Inquilab Logo

پرینکا گاندھی کا رائے بریلی اور راہل کا امیٹھی سے الیکشن لڑنا طے

Updated: April 25, 2024, 10:51 AM IST | Lucknow

امیٹھی میں راہل کی کوٹھی کی  صفائی، اکھلیش یادو بھی تال ٹھونک کر میدان میں  اتر سکتے ہیں، قنوج سے خود امیدوار ہوں گے۔

Priyanka Gandhi and Rahul Gandhi. Photo: INN.
پرینکا گاندھی اور راہل گاندھی۔ تصویر: آئی این این۔

ان قیاس آرائیوں  کے بیچ کہ امیٹھی سے راہل گاندھی اور رائے بریلی سے پرینکا گاندھی الیکشن لڑیں  گی یانہیں، بدھ کو کانگریس کے اندرونی ذرائع کے حوالے سے اس بات کی تصدیق کی گئی کہ دونوں  لیڈروں  کا مذکورہ سیٹوں  سے میدان میں اترنا تقریباً طے ہے۔ اس کے ساتھ ہی سابق وزیراعلیٰ  اکھلیش یادو بھی تال ٹھونک کر میدان میں  اتر گئے ہیں۔ انہوں  نے قنوج سے تیج پرتاپ یادو کو امیدوار بنانے کافیصلہ کیاتھا مگر ان کا ٹکٹ کاٹ کر خود میدان میں اترنے کا اعلان کردیا ہے۔ 
راہل، پرینکا اور اکھلیش یادو کے الیکشن لڑنے کے اعلان سے اتر پردیش کی انتخابی مہم میں   دلچسپ موڑ آگیاہے۔ اگر پرینکا گاندھی رائے بریلی سے الیکشن لڑتی ہیں تو یہ ان کی زندگی کا پہلا الیکشن ہوگا۔ رائے بریلی کی نمائندگی اب تک سونیا گاندھی پارلیمنٹ میں کرتی رہی ہیں  مگر اپنی علالت کی وجہ سے اس سال انہوں  نے الیکشن نہ لڑنے کا اعلان کیا ہے۔ ان کے اعلان کے بعد سے ہی یہ بات تقریباً طے سمجھی جارہی ہے کہ ان کی جگہ پرینکا امیدوار ہوں گی۔ امیٹھی کے تعلق سے بے یقینی کی صورتحال ہے۔ عوام کی جانب سے یہ مطالبہ کیا جا رہاہے کہ راہل گاندھی اسمرتی ایرانی کے مقابلے میں  اتریں۔ اس بار ایرانی کے خلاف موجود برہمی کو دیکھتے ہوئے ان کے جیتنے کے آثار بھی نمایاں  ہیں۔ کانگریس ذرائع کے مطابق پارٹی نے راہل اور پرینکا کو میدان میں اتارنے کافیصلہ کرلیا ہے مگر ان کے ناموں  کا اعلان ۲۶؍ اپریل سے پہلے نہیں  کیا جائےگا۔ بتایا جارہاہے کہ اسی کے پیش نظر امیٹھی میں راہل گاندھی کی کوٹھی کی صفائی شروع کردی گئی ہے۔ 
اُدھر قنوج میں بھی مقابلہ دلچسپ ہوگیا ہے۔ سماجوادی پارٹی کے قومی جنرل سیکریٹری رام گوپال یادو نے اکھلیش یادو خود قنوج سے الیکشن لڑیں  گے اورا س کیلئے جمعرات کو دوپہر بارہ بجے پرچہ نامزدگی داخل کریں گے۔ خوداکھلیش نے اس سلسلے میں پوچھے گئے سوالوں  کاسیدھا سیدھا جواب دینے کے بجائے کہا ہے کہ’’کل ۱۲؍ بجے تک سب کچھ واضح ہوجائےگا۔ ‘‘ان کے میدان میں اترنے سے قنوج میں  مقابلہ سخت ہوجائےگا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK