رہائش پر پہنچے اور دہلی والوں کی طرف سے ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر پارٹی کارکنوں نے نہ صرف راہل گاندھی کو مبارکباد پیش کی بلکہ انہیں اپنے کندھوں پر اٹھالیا۔  پارٹی کارکنان ’’راہل گاندھی زندہ باد ‘‘ اور ’’کانگریس پارٹی زندہ باد ‘‘ کے نعرے بھی لگارہے تھے۔اس موقع پر چودھری انل کمار نے کہا کہ تاریخی بھارت جوڑو یاترا کو ملک بھر میں جو بے پناہ حمایت ملی ہے، اس سے ثابت ہو گیا کہ عوام ایک بار پھرکانگریس کے نظریات پر بھروسہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے راہل کے استقبال کیلئے جمع ہوئی بھیڑ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کارکنان کی یہ بڑی تعداد ثابت کرتی ہے کہ ناانصافی، نفرت، تاناشاہی اور عوام مخالف بی جے پی حکومت کے خلاف لڑنے والے لیڈر کے تئیں  بے پناہ محبت اور اپنائیت ہے۔
  پارٹی کارکنوں نے  اس دوران نہ صرف راہل کو کندھوں پر اٹھایا ہوا تھا بلکہ وہ ان کے ساتھ پارلیمنٹ ہائوس کے گیٹ تک بھی گئے۔اس دوران راہل گاندھی اسی طرح کی ٹی شرٹ میں نظر آئے جو انہوں نے یاترا کے درمیان پہن رکھی تھی۔  پارلیمنٹ کے ایوان میں بھی وہ یہی ٹی شرٹ پہن کر داخل ہوئے۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK