Inquilab Logo

امیٹھی میں راہل گاندھی کی شاندار ریلی، ہزاروں کی شرکت، مودی پر تنقیدیں

Updated: December 19, 2021, 7:40 AM IST | Amethi

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کافی عرصے بعد امیٹھی پہنچے جہاں انہوں نے ایک پرہجوم ریلی سے خطاب کیا

Rahul Gandhi addressing his supporters in Amethi. (PTI)
راہل گاندھی امیٹھی میں تاحد نگاہ موجود اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے ۔(پی ٹی آئی )

:کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کافی  عرصے بعد  امیٹھی پہنچے جہاں انہوں نے ایک پرہجوم ریلی سے خطاب کیا۔ اس سے قبل انہوں نے ساڑھے ۶؍ کلومیٹر کا روڈ شو بھی کیا جو نہایت کامیاب رہا کیوں کہ اس میں امڈنے والی بھیڑ نے کانگریس کو مسرور کردیا۔ راہل نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  یہ میرا گھر ہے اور یہاں سے مجھے کوئی نہیں نکال سکتا۔ انہوںنے اپنی بہن پرینکا گاندھی کے ساتھ امیٹھی کی سڑکوں پر عظیم الشان ’پرتگیہ پدیاترا‘ نکالی جس میں لوگوں کا زبردست ہجوم تھا ۔ راہل گاندھی کی آمد سے امیٹھی کے کانگریس کارکنان بھی پرجوش نظر آئے۔ راہل نے کہا کہ کچھ دن قبل پرینکا گاندھی میرے پاس آئی تھیں، اور انہوں نے مجھ سے کہا کہ لکھنؤ چلو لیکن میں نے ان سے کہا کہ لکھنؤ جانے سے پہلے میں اپنے گھر جانا چاہتا ہوں۔  راہل کے مطابق امیٹھی میرا گھر ہے، مجھے یہاں سے کوئی الگ نہیں کر سکتا۔

راہل گاندھی نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں۲۰۰۴ء میں سیاست میں آیا اور پہلا انتخاب میں نے امیٹھی سے لڑا تھا، اور آپ نے ہی مجھے سیاست سکھائی۔ میں آپ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ آج ملک کے سامنے دو سب سے بڑے سوال ہیں۔ بے روزگاری اور مہنگائی۔ ان سوالوں کا جواب نہ وزیر اعلیٰ دیتے ہیں، نہ وزیر اعظم۔ آپ نے کچھ دنوں پہلے دیکھا ہوگا کہ وزیر اعظم گنگا جی میں اسنان کر رہے تھےلیکن وزیر اعظم ملک کو یہ نہیں بتا سکتے کہ ملک میں روزگار کیوں نہیں پیدا ہو رہے ہیں۔ روزگار ختم کیوں ہو گئے ہیں؟ ہمارے ملک کے نوجوانوں کو روزگار کیوں نہیں مل پا رہا ہے؟ راہل گاندھی نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ آج میں آپ کو یہ سمجھانے آیا ہوں کہ ہمارے نوجوان ہی ملک کا مستقبل ہیں۔ ان کو ہندوستان میں روزگار کیوں نہیں مل سکتا۔ دوسرا سوال یہ ہے کہ اتنی تیزی سے مہنگائی کیوں بڑھتی جا رہی ہے؟ نریندر مودی جی ان کا جواب آپ کو نہیں دیں گے۔ اس لئے میں آپ کو اس کا جواب دے رہا ہوں۔ بھائیو اور بہنو! اس ملک کو چھوٹے بزنس والے، مڈل کلاس دکاندار روزگار دیتے ہیں۔ نریندر مودی نے اپنے دو تین سرمایہ دار دوستوں کے حوالے ملک کا سب کچھ کر رکھا ہے۔ آپ دیکھیے، نریندر مودی تین زرعی قوانین لائے۔ ایک سال بعد ہی وزیر اعظم معافی مانگتے ہیں اور کہتے ہیں مجھ سے غلطی ہو گئی اور تینوں زرعی قوانین واپس لیے گئے۔ ان کی کمزوری کی وجہ سے چین کی فوج آج ہندوستان کے لداخ میں بیٹھی ہوئی  ہے۔ دلچسپ ہے کہ راہل نے اپنے خطاب کے دوران سابقہ روایت کو قائم رکھتے ہوئے امیٹھی سے انتخاب ہارنے کے بعد بھی اسمرتی ایرانی پر ایک لفظ تک نہیں کہا۔ان کے پورے خطاب کا محور وزیر اعظم مودی ہی رہے۔ اس موقع پر انہوں نے وزیر اعظم پر تلخ تبصرہ کرتے ہوئے کہا’ہندو توا وادی گنگا میں اکیلے نہاتا ہے ۔ہندو کروڑں لوگوں کے ساتھ ڈبکی لگاتا  ہے۔کانگریس جنرل سکریٹری اورپرینکا گاندھی واڈرا نے اس موقع پر موجود عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر محاذ پر ناکام ہوچکی حکومت کے پاس اب صرف مذہب کاا ایجنڈا بچا ہے اور عوام کو مذہب کے ذریعہ جذباتی کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ آخر یہ حکومت عوام، روزگار، مہنگائی اور بدعنوانی کی بات کیوں نہیں کرتی؟پرینکا نے اعلان کیا کہ ریاست میں حکومت بننے پر کسانوں اور چھوٹے کاروباریوں کے قرض معاف کئے جائیں گے۔ بجلی بل نصف ہوگا ۔قابل ذکر ہے کہ لوک سبھا انتخابات کے نتائج کے ایک ہفتے بعد راہل گاندھی نے امیٹھی کا دورہ کیا تھا اور آج تقریبا ڈھائی سال بعد بہن پرینکا کے ساتھ اپنے پرانے قلعے امیٹھی  پہنچے  تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK