Inquilab Logo

راہل گاندھی پیر کوکرناٹک کے دورہ پر جائیں گے

Updated: March 17, 2023, 10:13 AM IST | Bangalore

نوجوانوں کیلئے گارنٹی اسکیم کا اعلان متوقع،یہ کانگریس کی چوتھی اسکیم ہوگی

Former Congress president Rahul Gandhi
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی

کرناٹک اسمبلی انتخابات کے پیش نظرکانگریس کے سرکردہ لیڈر راہل گاندھی پیر کو بیلگام میں اپنی پہلی انتخابی ریلی سے خطاب کریں گےجہاں وہ نوجوانوں کے لیے پارٹی کی ’گارنٹی‘ اسکیم کا اجراء کریں گے۔راہل،جو کئی پروگراموں سے خطاب کرنے کے لیے برطانیہ میںتھے، بدھ کو دارالحکومت میں لوٹ آئےہیں اورجلدہی انتخابی مہم میںسرگرم ہوجائیں گے۔
 ذرائع نے بتایا کہ راہل انتخابات سے قبل کانگریس کی طرف سےاس مرتبہ نوجوانوں کیلئے ممکنہ طورپر چوتھی ’گارنٹی‘اسکیم کا اعلان کریں گے۔ کرناٹک کےلیڈروں نے کہا کہ توقع ہے کہ راہل بے روزگار نوجوانوں کو بھتہ دینے کے وعدے کا اعلان کریں گے۔تاہم پارٹی کی جانب سے کوئی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔حال ہی میں، کانگریس کے اقتداروالی چھتیس گڑھ حکومت نے اپنے بجٹ میںبے روزگار نوجوانوں کیلئے ۲۵۰۰؍ روپے ماہانہ الاؤنس کا اعلان کیا ہے۔
 ذرائع نےبتایا کہ راہل اور پرینکا انتخابات سے پہلے کرناٹک میں سلسلہ وار ریلیوں کا انعقاد کریں گے۔پارٹی سے۵؍’گارنٹی‘اسکیموں کی نقاب کشائی کی توقع ہےاوراب تک اس نے ۳؍ کا  اعلان کیا ہے۔کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے گھریلو خواتین کو ماہانہ ۲؍ ہزار روپے’گرہ لکشمی‘ اسکیم کے تحت دینے کا اعلان کیا ہے۔پارٹی نے’گرہ جیوتی‘ اسکیم کے تحت ۲۰۰؍ یونٹ مفت بجلی اور’انّ بھاگیہ‘ اسکیم کے تحت۱۰؍کلو چاول مفت دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔
 فی الحال، کانگریس کارکنان ووٹروں کو’گارنٹی کارڈ‘دے رہے ہیں،اوران سے وعدہ کر رہے ہیں کہ وہ اقتدار میں آنے کے بعداس کے تحت اعلان کریں گے۔ حال ہی میں اس نے ریاست کےہر گھر تک پہنچنےکیلئے’دروازے پر دستک‘ کے عنوان سےپروگرام کا بھی اہتمام کیا تھا۔
 ریاستی کانگریس صدر ڈی کے شیوکمار، کانگریس لیجسلیچر پارٹی لیڈرسدارامیا اور لیجسلیٹیو کونسل لیڈر آف اپوزیشن بی کے ہری پرساد نے بھی۳؍یاترائیں نکالی تھیں۔پارٹی نے اس سے قبل۴۰؍ فیصد حکومت‘ اور پے سی ایم‘مہم شروع کی تھی،جس کے تعلق سے لیڈران کا دعویٰ ہے کہ اس نے ووٹروں کو جھنجھوڑنے کا کام کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK