Inquilab Logo

راہل گاندھی کا اب آر ایس ایس کوکبھی’ سنگھ پریوار‘ نہ کہنے کا فیصلہ

Updated: March 26, 2021, 9:29 AM IST | Agency | New Delhi

کانگریس لیڈر نے ٹویٹ کیا کہ پریوار میں خواتین اور بزرگوں کی عزت کی جاتی ہے جبکہ آر ایس ایس میں ایساکچھ بھی نہیں

Rahul Gandhi - Pic : INN
راہل گاندھی ۔ تصویر : آئی این این

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ایک مرتبہ پھرآر ایس ایس پرسخت تنقید کی ہے جسے اب تک کی سب سے سخت تنقید کہا جارہا ہے  ۔راہل گاندھی نے دو ٹوک لہجہ میں کہا کہ اب وہ آر ایس ایس کو کبھی بھی سنگھ پریوار نہیں کہیں گے۔انہوں  نے اپنے حالیہ ٹویٹ میں لکھا کہ ’’ میرا ماننا ہے کہ آر ایس ایس اور متعلقہ اداروں کو سنگھ پریوار کہنا صحیح نہیں ہے ۔ پریوار میں خواتین ہوتی ہیں ، بزرگوں کے لیے احترام ہوتا  ہے، ہمدردی اور پیار کا جذبہ ہوتا ہے ۔جو آر ایس ایس میں نہیں ہے ۔‘‘ راہل گاندھی کا یہ ٹویٹ بہت پسند کیا جا رہا ہے اور نظریاتی لڑائی میں اس کو بہت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔اس سلسلہ میں انقلاب بیورو نے آل انڈیا کانگریس کمیٹی اقلیتی شعبہ کے چیئرمین ندیم جاوید سے گفتگو کی اور پوچھا کہ آخر اس بیان کو کس طرح دیکھا جا رہا ہے ؟انہوں  نے کہا کہ راہل گاندھی کی سیاست پر کوئی کتنی بھی تنقید کرے ، انگلی اٹھائے ، سوال اٹھائے لیکن راہل گاندھی کی نظریاتی لائن بالکل صاف ہے اور اس بات کا مظاہر ہ وہ بار بار اپنے بیانات کے ذریعہ کرتے رہتے ہیں۔ ندیم جاوید نے کہا کہ راہل گاندھی نظریاتی طور پر اس بات کو سمجھ رہے ہیں کہ آر ایس ایس اور بی جے پی کی سیاست ملک کو تباہ کرنے والی ہے اور اسی لئے وہ مسلسل بے خوف ہوکر اس پر حملہ کرتے ہیں۔انہوں  نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں راہل گاندھی نے آر ایس ایس کےخلاف سخت ترین جملے استعمال کئے ۔ ایک مرتبہ راہل گاندھی اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ مہاتما گاندھی کا قتل آر ایس ایس نے کرایا ہے چنانچہ پورے ملک میں راہل گاندھی کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی گئی ، آر ایس ایس نے کہا کہ راہل گاندھی معافی مانگ لیں لیکن انہوں  نے صاف انکار کر دیا کہ وہ اپنے بیان کے لیے معافی نہیں مانگیں گے کیونکہ یہی سچائی ہے۔ انہوںنے کہا کہ راہل گاندھی  وہ شخص ہیں  جو اس سیاسی لڑائی کو بھی نظریاتی لڑائی تصور کر رہے ہیں اور یہ آج کی سیاست کی بہت بڑی سچائی ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK