Inquilab Logo

چین کےخلاف وزیراعظم مودی کی ’بزدلی‘ پر راہل گاندھی کا حملہ

Updated: May 21, 2022, 12:37 PM IST | Agency | New Delhi

پینگونگ میں بیجنگ کے ذریعہ دوسرے پل کی تعمیر کو قومی سلامتی اور خود مختاری کیلئے خطرہ قراردیا، ملک کے دفاع کا مطالبہ

Rahul Gandhi .Picture:INN
راہل گاندھی۔ تصویر: آئی این این

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے چین  کی جارحیت  سے نمٹنے میں  وزیراعظم  نریندر مودی پر ’’بزدلی اور نرمی ‘‘ کا مظاہرہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی سلامتی  کے معاملے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے وزیراعظم سے ملک کے دفاع کا مطالبہ کی۔  پینگونگ ٹسو میں  چین کی جانب سے ایک اور پُل کی تعمیر   کے انکشاف اور ہندوستان کی   وزارت خارجہ  کے درعمل پر تنقید کرتے ہوئے راہل گاندھی نے ٹویٹ کیا ہے کہ  ’’چین نے پینگونگ پر پہلا پل بنایا۔ حکومت ہند نے کہا کہ ہم صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔  جب چین نے پینگونگ پر دوسرا پل بنایا تو  بھی ہندوستانی حکومت کہہ رہی  ہےکہ ہم صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔‘‘ انہوں نے متنبہ کیا کہ ’’ملکی سلامتی اور علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا، اس لئے بزدلی  اور  نرمی کام نہیں آئے گی۔ وزیر اعظم کو ہر قیمت پر ملک کی حفاظت کرنی  ہوگی۔‘‘  کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا نے بعد میں پارٹی ہیڈکوارٹر میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ پینگونگ جھیل پر چین کے دوسرے پل کی تعمیر سے متعلق وزارت خارجہ کا بیان تضادسے پر ہے۔  اگر وزارت کے پاس درست  معلومات  نہیں ہے تو وزارت دفاع صورتحال واضح کرے ،ملک کے عوام کو اندھیرے میں نہ رکھا جائے۔ مشرقی لداخ میں پینگونگ جھیل کا وہ علاقہ جہاں چین ایک پل بنا رہا ہے، ہماری حکومت اس علاقے کو کئی دہائیوں سے چین کا `غیر مجاز’ قبضہ‘ سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا اس پل کی تعمیر پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے کہا ہے کہ’’ہم نے پل کے بارے میں رپورٹس دیکھی ہیں۔ یہ ایک فوجی مسئلہ ہے۔ ہم اسے ایک مجاز علاقہ سمجھتے ہیں۔ اس معاملے میں  وزارت دفاع ہی بہتر بیان دے سکتی ہے۔‘‘  انہوں  نے اس ریمارکس کو حکومت کا سست روی قرار دیتے ہوئے کہا کہ سفارت کاری میں زبان سب سے اہم کردار ادا کرتی ہے۔ جہاں فوج دشمن کو منہ توڑ جواب دیتی ہے وہیں اس طرح کے گھٹیا ریمارکس ملک کے حوصلہ کا مذاق اڑاتے ہیں۔   ترجمان نے سوال کیا کہ کیا اس پل کی غیر قانونی تعمیر ہماری علاقائی سالمیت پر حملہ نہیں؟ کیا یہ تعمیر جنگ بندی کی صریح خلاف ورزی نہیں ہے؟ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK